خبریں

حکومت نے ریاستوں سے کہا: یقینی بنائیں کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا کام کاجاری رہے

تمام ریاستوں اور یونین ٹریٹری کے چیف سکریٹری کو لکھے خط میں وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ ٹی وی چینل اور نیوز ایجنسی مصدقہ اطلاعات پہنچانے کے بےحد ضروری ذرائع ہیں۔ جھوٹی اور فرضی خبروں سے بچنا ہوگا۔

(علامتی تصویر : رائٹرس)

(علامتی تصویر : رائٹرس)

نئی دہلی: وزارت اطلاعات و نشریات نے کورونا وائرس کے خطرے کے مدنظر تمام ریاستوں اور یونین ٹریٹری سے یہ یقینی بنانے کو کہا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا کام جاری رہے۔تمام ریاستوں اور یونین ٹریٹری کے چیف سکریٹری کو 23 مارچ کو لکھے خط میں وزارت نے کہا کہ ٹی وی چینلوں، نیوز ایجنسیوں جیسے پختہ اور ضروری اطلاع دینے والے نیٹ ورک وقت سے اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کے بےحد ضروری ذرائع ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف لوگوں کے درمیان بیداری پھیلانے کے لئے بلکہ ملک کو تازہ حالت سے واقف رکھنے کے لئے بھی ان نیٹ ورکس کا مناسب طریقے سے کام کرنا ضروری ہے۔اس میں کہا گیا کہ جھوٹی اور فرضی خبروں سے بچنا ہوگا۔ وزارت نے کہا، ‘ اچھےطریقہ کار کو بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے اور یہ نیٹ ورک اس سمت میں اہم کردار نبھاتے ہیں۔ ‘

خط میں ریاستی حکومتوں اور یونین ٹریٹری  سے ان خدمات کو آسانی سے چلانے کی تاکید کی گئی ہے۔ ان خدمات میں ٹی وی چینل، نیوز ایجنسی، ڈیجیٹل سیٹلائٹ نیوز گیدرنگ (ڈی ایس این جی)، ڈی ٹی ایچ خدمات، کیبل آپریٹر، ایف ایم اور کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن شامل ہیں۔خط میں اپیل کی گئی ہے کہ اگر وائرس کے قہر کو روکنے کے لئے کسی طرح کی پابندی پر غور کیا جاتا ہے تو ایسے میں اس طرح کی سہولیات عطا کرنے والے آپریٹروں کو کام کی اجازت ہوگی۔

وزارت نے اپنے مشورے میں یہ بھی کہا کہ میڈیا اہلکاروں، ڈی ایس این جی اور دیگر کو لےکر جانے والی گاڑیوں کی آمد ورفت آسان بنانی ہوگی اور ان سہولیات کو بغیر روک ٹوک کے بجلی فراہمی اور دیگر ساز و سامان کی دستیابی  کو یقینی بنانا ہوگا۔خط کے مطابق، ‘ متعلقہ خدمات فراہم کرانے والوں  کو بغیر روک ٹوک کے خدمات کو مہیا کرانے میں کسی طرح کا مسئلہ آنے پر مقامی افسروں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کی صلاح دی جا رہی ہے۔ ‘

معلوم ہو کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا جا رہا ہے۔ اب تک ا س کے انفیکشن کے معاملے بڑھ‌کر 500 کے پار ہو چکے ہیں اور کم سے کم 10 لوگوں کی موت اس وبا سے ہو چکی ہے۔وائرس سے حفاظت کے مدنظر 32 ریاستوں اور یونین ٹریٹری نے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ وہیں پنجاب، مہاراشٹر، پانڈی چیری  اور چنڈی گڑھ میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔

کئی ریاستوں اور یونین ٹریٹری میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ مرکز نے ریاستوں کو کرفیو پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)