خبریں

کورونا وائرس: دہلی میں اسکول، کالج، سنیما گھر 31 مارچ تک بند

وزارت صحت نے بتایا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثر ین کی تعداد بڑھ‌کر 73 ہوئی۔ راشٹرپتی بھون جمعہ سے عوام کے لئے بند۔ خطرے کی وجہ سےامریکی وزیر دفاع کا ہندوستانی  دورہ رد۔

کورونا وائرس کے خطرے کے مدنظر نئی دہلی کے سنیما گھروں کو 31 مارچ تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

کورونا وائرس کے خطرے کے مدنظر نئی دہلی کے سنیما گھروں کو 31 مارچ تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: دہلی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے مدنظر قومی راجدھانی میں اسکولوں، کالجوں اور سنیما گھروں کو احتیاط کے طورپر 31 مارچ تک بندرکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صرف وہ اسکول اور کالج کھلے رہیں‌گے جہاں ابھی امتحان جاری ہیں۔حکومت نے سرکاری، نجی دفتروں، شاپنگ مال سمیت تمام پبلک پیلس  کوانفیکشن سے آزاد بنانا لازمی کر دیا گیا ہے۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، ایل جی انل بیجل اوراعلیٰ سرکاری افسروں کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے کہا کہ دہلی اربن شیلٹر امپروو بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) کے فلیٹوں اور زیرتعمیر ہسپتالوں میں دہلی حکومت علیحدہ رکھے جانے کی سہولیات کا انتظام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا ‘تمام سنیما گھر 31 مارچ تک بند رہیں‌گے۔ جہاںامتحان جاری ہے ان کے علاوہ تمام اسکول اور کالج بھی کورونا وائرس کے مدنظر 31مارچ تک بند رہیں‌گے۔’

انہوں نے ضرورت پڑنے پر کورونا وائرس کے مریضوں کو بھرتی کرنے کےلئے ہسپتالوں میں 500 سے زیادہ بستروں کی سہولت ہونے کی جانکاری دیتے ہوئے حکومت کے کووڈ-19 (کورونا وائرس) سے نپٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہونے کی بات کہی۔کیجریوال نے بتایا کہ اجلاس میں کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے ابھی تک اٹھائے اقدامات کا تجزیہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا، ‘ ہم ہر قدم کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے اٹھا رہےہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ اس سے ہمیں مدد ملے‌گی۔ دنیا بھر میں تیزی سے کوروناوائرس کے معاملے بڑھ رہے ہیں جبکہ ہندوستان میں ہم ابھی تک اس کو کنٹرول  کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اگر ہم محتاط رہیں تو ہم کورونا وائرس سے اپنے ملک کو بچا سکتےہیں۔ایل جی انل بیجل نے اجلاس کے بعد ٹوئٹ کیا،’دہلی میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، وزیر صحت ستیندر جین، سی ایس، دہلی اور دیگرافسروں کے ساتھ کووڈ-19 کو منضبط کرنے کی تیاریوں کا تجزیہ کیا۔ اس کے پھیلنے کےخدشات کو کم کرنے کے لئے تمام اسکولوں، کالجوں، سنیما گھروں کو بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

دہلی میں کورونا وائرس کا چھٹا معاملہ سامنے آیا

دہلی میں کورونا وائرس سے متاثر 46 سالہ ایک شخص کی ماں کے بھی اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ قومی راجدھانی میں اس وائرس سے انفیکشن کایہ چھٹا معاملہ ہے۔افسروں نے بتایا کہ 69 سالہ خاتون آر ایم ایل ہسپتال میں بھرتی ہیں۔ ان کا بیٹا جاپان، جنیوا اور اٹلی کے سفر پر گیا تھا۔ وہ مغربی دہلی کےجنک پوری کے رہنے والے ہیں۔

فیملی کے دیگر آٹھ ممبروں میں وائرس کی کوئی علامت نہیں دکھی ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین  کی تعداد بڑھ‌کر 73 ہوئی: وزارت صحت

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 13 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ‌کر 73 ہو گئی ہے۔وزارت صحت نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ 13 نئے معاملوں میں سے نومعاملے مہاراشٹر سے جبکہ ایک ایک معاملہ دہلی، لداخ اور اتر پردیش سے سامنے آیاہے۔ وہیں ایک غیر ملکی شہری بھی اس سے متاثر پایا گیا ہے۔وزارت نے صوبہ وار اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ دہلی میں جمعرات تک کورونا وائرس کے چھے معاملے سامنے آ چکے ہیں، جبکہ اتر پردیش میں 10 لوگ اس سےمتاثر پائے گئے ہیں۔ کرناٹک میں چار، مہاراشٹر میں 11 اور لداخ میں تین معاملےسامنے آ چکے ہیں۔

