خبریں

پونے: رائٹ ونگ تنظیموں کی مخالفت کے بعد کالج میں تشار گاندھی کا لیکچر رد

پونے کے مارڈن کالج آف آرٹس اینڈ کامرس کے ایک پروگرام  میں مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی کا لیکچر ہونا تھا۔ کالج کا کہنا ہے کہ اس بارے میں کئی رائٹ ونگ تنظیموں  سے احتجاج اور مظاہرے کی وارننگ  ملنے کے بعد انہوں نے اس کو رد کر دیا۔

تشار گاندھی، فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر/@TusharG

تشار گاندھی، فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر/@TusharG

نئی دہلی : رائٹ ونگ تنظیموں  کے دباؤ کی وجہ سے پونے کے مارڈن کالج آف آرٹس اینڈ کامرس نے ایک قومی  سیمینار کے لیے مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی کے لیکچر کو رد کر دیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، تشار گاندھی گاندھی کے نظریات کو لے کر جمعہ  کو ایک قومی سمینار کو خطاب کرنے والے تھے۔

تشار گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘باپو کی 150ویں سالگرہ  منانے کے لیے کل ہونے والے ایک پروگرام  کو پونے کے مارڈن کالج کو رد کرنے کے لیے مجبور کیا گیا کیونکہ اس میں مجھےمدعو کیا گیا تھا۔ پتت پاون سنستھا نے دھمکی دی ہے کہ اگر میں پروگرام  میں موجود رہتا ہوں تو اس پروگرام میں رکاوٹ ڈالی جائے گی ۔ گولی مارو گینگ ایکشن میں ہے۔’

اس بیچ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں کئی تنظیموں  سےخط ملے ہیں لیکن ان  میں انہیں پرامن مظاہرے کی وارننگ  دی گئی۔ حالانکہ، کالج میں چل رہے امتحانات کی وجہ سے کیمپس میں 1000 سے بھی زیادہ اسٹوڈنٹ ہیں جنہیں کسی بھی طرح کے تشدد ہونے پر کیمپس سے باہر نکالنا ایک بڑا چیلنج ہوگا اس لیے ہم نے لیکچر کو رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مارڈن کالج کو چلانے والی پروگریسو ایجو کیشن سوسائٹی کے چیئرمین گجانن ایکبوٹے کا کہنا ہے، ‘منگل دوپہر کچھ اسٹوڈنٹ پرنسپل سنجے کھرات کے پاس آئے اور انہیں تشار گاندھی کی کچھ ویڈیو کلپ دکھائی۔ طلبا کا کہنا تھا کہ ان کے (تشار)بیانات سیاست سے ترغیب شدہ ہیں اور اس سے شہریت  قانون اور این آرسی کے موجودہ صورت حال  کو لے کر جذبات  بھڑک سکتے ہیں۔ اس سیمینار کاانعقاد ایس پی پی یو نے کیا تھا اور اس کے لیے فنڈ کیوآئی پی نے دیا تھا۔طلبا کا احتجاج ہے کہ یونیورسٹی کے فنڈ کا استعمال سیاست سے متاثر کاموں  میں نہیں ہونا چاہیے۔’

ایکبوٹے کا کہنا ہے کہ انہوں نے تشار گاندھی سے بات کی اور انہیں مطمئن  کیا کہ کالج شیواجی نگر میں اپنے آڈیٹوریم میں ایک ہفتے کے اندر اسی طرح کے لیکچر کا انعقاد کرےگا۔ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی کے کوالٹی امپروومینٹ پروگرام (کیوآئی پی)کے تحت سات اور آٹھ فروری کو شیواجی نگر کے مارڈن کالج آف آرٹس سائنس اینڈ کامرس ‘ری وزٹنگ گاندھی’ کے نام سے ایک قومی سیمینار کا انعقادکیا تھا۔

اس دوران تشار گاندھی کو مہمان  کے طور پرمدعوکیا گیا تھا، جہاں انہیں لیکچر دینا تھا۔اس بیچ چھ فروری کی دیر شام کو تشار گاندھی کے لیکچرکو رد کر دیا گیا۔رائٹ ونگ تنظیم  اور اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) سمیت طلبا تنظیموں  کی مخالفت کی وجہ سے اسے رد کرنے کا حوالہ دیا گیا۔

کیوآئی پی کے تحت سیمینار کے لیے کالج کو 2.5 لاکھ روپے کا مالی تعاون  ملا تھا۔وہیں، کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے میں وائس چانسلر سے صلاح لی تھی لیکن وائس چانسلر نے ان دعووں سے انکار کرتے ہوئے کہا، ‘ میں جمعرات  کو ممبئی یونیورسٹی میں تھا اور مجھ سے کسی بھی طلبہ تنظیم  نے ملاقات نہیں کی۔ کیوآئی پی فنڈ سبھی چنندہ کالجوں کو دیا جاتا ہے اور یہ انہیں پر منحصر کرتا ہے کہ سیمینار کا موضوع کیا ہو اور مقررکون کون ہو۔’