خبریں

سونیا گاندھی کی طرح مجرموں کو معاف کر دیں نربھیا کی ماں:  اندرا جئے سنگھ

سپریم کورٹ کی سینئر وکیل اندرا جئے سنگھ کی اس اپیل پر نربھیا کی ماں آشا دیوی نے کہا کہ پورا ملک چاہتا ہے کہ مجرموں کو پھانسی ہو۔ ایسے لوگوں کی وجہ سے ریپ متاثرہ  کو انصاف نہیں ملتا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:  سپریم کورٹ کی سینئر وکیل اندرا جئے سنگھ نے دہلی گینگ ریپ متاثرہ  نربھیا کی ماں سے اپیل کی ہے کہ وہ 2012 میں نربھیا سے گینگ ریپ اورقتل  کے مجرموں کو معاف کر دیں اور ان کے لیے موت کی سزا نہ مانگیں۔اندرا جئے سنگھ نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘میں آشا دیوی کا درد پوری طرح سے سمجھ سکتی ہوں۔ مگر میں ان سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ سونیا گاندھی کی پیروی  کریں، جنہوں نے نلنی(سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل   کی مجرم)کو معاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کے لیے موت کی سزا نہیں چاہتی۔ ہم سبھی آپ کے ساتھ ہیں، لیکن موت کی سزا کے خلاف ہیں۔’

نلنی1991 میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی بم دھماکے میں ہوئی موت کی سازش میں شامل ہونے کی مجرم ہے۔ انہیں موت کی سزا دی گئی تھی، جس کو بعد میں سونیا گاندھی نے معاف کر دیا تھا۔انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق، نربھیا کی ماں نے اندرا جئے سنگھ کے بیان پرسخت ردعمل دیا اور کہا کہ برا کام کرنے والوں کی  حمایت کی وجہ سے ہی ریپ  کے معاملے بند نہیں ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ‘اس طرح کا مشورہ دینے والی اندرا جئے سنگھ کون ہے؟ پورا ملک چاہتا ہے کہ مجرموں کو پھانسی ہو۔ اس طرح کے لوگوں کی وجہ سے ریپ متاثرہ کو انصاف نہیں ملتا۔یقین  نہیں ہوتا کہ انہوں نے اس طرح کامشورہ  دیا۔ میں سپریم کورٹ میں ان سے کئی سالوں تک ملی۔ انہوں نے ایک بار بھی میرے بارے میں نہیں سوچا اور آج وہ مجرموں کے لیے بول رہی ہیں۔ ایسے لوگ مجرموں کی حمایت کرکے زندگی  چلاتے ہیں، اس لئے ریپ کے واقعات  بند نہیں ہو رہے۔’

اس سے پہلے جمعہ کو آشا دیوی نے دہلی کورٹ کے ذریعےنربھیا کے مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ کی تاریخ آگے بڑھائے جانے کے معاملے میں ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ 2012 میں وومین سیفٹی  کے نعرے لگاکر ریلیاں کر رہے تھے، وہی لوگ آج سیاسی  فائدے کے لیے مجرموں کو سزا دلوانے کے معاملے میں دیری کر رہے ہیں۔

بتا دیں کہ دہلی کی ایک عدالت نے نربھیا گینگ ریپ اورقتل معاملےکے چاروں مجرموں کے لیے جمعہ کو نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کیا۔ اب چاروں مجرموں کو ایک فروری کو صبح چھ بجے پھانسی دی جائےگی۔سال 2012 میں 16 دسمبر کی رات راجدھانی دہلی میں23 سالہ  پیرامیڈیکل اسٹوڈنٹ  سے ایک چلتی بس میں چھ لوگوں نے گینگ ریپ  کرنے کے ساتھ اس کو بے رحمی سے زدوکوب  کیا تھا۔ 29 دسمبر 2012 کو سنگاپور کے ایک ہاسپٹل میں علاج کے دوران متاثرہ  کی موت ہو گئی تھی۔