وزارت نے کہا کہ راجستھان، تلنگانہ، تمل ناڈو، جموں و کشمیر اورپنجاب میں ایک ایک معاملے سامنے آئے ہیں۔ کیرل میں اب تک کورونا وائرس کے 17 معاملےسامنے آ چکے ہیں جن میں وہ تین لوگ بھی شامل ہیں جن کو پچھلے مہینے علاج کے بعدچھٹی دے دی گئی تھی۔وزارت نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر 73 لوگوں میں 17 غیر ملکی شہری ہیں۔ ان میں 16 اطالوی ہیں۔

دہلی واقع لال قلعہ کے پاس ماسک لگائے ایک سیاح۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

دہلی واقع لال قلعہ کے پاس ماسک لگائے ایک سیاح۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

دنیا بھر میں پھیل رہے کورونا وائرس کے مدنظر کابینہ سکریٹری نےکہا ہے کہ تمام ریاستوں اور مرکز حکومتی ریاستوں کو وبا بیماری قانون، 1897 کی دفعہ دو کے اہتمام کو نافذ کرنا چاہیے تاکہ مرکزی وزارت صحت اور ریاستی حکومتوں کےذریعے جاری تمام مشوروں کو نافذ کیا جا سکے۔اس سے پہلے وزارت صحت نے بدھ کو کہا تھا کہ ہندوستانی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جمعرات کو اٹلی کے لئے روانہ ہوگی اور وہاں پھنسے ہندوستانی طالب علموں کےتھوک کے نمونے لےکر آئے‌گی تاکہ ملک واپس لانے سے پہلے ان کی تفتیش کی جا سکے۔

وزارت صحت نے کہا کہ ایران میں کووڈ-19 پھیلنے کی اطلاع ملنے کےبعد حکومت ہند نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے قدم اٹھائے ہیں۔وزارت کے مطابق ایران میں موجود ہندوستانی شہریوں میں زائرین، طالبعلم اور ماہی گیر شامل ہیں۔

کورونا وائرس سے لوگوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں : وزارت صحت

ملک میں کورونا وائرس سے انفیکشن کے بڑھتے معاملے کے مدنظر وزارت صحت نے جمعرات کو لوگوں سے نہیں گھبرانے کی اپیل کی اور کہا کہ اس کا دھیان اس کی روک تھام اور کنٹرول  پر ہے اور ملک بھر میں کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کی تفتیش کی کافی سہولت دستیاب ہے۔ڈبلیو ایچ او کے ذریعے کورونا وائرس کو وبا اعلان کئے جانے کےمدنظر، وزارت نے کہا کہ کورونا وائرس کو الگ کرنا مشکل ہے ؛ ٹیکہ کو تیارکرنے میں کم سے کم ڈیڑھ سے دو سال لگیں‌گے۔

وزارت نے کہا کہ کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے ہندوستان ڈبلیو ایچا وکے ساتھ مل‌کر کوشش کر رہا ہے۔ ہمارا دھیان اس کی روک تھام پر مرکوز ہے۔افسروں نے بتایا کہ ہندوستان میں نامزد 30 ہوائی اڈوں پر اب تک 10.5لاکھ لوگوں کی تفتیش کی جا چکی ہے۔جب ان سے پوچھ گیا کہ کیا زیادہ  درجۂ حرارت سے کورونا وائرس ختم ہوسکتا ہے، تو اس پر افسروں نے کہا کہ اگرچہ فلو گرمیوں میں عام بات نہیں ہے، لیکن اس کو لےکر کوئی مطالعہ یا ثبوت نہیں ہے کہ اس سے  کورونا وائرس کو ختم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی سی ایم آر یہ جانچ کرنے  کے لئے نگرانی کاکام شروع کرے‌گا کہ کیا کوئی متاثرہ  شخص بنا جانچ‌کے تو نہیں رہ گیا ہے۔

راشٹرپتی بھون جمعہ سے عوام کے لئے بند

کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے مدنظر راشٹرپتی بھون کو احتیاط کے  طورپر جمعہ سے عوام کے لئے بند کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ترجمان کی طرف سے جاری بیان کےمطابق راشٹرپتی بھون اگلے حکم تک جمعہ سے عوام کے لئے بند رہے‌گا۔ترجمان نے کہا، ‘ اس کے علاوہ، راشٹرپتی بھون میوزیم (آر بی ایم سی) اور ‘ چینج آف د ی گارڈ سیریمنی ‘ بھی جمعہ سے اگلے حکم تک بند  رہے گی۔

دریں اثنا کورونا وائرس کے مدنظر امریکہ کے وزیر دفاع 15-16 مارچ ہونے والے ہندوستانی دورہ کو رد کردیا ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)