خبریں

ہندوستان میں بہت خطرناک کارروائی چل رہی ہے، ادارے بہت خطرے میں ہیں: حامد انصاری

سابق راجیہ سبھا ممبر بھال چندر مونگیکر کی کتاب کے رسم اجرا کے موقع پر سابق نائب صدر حامد انصاری نے کہا کہ جن اصولوں پر آئین کی تمہید تیار کی گئی اس کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

حامد انصاری(فوٹو : پی ٹی آئی)

حامد انصاری(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ملک کے سابق نائب صدر حامد انصاری نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ایک بہت خطرناک کارروائی  چل رہی ہے اور ملک کے ادارے بڑے خطرے میں ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن اصولوں پر آئین کی تمہید تیار کی گئی اس کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

گزشتہ  منگل کو انصاری نے کہا کہ لوگ مشکل وقت میں جی رہے ہیں اور ردعمل کا اظہارضروری ہے کیونکہ اگر یہ جاری رہا تو بہت دیر ہو جائے‌گی۔انہوں نے کہا، ہم بہت مشکل وقت میں جی رہے ہیں۔ مجھے اس کی تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن سچائی یہ ہے کہ ہندوستان کی جمہوری ادارے بہت خطرے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن اصولوں پر آئین کی تمہید تیار کی گئی اس کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا، اس  کارروائی میں بے مطلب کی دلیلیں  شامل ہیں اس لئےزیادہ تر شہریوں کا اس کو سمجھ پانا آسان نہیں ہے۔ حالانکہ سچائی یہ ہے کہ بہت خطرناک کارروائی چل رہی ہے۔ یہ ہمارے لئے، ملک کے شہریوں کے لئے خطرناک ہے۔

انہوں نے یہ تبصرہ ماہر تعلیم اور سابق راجیہ سبھا ممبر بھال چندرمونگیکر کی کتاب ‘مائی انکاؤنٹرس ان پارلیامنٹ’ کے رسم اجرا کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر این سی پی کےصدر شرد پوار، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور سی پی آئی(ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری بھی موجود تھے۔

انصاری نے کہا کہ ہندوستان کے دوست ممالک اس صورتحال کو خطرے  کےطور پر دیکھ رہے ہیں جبکہ ملک کے دشمن خوش ہیں۔

انہوں نے کہا، اس لیے کچھ ایسا ہے جس پر غور کیا جانا چاہیے،میں ڈاکٹر مونگیکر کے الفاظ کو بیدار کرنے والا اور یہ یاد دلانے والا مانتا ہوں کہ ہمیں گمراہ کیا جا رہا ہے اور اگر ہم اس کارروائی کو جاری رہنے دیں‌گے تو بیدار ہونے میں بہت دیر ہو جائے‌گی۔