خبریں

دور درشن پر 33 سال بعد پھر سے ہوگا رامائن کا ٹیلی کاسٹ

رامائن کا ٹیلی کاسٹ پہلی بار دوردرشن پر 25 جنوری 1987 کو کیا گیا تھا۔وزیراطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکر نے بتایا کہ عوام کی مانگ پر سنیچر 28مارچ سے رامائن کاٹیلی کاسٹ دوردرشن پر پھر سے کیا جائے‌گیا۔

(فوٹوبہ شکریہ : ٹوئٹر)

(فوٹوبہ شکریہ : ٹوئٹر)

نئی دہلی: 28 مارچ سے رامانند ساگر کے مشہور سیریل رامائن کاٹیلی کاسٹ دوردرشن پر پھر سے کیا جائے‌گا۔ وزیرطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکر نے اس بات کی جانکاری اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دی ہے۔انہوں نے لکھا ہے، یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ لوگوں کی مانگ پر ہم کل سنیچر 28 مارچ سے رامائن کا ٹیلی کاسٹ دوردرشن پر شروع کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے، ایک ایپی سوڈ صبح نو سے 10 بجے کے درمیان اور دوسرا رات نو بجے سے 10 بجے کے درمیان نشر کیا جائے‌گا۔دوردرشن نے بھی ٹوئٹ کر کےکہا ہے، عوام کی مانگ پر کل سنیچر 28 مارچ سے ‘رامائن ‘ کی نشریات دوبارہ دوردرشن پر شروع ہوگی۔ پہلا ایپی سوڈ صبح 9:00 بجے اوردوسرا ایپی سوڈ رات 9:00 بجے ہوگا۔

اس سے پہلے رامائن کا ٹیلی کاسٹ پہلی بار دوردرشن پر سال 1987 میں کیا گیا تھا۔25 جنوری 1987 کو اس کے پہلے ایپی سوڈ کی نشریات کی گئی تھی اور 31 جولائی 1988 کوآخری ایپی سوڈ ناظرین کو پیش کیا گیا تھا۔ اس سیریل کے کل 78 ایپی سوڈ تھے۔یہ سیریل ہفتہ میں ایک بار ہر اتوار کو دکھایا جاتا تھا۔ ایسا کہا جاتا ہےکہ اس وقت اس سیریل کی مقبولیت اتنی زیادہ تھی کہ سڑکیں سونی ہو جاتی تھیں اور لوگ اپنا سارا کام چھوڑ‌کر ٹی وی کے سامنے جمع ہو جاتے تھے۔

معلوم ہو کورونا وائرس سے تحفظ کے مدنظر پورے ملک میں 21 دنوں کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ایسے وقت میں لوگ گھروں میں قید ہیں، تب سوشل میڈیا پر ان قدیم سیریل کو ایک بار پھر سے نشر کئے جانے کی مانگ کچھ لوگوں نے کی تھی۔این ڈی ٹی وی انڈیا کے سیاسی مدیر اور اینکر اکھلیش شرما کے ذریعے ٹوئٹر پرایسے ہی ایک اپیل کے جواب میں پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ششی شیکھر نے گزشتہ  25 مارچ کو ٹوئٹ کر کےکہا تھا کہ ان کا محکمہ چوپڑہ  پروڈکشن سے ان پروگراموں کا حق مانگ رہا ہے۔

شیکھر نے ٹوئٹ کر کے کہا تھا، ‘ ہاں ہم اس بارے میں حقوق رکھنے والوں سےبات کر رہے ہیں۔ جلدہی مطلع کریں‌گے۔ ہمارے ساتھ بنے رہیے۔اس سیریل میں ارون گوویل رام اور دیپیکا چکھالیا  سیتا کےکردار میں نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ سنیل لاہری نے لکشمن، سنجے جوگ نے بھرت، سمیر راجداں نے شتروگھن،دارا سنگھ نے ہنومان اور اروند ترویدی نے راون کا کردار نبھایا تھا۔

دیگر اہم فنکاروں میں بال دھوری(دشرتھ)، جےشری گڈکر (کوشلیا)، رجنی بالا(سمترا)، پدما کھنہ (کیکئی)، للتا پوار (منتھرا) وغیرہ شامل ہیں۔اس کا اسکرین پلے، ڈائیلاگ، پروڈکشن اور ڈائریکشن رامانندساگر کا تھا۔اسپیشل افیکٹ روی کانت نگائیچ، گیت اور موسیقی روندر جین نے دیا تھا۔