خبریں

جھارکھنڈ نے این آر سی کے خلاف تجویز پاس کی، این پی آر کو 2010 کی طرح نافذ کرنے کی مانگ

اس تجویزکے پاس  ہونے کے بعد ریاست کی اسمبلی کو کو رونا وائرس کے مد نظر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی: کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لیے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے بیچ جھارکھنڈ حکومت نے گزشتہ سوموار کو این آرسی اور این پی آر کے خلاف اسمبلی  میں ایک تجویز پاس  کی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، ریاست کے پارلیامانی امور کے وزیر اور رورل ڈیولپمنٹ منسٹر عالمگیر عالم کے ذریعے پیش کی گئی تجویز میں مرکزی حکومت  سے مانگ کی گئی ہے کہ این پی آر کو سال 2010 کے فارمیٹ میں نافذ کیا جائے۔ اس تجویز کے پاس  ہونے کے بعد ریاست کی اسمبلی کے بجٹ سیشن  کو ملتوی کر دیا گیا۔

انہوں نے اعلان کیا  کہ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے گزارش کی ہے کہ این آرسی کو نافذ نہ کیا جائے اور این پی آر کو سال 2010 کے  فارمیٹ میں نافذ کیا جائے۔ اس اعلان کے فوراً بعد اسپیکر ربندر ناتھ مہتو نے ایوان  کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔حالانکہ اپوزیشن  کے رہنماؤں  نے سوال کیا کہ این آرسی اور این پی آر کے خلاف تجویز پاس  کرنے کو لے کرایوا ن  میں کوئی بحث  نہیں ہوئی۔

غور طلب ہے کہ بی جے پی کو اقتدار  سے باہر کرتے ہوئے جے ایم ایم –کانگریس-آر جے ڈی اتحاد نے پچھلے سال کے آخری مہینوں میں ریاست  میں حکومت  بنائی تھی۔