خبریں

یس بینک پر آر بی آئی کی پابندی سے پہلے گجرات کی کمپنی نے نکال لیے 265 کروڑ روپے

وڈودرا میونسپل کارپوریشن  کے ڈپٹی کمشنرسدھیر پٹیل نے کہا کہ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ملے گرانٹ کے حصہ کے طور پر  یہ رقم مرکزی حکومت  سے ملی تھی۔ یس بینک جس طرح کی پریشانیوں کا سامنا کر رہا تھااس  کو دیکھتے ہوئے اسے دو دن پہلے نکال لیا گیا اور بینک آف بڑودہ کے ایک نئے کھاتے میں ٹرانسفر  کر دیا گیا۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی:  ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ذریعے یس بینک پر جمعرات  کو فی اکاؤنٹ ہولڈر 50 ہزار روپے تک کی رقم  نکالنے پر لگائی گئی پابندی سے ایک دن پہلے ہی وڈودرا میونسپل کارپوریشن سے جڑی ایک خاص  کمپنی وڈودراا سمارٹ سٹی ڈیولپمنٹ کمپنی نے یس بینک سے 265 کروڑ روپے نکال لیے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، ایک افسر نے جمعہ کو اس کی جانکاری دی۔وڈودرااسمارٹ سٹی ڈیولپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسراور وڈودرا میونسپل کارپوریشن  کے ڈپٹی کمشنر سدھیر پٹیل نے کہا کہ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ملے گرانٹ کے حصہ کی صورت میں یہ رقم مرکزی حکومت سے ملی تھی اور یس بینک کی ایک مستقل برانچ  میں جمع کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ یس بینک کے ذریعے سامنا کی جا رہی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے اسے دو دن پہلے نکال لیا گیا اور بینک آف بڑودہ کے ایک نئے کھاتے میں ٹرانسفر کر دیا گیا۔

بتا دیں کہ،  ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے نقدی بحران  سے جوجھ رہے یس بینک سے نکاسی کی حد طے کر دی ہے۔آر بی آئی کے اس حکم کے بعد اب گراہک ایک مہینے میں 50 ہزار روپے سے زیادہ نہیں نکال سکیں گے۔آر بی آئی کے مطابق، فی الحال یہ روک پانچ مارچ سے تین اپریل تک لگی رہے گی۔

ریزرو بینک آف انڈیا نے یس بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس  کو بھی تحلیل کرتے ہوئے اس پر ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کر دی ہے۔آر بی آئی نے دیر شام جاری بیان میں کہا کہ یس بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس  کو فوری اثر سے تحلیل کر دیا گیا ہے اور ایس بی آئی کے سی ایف اوپرشانت کمار کو یس بینک کاایڈمنسٹریٹرمقرر کیا گیا ہے۔آر بی آئی نے یس بینک کے کچھ گراہگوں  کو 50 ہزار کی نکاسی کی حدود سے کچھ چھوٹ بھی دی ہے۔

آر بی آئی نے بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس  پر نکاسی کی حد طے کرنے سمیت اس بینک کے کاروبار پر کئی طرح کی پابندیاں  بھی لگا دی ہیں۔