خبریں

کورونا لاک ڈاؤن: کیرل میں شراب نہ ملنے پر پانچ لوگوں نے کی خودکشی

کیرل میں پہلے بھی کئی مواقع پر شراب پر پابندی لگتی رہی ہے لیکن یہ پہلی بار ہے جب ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست میں شراب پر پوری طرح سے پابندی لگ گئی ہے۔

علامتی تصویر۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

علامتی تصویر۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کو رونا وائرس کے انفیکشن کوپھیلنے سے روکنے کے لیے ملک گیر  لاک ڈاؤن کے پچھلے پانچ دنوں میں مبینہ  طور پر شراب کی لت والے پانچ لوگ خودکشی کر چکے ہیں۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، اس کے ساتھ گزشتہ سنیچر کو ملپرم میں شراب کی لت رکھنے والے دو لوگوں کی خودکشی  کی کوشش کرنے کی خبر آئی۔

وہیں، سرکاری ہاسپٹل  کے متعلقہ محکمے اور ہیلتھ یونٹ میں جانے والوں کی تعداد میں اچانک سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔کیرل میں پہلے بھی کئی مواقع پر شراب پر پابندی لگتی رہی ہے لیکن یہ پہلی بار ہے جب ملک گیر  لاک ڈاؤن کی وجہ سےریاست میں شراب پر پوری طرح سے پابندی لگ گئی ہے۔

کیرل کی وزیر صحت کے کے شیلجا نے کہا کہ بڑے سرکاری اسپتالوں میں کووڈ 19 مریضوں کے علاج کےانتظام کئے جانے کی وجہ سے شراب کی لت رکھنے والے لوگوں کے علاج کا انتظام فیملی ہیلتھ سینٹر اور پرائمری ہیلتھ سینٹرز پر کیا گیا ہے جہاں پر ڈاکٹر بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گمبھیر معاملوں کو ضلع یا تعلقہ  سطح کے اسپتالوں میں بھیجا جا سکتا ہے اورہرضلع میں 20 بیڈ شراب کی لت والوں کے لیے محفوظ  رکھے گئے ہیں۔

منشیات سے متعلق معاملوں کے سی ای او ڈاکٹر راجیو نے کہا، ‘شراب کی لت والے لوگوں کے لیے ہم نے تین ضلعوں میں ٹیلی کاؤنسلنگ سہولت  فراہم کی ہے۔ سبھی سینٹر میں نئے لوگ آ رہے ہیں۔ سنیچر کو ہم نے تقریباً 100 ایسے لوگوں کی پہچان کی جو نفسیاتی پریشانیوں کے ساتھ شدید حالات میں ہیں اور جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہے۔ سرکاری شعبے میں سہولیات کے علاوہ، ہم سبھی ضلعوں میں نجی سینٹروں  کا بھی سہارا لیں گے۔’