خبریں

عالمی خوشحالی رپورٹ میں نیپال، پاکستان، بنگلہ دیش اورسری لنکا سے کافی پیچھے ہندوستان

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری سال 2020 کے عالمی خوشحالی رپورٹ میں فن لینڈ لگاتار تیسرے سال ٹاپ پر رہا۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: اقوام متحدہ کی جانب سے  جاری سال 2020 کے عالمی خوشحالی رپورٹ میں ہندوستان 144 ویں مقام  پر رہا جو پچھلے سال کے مقابلے چارپائیدان  نیچے ہے۔ فن لینڈ لگاتار تیسرے سال اس معاملے میں ٹاپ پر رہا۔اس معاملے میں ہندوستان  اپنے پڑوسی ممالک نیپال (15)،پاکستان (29)،بنگلہ دیش (107)اورسری لنکا (130) سے بھی پیچھے رہ  گیا ہے۔

اقوام متحدہ  کی سالانہ عالمی خوشحالی رپورٹ دنیا کے 156 ممالک کو اس بنیاد پر رینک کرتی ہے کہ اس کے شہری  خود کو کتنا خوش محسوس کرتے ہیں۔انڈین ایکسپریس کےمطابق ،اقوام متحدہ  نے عالمی خوشحالی کے دن کے موقع پر 20 مارچ کو یہ رپورٹ جاری کی۔ اقوام متحدہ نے 2012 میں 20 مارچ کو عالمی خوشحالی کے دن کااعلان  کیا تھا۔

اقوام متحدہ کی ذریعے خوشی کی  سطح کو 6 عوامل کی بنیاد پر رینک کیا جاتا ہے۔ اس میں فرد کی آمدنی، صحت مندزندگی، سماجی سپورٹ، آزادی، بھروسہ اورفیاضی، اس میں بدعنوانی  کو لےکر عام لوگوں کی سوچ بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ مثبت  اور منفی اثرات اورمتاثر کرنے والے عوامل کا بھی ہر سال کے لحاظ سے مطالعہ  کیا جاتا ہے۔ اس کے مطابق ملکوں  کو نمبردیے جاتے ہیں اور ان کے حساب سے ممالک  کی فہرست بنائی جاتی ہے۔

معلوم ہو کہ سال 2019 کی خوشحالی رپورٹ میں بھی ہندوستان کو پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت اپنےدوسرے پڑوسی ممالک  سے بھی نیچے جگہ  ملی  تھی۔بتا دیں کہ، اس فہرست  میں ہندوستان  کی رینکنگ میں لگاتار گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ 2019 میں ہندوستان  سات پائیدان پھسل کر 140ویں مقام  پر پہنچ گیا تھا۔ اس سے پہلے 2018 میں 133ویں، 2017 میں 122ویں اور 2016 میں 118ویں پائیدان پر تھا۔

فن لینڈ کو لگاتار تیسرے سال  دنیا کا سب سے خوشحال ملک مانا گیا ہے۔ اس کے بعد ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، ناروے، نیدرلینڈ، سویڈن، نیوزی لینڈ اور آسٹریا کامقام  ہے۔ پہلی بار لکجمبرگ نے ٹاپ10 ممالک میں جگہ بنائی ہے اور وہ 10ویں مقام  پر ہے۔ کینیڈا 11ویں، آسٹریلیا 12ویں اور برٹن 13ویں مقام  پر ہے۔ امریکہ 18ویں مقام  پر ہے۔

رپورٹ کے ایک مصنف جان ہیلویل نے ایک بیان میں کہا، ‘سب سے خوشحال ملک وہ ہیں جہاں لوگوں کو اپنے پن کا احساس ہوتا ہے، جہاں وہ ایک دوسرے پر اور اپنے مشترکہ اداروں  پر بھروسہ کرتے ہیں اورلطف حاصل کرتے ہیں۔’فہرست میں سب سے نیچے کے ملک تشدداوربہت زیادہ  غریبی سے متاثر تھے۔ زمباوے، جنوبی سوڈان اور افغانستان سب سے کم خوشحال ممالک کے زمرے میں ہیں ۔

اس سال کی عالمی خوشحالی رپورٹ کے لیے اعداد وشمار 2018 اور 2019 میں جمع  کیا گیا تھا، اس طرح یہ کوروناوائرس (کووڈ 19) کےپھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ممالک کے ذریعے لگائی گئی پابندیوں سے متاثر نہیں ہوا۔حالانکہ، رپورٹ لکھنے والوں  نے پیش گوئی  کی کہ کئی ممالک  میں لاک ڈاؤن سے مستقبل  میں خوشحالی بڑھ سکتی ہے۔