خبریں

دہلی: راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر بھگوا پہنے ایک گروپ نے لگایا ’دیش کے غداروں کو گولی مارو…‘ کا نعرہ

بھگوا رنگ کی ٹی شرٹ اور کرتے پہنے پانچ سے چھ لوگوں نے اس وقت  نعرے لگانے شروع کر دیے، جب ٹرین راجیو چوک اسٹیشن پر رکنے ہی والی تھی۔ ٹرین سے اترنے کے بعد بھی ان لوگوں نے سی اے اے کی حمایت میں اور ’دیش کے غداروں کو، گولی مارو…‘جیسے نعرے لگائے۔ سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے ان  کو روک کر انہیں دہلی پولیس کے حوالے کر دیا۔

فوٹو: اسکرین گریب

فوٹو: اسکرین گریب

نئی دہلی: دہلی کے سب سے زیادہ مصروف ترین میٹرو اسٹیشن میں سے ایک راجیو چوک پر سنیچر کو کچھ لوگوں نے ‘دیش کے غداروں کو گولی مارو سالوں کو …’ کے نعرے لگائے۔ اس واقعہ  کا ویڈیو کافی شیئر کیا جا رہا ہے۔

بھگوا رنگ کی ٹی شرٹ اور کرتے پہنے پانچ سے چھ لوگوں نے اس وقت  نعرے لگانے شروع کر دیے، جب ٹرین راجیو چوک اسٹیشن پر رکنے ہی والی تھی۔ ٹرین سے اترنے کے بعد بھی ان لوگوں نے سی اے اے کی حمایت میں اور ’دیش کے غداروں کو، گولی مارو…‘جیسے نعرے لگائے۔ سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے ان  کو روک کر انہیں دہلی پولیس کے حوالے کر دیا۔

اس ویڈیوکلپ کوویبھو سکسینہ نامی ایک شخص نے شوٹ کیا ،انہوں نے دی وائر کو بتایا کہ ،میں نے دیکھا کہ بھگوا لباس پہنے 12-10 لوگوں کا ایک گروپ اسٹیشن کے اندر نعرہ لگارہاتھا۔دوسرے مسافر وں کو اس سے  شدید جھٹکا لگا ، اور وہ ڈر گئے لیکن  بعد میں ان کے لئے جگہ بنادی ۔ کچھ دیر بعد ، سکیورٹی والے آئے اور انہیں وہاں سےلے گئے۔

ویڈیو میں بھگوا رنگ کی ٹی شرٹ پہنے کچھ لوگ ‘دیش کے غداروں کو، گولی مارو سالوں کو’ کا نعرہ لگاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس معاملے میں چھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دہلی میٹرو کے افسروں  نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً  10 بج کر 52 منٹ پر ہوا۔ اسٹیشن پر تعینات میٹرو اسٹاف اور سکیورٹی اہلکاروں  نے انہیں دہلی میٹرو ریل پولیس کو سونپ دیا ہے۔

دہلی میٹرو کارپوریشن لمیٹڈ (DMRC) نے نعرے لگانے والوں کو ‘مسافر’بتاتے ہوئے کہا کہ اسٹیشن پر تعینات میٹرو اسٹاف اور سکیورٹی اہلکاروں  نے انہیں ‘آگے کی ضروری  کارروائی کے لیے دہلی میٹرو ریل پولیس کو سونپ دیا ہے۔’ دہلی میٹرو کے افسروں نے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ صبح 10 بج کر 52 منٹ پر ہوئی۔ دہلی میٹرو کیمپس میں کسی بھی طرح کے  مظاہرے پر پابندی  ہے۔

خبر رساں ایجنسی  پی ٹی آئی کے مطابق، چھ لوگوں نے اس وقت  نعرے لگانے شروع کر دیے، جب ٹرین اسٹیشن پر رکنے ہی والی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر شہریت ترمیم  قانون (سی اے اے) کی حمایت میں نعرےبازی کی۔ سی اے اے کی حمایت میں نعرےبازی کر رہے نوجوانوں  کو دیکھ کر کچھ مسافر نعرے لگانے لگے جبکہ دیگر لوگ کیمرے سے ویڈیو بنانے لگے۔

سی آئی ایس ایف نے ٹوئٹ میں کہا،’ 29 فروری کو چھ نوجوانوں کو دہلی کے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر نعرےبازی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سی آئی ایس ایف جوانوں نے فوراً انہیں پکڑ لیا اور پھر آگے کی کارروائی کے لیے دہلی میٹرو ریل پولیس افسروں  کے حوالے کر دیا ہے۔ میٹرو کی آمد و رفت جاری رہی۔’سی آئی ایس ایف کے ایک سینئر افسر  نے بتایا کہ نوجوان سی اے اے  کی حمایت  میں نعرے لگا رہے تھے۔پولیس ڈپٹی کمشنر (میٹرو) وکرم پوروال نے کہا، ‘ہم نے چھ لوگوں  کو حراست میں لیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔’نعرےبازی کے اس واقعہ  کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

ڈی ایم آر سی کے کارپوریٹ کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ  کے اگزیکٹیو ڈائریکٹر انج دیال نے کہا، ‘سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر کچھ مسافر نعرے لگاتے دکھ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے بارے میں یہ جانکاری دی جاتی ہے کہ واقعہ  آج صبح میٹرو اسٹیشن پر ہوا اور ڈی ایم آر سی اور سی آئی ایس ایف اہلکاروں  نے آگے کی کارروائی کے لیے نعرے لگانے والوں کو فوراً دہلی میٹرو ریل پولیس کو سونپ دیا۔’

دہلی میٹروایکٹ  2002 کے تحت دہلی میٹرو کیمپس  کے اندر کسی بھی طرح کا مظاہرہ  یا شور شرابہ کر نے پر پابندی ہے۔قانون کے مطابق، اس طرح  کی سرگرمی  میں ملوث  کسی بھی شخص  کو میٹرو کیمپس سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)