خبریں

اترپردیش: بی جے پی رہنما نے کی غازی پور کا نام بدلنے کی مانگ

اتر پردیش بی جے پی کے ترجمان نوین شریواستو نے بتایا کہ انہوں نے غازی پور کا قدیم مرتبہ لوٹانے کے لیے اس کا نام بدل کر گادھی پوری کرنے کی مانگ کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ  کیشو پرساد موریہ کو خط بھیجا ہے۔

فوٹو: بہ شکریہ indiarailinfo.com

فوٹو: بہ شکریہ indiarailinfo.com

نئی دہلی: اتر پردیش بی جے پی کے ترجمان نوین شریواستو نے بتایا کہ انہوں نے غازی پور کا قدیم مرتبہ لوٹانے کے لیے اس کا نام بدل کر گادھی پوری کرنے کی مانگ کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ  کیشو پرساد موریہ کو خط بھیجا ہے۔شریواستو نے بتایا کہ قدیم زمانے میں مہرشی وشوامتر کے والد راجا گادھی کی راجدھانی گادھی پوری تھا جس  کااپنا شاندار ماضی  رہا ہے۔ بعد میں مسلم حملہ آور محمد بن تغلق کے سپہ سالار گاجی کے نام پر اس نگری کا نام غازی  پور کر دیا گیا تھا۔

بی جے پی رہنما  نے بتایا کہ غازی پور کو اس کا قدیم مرتبہ  لوٹانے کے لیے وہ کافی وقت سے کوشش کر رہے ہیں اور اسی حوالے سے انہوں نے موریہ سے مل کر انہیں غازی  پور کی عوام کے جذبات   کو بتاتے ہوئے یہ خط سونپا ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

بی جے پی اہلکار کے ضلعے کا نام بدلنے کی اس تجویز  پر کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ  کے کنوینرللن کمار نے کہا، ‘یوگی آدتیہ ناتھ  حکومت اس مہینے کے آخر میں اپنی مدت کار  کے تین سال پورے کرنے جا رہی ہے ۔ حکومت  نے جگہوں کے نام بدلنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں  کیا ہے۔’

انہوں نے آگے کہا کہ نوجوانوں ، طلبا اور کسانوں کے مسائل کی پوری طرح سے ان دیکھی کی جا رہی ہے ۔ریاست کی عوام حکومت کی اس ناکامیابی کو بہت دھیان سے دیکھ رہی ہے اور 2022 کے الیکشن  میں اس کا معقول جواب دے گی۔معلوم ہو کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت اپنی مدت کار میں مغل سرائے اسٹیشن کا نام بدل کر دین دیال اپادھیائے ، فیض آباد  ضلع کا ایودھیا اور الہ آباد ضلعے کا نام پریاگ راج کر چکی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ بستی ضلع کا نام بدل کر وششٹھ نگر کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ اب تک اس بارے میں حکومت کی طرف  سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)