خبریں

شہریت قانون: دہلی کے موج پور میٹرو کے پا س پتھربازی، میٹرو اسٹیشن کے گیٹ بند کیے گئے

بتایا جا رہا ہے کہ سی اے اے کے کچھ حمایتی  کے وہاں پہنچنے کے بعد تنازعہ  شروع ہوا تھا۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی رہنما کپل مشرا اپنے حمایتیوں  کے ساتھ وہاں پہنچے تھے جس کے بعد یہ ہنگامہ ہوا۔

علامتی تصویر، فوٹو: اے این آئی

علامتی تصویر، فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: شہریت قانون(سی اے اے )کے خلاف دہلی میں ہو رہے مظاہروں کے بیچ موج پور میٹرو اسٹیشن کے پاس ایک بار پھر سے پتھربازی شروع ہونے کی خبر ہے۔ جانکاری کے مطابق، کل کی طرح  آج بھی پتھربازی کی گئی۔ سی اےاے کےحمایتی اورمخالفین دونوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔ یہ معاملہ موج پور میٹرو اسٹیشن کے نزدیک کبیر نگر علاقے کا ہے۔

اس بیچ، دہلی میٹرو ریل کارپوریشن(ڈی ایم آر سی)نے سوموار صبح کوٹوئٹ کر کے بتایا کہ جعفرآباد اور موج پور-بابرپور میٹرو اسٹیشن کے اگزٹ  اور انٹری گیٹ کو بند کر دیا گیا۔ ان اسٹیشنوں پر میٹرو نہیں رکے گی۔ ڈی ایم آرسی نے گیٹ کھولے جانے کی اب تک کوئی جانکاری نہیں دی۔

اس سے پہلے، اتوار کو بھی جعفرآباد علاقے میں پتھراؤ ہوا تھا۔ یہاں شہریت قانون کے خلاف  مظاہرہ چل رہا ہے۔ موج پور ریڈ لائٹ کے پاس یہ پتھراؤ کا معاملہ ہوا ہے۔ معاملہ میٹرو اسٹیشن کے ٹھیک نیچے کا بتایا جا رہا تھا۔

خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق،شرپسندوں  پر پولیس نے آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے۔جعفرآباد سے قریب موج پور میں دو گروپوں  نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا، جس کے بعد پولیس نے آنسو گیس چھوڑا۔جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے نزدیک  سینکڑوں سی اےاےمخالف مظاہرین نے سیلم پور، موج پور اور یمنا وہار کو جوڑ نے والی سڑک کو بند کر دیا تھا، جس کے بعد سے علاقے میں کشیدگی  ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سی اے اے کے کچھ حمایتی  کے وہاں پہنچنے کے بعد تنازعہ  شروع ہوا تھا۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی رہنما کپل مشرا اپنے حمایتیوں  کے ساتھ وہاں پہنچے تھے جس کے بعد یہ ہنگامہ ہوا۔