خبریں

ریاستی حکومتیں سختی سے لاک ڈاؤن کو نافذ کریں، خلاف ورزی کر نے والوں پر کارروائی ہو: مرکز

مرکزی کابینہ سکریٹری کی صدارت میں ریاستوں کے چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔

 فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: کو رونا وائرس کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ملک کے 80 سے زیادہ اضلاع میں نافذکئے گئے لاک ڈاؤن کومرکزی حکومت نے سختی سے نافذ کرنے کو کہا ہے۔حکومت ہندنے ریاستوں سے کہا ہے کہ جن اضلاع میں کو رونا کے مریض پائے گئے ہیں وہاں پر لاک ڈاؤن سختی سے کیا جائے۔ اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا جاتا ہے تو اس پر قانونی کارروائی ہو۔

واضح ہو کہ گزشتہ اتوار کومرکزی کابینہ سکریٹری کی صدارت میں ریاستوں کے چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 31 مارچ تک سبھی مسافرٹرینیں اور میٹرو کوبھی بند کر دیا گیا ہے۔ساتھ ہی بین ریاستی آمد ورفت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔اتوار کی  شام کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کرکے آج یعنی سوموار سے لےکر 31 مارچ تک قومی  راجدھانی میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

کو رونا وائرس کے انفیکشن  کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف حلقوں  میں لاک ڈاؤن کئے جا رہے ہیں۔ صرف بےحد ضروری خدمات کےجاری رہنے کی ہی اجازت دی جا رہی ہے۔ لوگوں کے اپنے گھروں سے باہر نکلنے اور کہیں پر بھی بھیڑ بنانے کی مکمل طو ر پر  پابندی  ہے۔

ابھی تک ملک میں کل 415 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے اور کو رونا کی وجہ سے اب تک کل سات لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