خبریں

یوپی میں مظاہرین پر ’ظلم وزیادتی‘ کے خلاف کانگریس کا ہیومن رائٹس کمیشن سے جانچ کا مطالبہ

کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے ہیومن رائٹس کمیشن کو اتر پردیش میں شہریت ترمیم قانون کےخلاف کی گئی بربریت کے بارے  میں31 صفحات کی ایک رپورٹ سونپی اور ثبوت کے طور پر کچھ ویڈیو سونپے۔

 پرینکا گاندھی، راہل گاندھی اور ابھشیک منو سنگھوی(فوٹو : ٹوئٹر)

پرینکا گاندھی، راہل گاندھی اور ابھشیک منو سنگھوی(فوٹو : ٹوئٹر)

نئی دہلی: کانگریس کےسابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش میں شہریت قانون (سی اے اے)کے خلاف ہوئے مظاہرہ کے دوران مظاہرین پر ریاستی حکومت کے ذریعے کئے گئے مبینہ’استحصال’کے خلاف ہیومن رائٹس کمیشن (این ایچ آر سی)کا رخ کیا اور فیصلہ کن کارروائی کی مانگ کی۔راہل اور پرینکا کی قیادت میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے کمیشن کے سامنے 31 صفحات کی ایک رپورٹ سونپی اور ثبوت کے طور پر کچھ ویڈیو سونپے۔

 اجلاس کے بعد راہل نےٹوئٹ کر کے کہا، کانگریس رہنماؤں کے ایک وفد نے اتر پردیش کے شہریوں کے خلاف ریاستی حکومت کی بربریت کے ثبوت ہیومن رائٹس کمیشن کو سونپا۔ ریاستی حکومت نےاپنے ہی لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے۔ اب کمیشن کو آئیڈیا آف انڈیا اورشہریوں کے آئینی حقوق کی حفاظت کے لئے فیصلہ کن طریقے سے کارروائی کرنی چاہیے۔

 کمیشن کے سینئر حکام کے ساتھ کانگریس کے وفد کی ملاقات کے بعد پارٹی کے ترجمان ابھشیک منو سنگھوی نےنامہ نگاروں سے کہا کہ کمیشن نے شواہد پر غور کرنے اور آگے قدم اٹھانے کی یقین دہانی کرائی  ہے۔ کانگریس کی طرف سےکمیشن کو جو رپورٹ سونپی گئی ہے اس  میں اس نے الزام لگایا ہے کہ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت اپنے ہی شہریوں کے ساتھ مجرموں کی طرح سلوک کرتی ہے۔

انڈین ایکسپریس کےمطابق، میمورنڈم میں پارٹی نے کہا، عوامی عدم اطمینان کی آزادی کے اظہار پر ظلم کرنے کے لئے جن ریاستوں میں جابرانہ طاقت کا استعمال بےرحمی سے کیا گیا ہے ان میں زیادہ تر بی جے پی کی حکومت ہے۔ اصل میں، اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے اپنے ہی لوگوں کے خلاف جابرانہ طاقت کا استعمال کرنے کے معاملے میں دیگر سبھی کو پیچھے چھوڑ دیاہے۔

انہوں نے این ایچ آرسی سے کہا کہ وہ ریاست میں نظم و نسق کی خلاف ورزی  کا نوٹس لے اور متعلقہ افسروں کے خلاف مناسب کارروائی شروع کرے بھلےہی وہ کتنے بھی بڑے افسر ہوں۔این ایچ آر سی کے صدرریٹائرڈ جسٹس ایچ ایل دتو کے ساتھ میٹنگ کے دوران پرینکا نے مارے گئے لوگوں کی فیملی کے ممبروں کے ساتھ اپنی ملاقات کی تفصیل سنائی۔ انہوں نے کہا، جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہندوستان اور ملک کے آئین کے خلاف ہے۔

راہل اور پرینکا کےساتھ پارٹی کے سینئر رہنما ابھشیک منو سنگھوی، محسنہ قدوائی، سلمان خورشید، جیتین پرساد، راجیو شکلا اور اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجئے کمار للو بھی موجودتھے۔

(خبررساں ایجنسی  بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)