خبریں

مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر نکلنے پر بھائی کا قتل، بنگال میں دودھ خریدنے نکلے شخص کی پولیس کی پٹائی سے موت

دریں اثنا مغربی بنگال میں لاک ڈاؤن کے دوران دودھ خریدنے گئے ایک شخص کو پولیس نے پیٹا، جس کے بعد ان کی موت ہو گئی۔ مغربی بنگال کےہاوڑہ میں لاک داؤن کے دوران 32 سالہ لال سوامی  اپنے گھر سے دودھ خریدنے کے لیے نکلے تھے، جب پولیس نے ان کو پیٹا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:کووڈ 19 کی وجہ سےملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر نکلنے کے لیے ممبئی کے مغربی مضافات کاندولی میں اپنے چھوٹے بھائی کے مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام  میں 28 سالہ ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ سمتا نگر تھانے کے ایک افسر نے کہا کہ راجیش لکشمی ٹھاکر نے بدھوارکی  رات لاک ڈاؤن کے بارے میں باربار وارننگ کے باوجود گھر سے باہر نکلنے کی وجہ سے اپنے چھوٹے بھائی درگیش کا قتل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مرنے والاپونے میں ایک پرائیویٹ فرم میں کام کرتا تھا، جو کورونا وائرس کے قہر کی وجہ سے گھر لوٹ آیا تھا۔افسر نے بتایا کہ جب درگیش باہر گھومنے کے بعد گھر واپس آیا، تو ملزم اور اس کی بیوی نے اس پر ناراضگی ظاہر کی اور پھر ان کے بیچ  بحث ہو گئی، جس کے بعد ملزم نے اس پر کسی دھاردار چیز سے حملہ کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ متاثر شخص کو پاس کے ایک اسپتال میں لے جایا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ ملزم کے خلاف قتل کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

دریں اثنا مغربی بنگال میں لاک ڈاؤن کے دوران دودھ خریدنے گئے ایک شخص کو پولیس نے پیٹا، جس کے بعد ان کی موت ہو گئی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق،مغربی بنگال کےہاوڑہ میں لاک داؤن کے دوران 32 سالہ شخص لال سوامی  اپنے گھر سے دودھ خریدنے کے لیے نکلے تھے، جب پولیس نے ان کو پیٹا۔اس کے بعد ان کو لوکل ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ فیملی کا الزام ہے کہ پولیس کے ذریعے پیٹے جانے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔

اس سے پہلے جھارکھنڈ میں لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گھر میں رہنے کی صلاح دینے پر دکاندار کا پیٹ- پیٹ کر قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔واردات  بدھ کو پلامو ضلع کے چاک ادے پور میں ہوئی تھی۔جہاں 45 سالہ شخص کاشی ساؤ نے گاؤں کے چار لوگوں کو گاؤں میں گھومنے کے بجائے گھر میں رہنےکی صلاح دی تھی۔

کاشی ایک کرانہ کی دکان چلاتا ہے اور یہ حملہ آور اس کی دکان پر پہنچے تھے اور پھر وہاں پر توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ یہیں پر اس کو پیٹا گیا اور بعد میں نازک حالت میں اس کو ہاسپٹل لے جایا گیا۔ حالانکہ، شدید چوٹ آنے کی وجہ سے کاشی ساؤ نے دم توڑ دیا۔

بتا دیں کہ کورونا وائرس کے بڑھتے بحران کے مدنظر وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 24 مارچ کی آدھی رات سے ملک بھر میں 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران کسی کو بھی باہر نہیں نکلنے اور گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)