خبریں

کورونا وائرس: پی ایم کیئرس فنڈ میں غیر ممالک سے بھی چندہ لینے کو حکومت نے دی منظوری

اس ہفتہ ہندوستانی سفیروں  کے ساتھ ویڈیو-کانفرنسنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے سفارتی عملہ کو این آر آئی اور ہندوستانی نژاد کے افراد سے پی ایم کیئرس فنڈ کے لئے رقم اکٹھا کرنے کو کہا تھا۔

Screen-Shot-2020-03-24-at-8.27.11-PM

وزیر اعظم مودی

نئی دہلی: حکومت ہند نے کورونا وائرس کے مدنظرغیر ملکی افراد اور گروپس کو حال ہی میں بنائے گئے پی ایم کیئرس فنڈ میں چندہ دینے کی منظوری  دی ہے۔رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 28 مارچ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کےخلاف لڑائی کے حصے کے طور پر ایک نئے چیرٹیبل ٹرسٹ-پی ایم-کیئر فنڈ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔

اس ہفتہ ہندوستانی سفیروں  کے ساتھ ویڈیو-کانفرنسنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے سفارتی عملہ کو این آر آئی اور ہندوستانی نژاد کے افراد سے پی ایم کیئرس فنڈ کے لئے رقم اکٹھا کرنے کو کہا تھا۔اس سے پہلے آفات کے دوران حکومت ہند کی عام طور پر غیر ملکی امداد قبول نہیں کرنے کی پالیسی رہی ہے، اس لئے اس بات پر تھوڑاابہام  تھا کہ غیر ملکی نژاد کے لوگ قومی فنڈ میں امداد کر سکتے ہیں یا نہیں۔

بدھ کو سرکاری ذرائع نے یہ صاف کر دیا کہ پی ایم کیئرس فنڈ کے متعلق یہ فیصلہ لیا جا چکا ہے کہ غیر ملکی افراد اور گروپس کو چندہ  دینے کے لئے مدعو کیاجائے‌گا۔انہوں نے کہا، کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی لڑائی میں تعاون کے لئے ہندوستان اور غیرممالک سے کئی اپیل  ملنے کے بعد پی ایم کیئرس فنڈ نام کا ایک عوامی چیرٹیبل ٹرسٹ قائم کیا گیا تھا۔ حکومت کی کوششوں میں شراکت کے ساتھ-ساتھ وبا کو دھیان میں رکھتے ہوئے ٹرسٹ میں ہندوستان اور غیرممالک دونوں جگہ رہ رہے افراد اور تنظیموں کے ذریعے شراکت کی جا سکتی ہے۔

حالانکہ، یہ صاف نہیں ہو سکا کہ ہندوستان غیر ملکی حکومتوں سے بھی امدادکوقبول  کرے‌گا یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پر ہندوستان کو مالی امداد دینے کے لئےکسی بھی حکومت نے کوئی تجویز نہیں دی ہے۔بتا دیں کہ، امریکہ نے 64 ممالک کے لئے 274 ملین ڈالر کی غیر ملکی امداد کااعلان کیا تھا، جس میں ہندوستان بھی شامل تھا۔ لیکن ذرائع کے مطابق، یہ ہندوستان کے لئے براہ راست مدد نہیں تھی، بلکہ ملک میں سی ڈی سی کے کام کو مضبوط کرنے کے لئے تھی۔

سال 2004 میں آئی سونامی سے ہی ہندوستان نے قدرتی آفات کے دوران راحت کے طورپر غیر ملکی حکومتوں کی امداد کی تجاویز کو لگاتار خارج کیا ہے۔حالانکہ، اب ہندوستان نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ اور وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں این آر آئی، پی آئی او اور عالمی اداروں کے ذریعے تعاون کی رقم کو منظور کرنے کومنظوری دے دی۔