خبریں

آئینی عہدوں  پر بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں: ممتابنرجی

ممتا بنرجی نے کہا کہ بھگوا پارٹی جامعہ نگر، شاہین باغ  اور دہلی کے دوسرے حصوں میں سی اےاےمخالف مظاہروں  سے ڈری ہوئی ہے۔

ممتا بنرجی، فوٹو: پی ٹی آئی

ممتا بنرجی، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی :مغربی  بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ‘گولی بنام بولی’والے حالیہ تبصرے پرکہا کہ ہندوستان ایک ‘خطرناک صورتحال’ کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ آئینی عہدوں  پر بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں۔ممتا نے دعویٰ کیا کہ جب کبھی انتخاب  نزدیک آتے ہیں تو بی جے پی فرقہ پرستی کی سیاست کرنے میں لگ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘وہ(بی جے پی)نہ کبھی کسانوں کی بات کرتےہیں ، نہ ہی طلبا کی، ان کاصرف ایک مقصد ملک کو بانٹنا ہے۔’

انہوں نے کہا، ‘وہ (یوگی آدتیہ ناتھ)یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ‘بولی سے نہیں مانےگا تو گولی چلا دو’؟ میں نے پہلے ایسا کوئی تبصرہ کبھی نہیں سنا۔ ایک مرکزی وزیر(انوراگ ٹھاکر)نے بھی کچھ ایسا ہی کہا۔ وہ  بس نفرت کی سیاست میں لگے ہوئے ہیں۔’وزیر اعلیٰ نے صحافیو ں سے کہا، ‘ملک  خطرناک صورت حال سے گزر رہا ہے۔’

قابل ذکر ہے کہ یوگی نے دہلی میں ایک ریلی کے دوران یہ کہہ کر تنازعہ پیداکردیا کہ جو لوگ کانوریوں پر حملہ کریں گے، انہیں پولیس کی گولیوں کا سامنا کرنا پڑےگا۔ دہلی میں آٹھ فروری کواسمبلی انتخاب  ہیں۔ممتا نے کہا کہ بھگوا پارٹی جامعہ نگر، شاہین باغ  اور دہلی کے دوسرے حصوں میں سی اےاےمخالف مظاہروں  سے ڈری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ایک کہاوت ہے، جو ڈرتے ہیں وہ مرتے ہیں اور جو لڑتے ہیں وہ جیتتے ہیں۔’ انہوں نے بی جے پی کو ‘موقع پرستوں  کی پارٹی’ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ توڑ پھوڑ، غنڈہ گردی اور شرپسندی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ‘جس طریقے سے ملک  میں حکومت چل رہی ہے، اس کو لےکر میں شرمندہ ہوں۔ کیوں کہ مادروطن اچانک ہی قتل  کے میدان  میں تبدیل ہو گیا؟ریاست  میں حکمراں  ترنمول کانگریس سپریمو نے یہ بھی کہا کہ انہیں شہریت قانون (سی اےاے)اور مجوزہ این آر سی  کے خلاف چل رہے مظاہرے  کی قیادت کرنے کے لیے نوجوان نسل  پر بھروسہ ہے۔

ترنمول کانگریس کی طلبا تنظیم شہر میں واقع رانی رشمونی ایونیو پر سی اے اےکے خلاف  مظاہرہ  کر رہی ہے۔انہوں نے کہا، ‘مجھے فخر ہے کہ میں نے اسٹوڈنٹ  کے طورپرسیاست شروع کی۔ میں رہنماؤں کی ایک نئی نسل کو ابھرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں…نئی نسل ہی سی اے اےاور این آرسی کے خلاف ہو رہے مظاہرے کی قیادت کرےگی۔ نوجوان ملک کو بچانے کے لیے ملک  کو بانٹنے والی طاقتوں سے لڑیں گے۔ مجھے آپ سب پر پورا بھروسہ ہے۔’

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)