خبریں

دہلی میں آئی پی ایل سمیت تمام کھیلوں کو کیا گیا رد، جے این یو میں کلاسز ملتوی

اس سے پہلے دہلی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے مدنظراسکولوں، کالجوں اور سنیما گھروں کو 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منیش سسودیا (فوٹو: پی ٹی آئی)

منیش سسودیا (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: دہلی حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے قومی راجدھانی میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)کے انعقاد پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کےساتھ ہی کھیل سے متعلق  تمام طرح کی  سرگرمیوں، سیمینار اور کانفرنس کے انعقاد پر بھی روک لگادی گئی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا، ‘ہم نے ان تمام سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں آئی پی ایل کی طرح بڑی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوتی ہے۔ کورونا وائرس کے قہر سے بچنے کے لئے سماجی دوری ضروری ہے۔’

انہوں نے کہا، ‘ دہلی میں آئی پی ایل کا ایک بھی میچ نہیں ہوگا۔اگر اسٹیڈیم میں ایک بھی کورونا وائرس کا متاثر پہنچتا ہے تو اس سے کافی خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے ہم نے دہلی میں آئی پی ایل کے میچ پر بین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سسودیا نے کہا کہ دہلی میں تمام اضلاع کے مجسٹریٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے جڑی تمام ہدایتوں پر عمل کو یقینی بنائیں۔بتا دیں کہ اس سے پہلے دہلی حکومت نے کورونا وائرس کےبڑھتے قہر کے مدنظر قومی راجدھانی میں اسکولوں، کالجوں اور سنیما گھروں کو احتیاط کےطور پر 31 مارچ تک بند کردیا ہے۔ صرف انہی اسکولوں اور کالجوں کوکھولے رکھنے کے حکم دئے گئے تھے، جہاں امتحان جاری ہیں۔

وہیں، کورونا وائرس کے انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے دیکھتے ہوئےجواہرلال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) نے 31 مارچ تک تمام کلاسز ملتوی کر دی ہے۔یونیورسٹی کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام لکچر،کلاس پریزنٹیشن اور امتحانات اس مہینے کے آخر تک ملتوی رہیں گے۔ یونیورسٹی نےہدایت دی ہے کہ کیمپس کے اندر سیمینار، کانفرنس اور ورکشاپ جیسے انعقاد بھی نہیں کئے جائیں۔

اس سے پہلے دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) نے بھی 31 مارچ تک تمام کلاسزملتوی کر دی تھی۔ہندوستان میں ابھی تک کورونا سے 75 لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ وہیں کورونا سے ہندوستان میں پہلی موت کی بھی تصدیق ہوئی۔ کرناٹک میں کلبرگی کے رہنے والے 76 سالہ ایک بزرگ کی موت کورونا وائرس انفیکشن سے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت نے کورونا کی وجہ سے لوگوں کو نہیں ڈرنے کی صلاح دی ہے۔

وزارت نے کہا کہ ہندوستان نے مالدیپ، میانمار، بنگلہ دیش، چین،امریکہ، میڈاگاسکر، سری لنکا، نیپال، جنوبی افریقہ اور پیرو سے 48 غیر ملکی سمیت900 ہندوستانی شہریوں کو صحیح سلامت نکالا ہے۔اس بیچ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین  کی تعداد 130000 پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں انفیکشن سے مرنے والوں کا اعداد و شمار 1016 تک پہنچ گیا ہے۔معلوم ہو کہ 29 مارچ سے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں سیزن شروع ہو رہاہے۔