خبریں

کورونا وائرس: ورلڈ بینک نے ہندوستان کو ایک ارب ڈالر کی ایمرجنسی امداد کو منظوری دی

کورونا وائرس سے نپٹنے میں ورلڈ  بینک کے امدادی منصوبوں کے پہلے مرحلے میں1.9 ارب ڈالر کے ساتھ 25 ممالک کی مدد کی جائے‌گی۔ پہلے مرحلے میں مدد پانے والوں میں ہندوستان سمیت جنوبی ایشیا، یورپ اور سینٹرل ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے کئی ملک شامل ہیں۔

ورلڈ بینک(فوٹو : رائٹرس)

ورلڈ بینک(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے ورلڈ بینک نے ترقی پذیر ممالک کوفوراً اقتصادی مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہندوستان کے لئے ایک ارب ڈالرکی ہنگامی مالی امداد کو منظوری دی گئی ہے۔کورونا سے نپٹنے میں ورلڈ بینک کے امدادی منصوبوں کے پہلے مرحلے میں 1.9ارب ڈالر کے ساتھ 25 ممالک کی مدد کی جائے‌گی۔

اس ہنگامی مالی امداد کا سب سے بڑا حصہ ہندوستان کو دیا جائے‌گا جو ایک ارب ڈالر کا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی 40 سے زیادہ ممالک میں تیز رفتاری  سے نئی مہم کو آگےبڑھایا جائے‌گا۔پہلے مرحلے میں ہندوستان سمیت جنوبی ایشیا، یورپ اور سینٹرل ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے کئی ملک شامل ہیں۔

ورلڈ بینک نے کہا،ہندوستان میں ایک ارب ڈالر کی ہنگامی مالی امداد سےبہتر اسکرینگ، جانچ، لیب، حفاظتی آلات خریدنے اور نئے آئسولیشن وارڈبنانے میں مدد ملے‌گی۔جنوبی ایشیا میں ورلڈ بینک نے پاکستان کے لئے 20 کروڑ ڈالر، افغانستان کےلئے 10 کروڑ ڈالر، سری لنکا کے لئے 12.9 کروڑ ڈالر، ایتھوپیا کے لئے 8.26 کروڑڈالر اور مالدیپ کے لئے 73 لاکھ ڈالر کے امدادکو منظوری دی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس کا کہناہے کہ وبا سے نپٹنے میں ترقی پذیر ممالک کی صلاحیت کو تیزی سے مضبوط کرنے کی سمت میں ورلڈ بینک کام کر رہا ہے تاکہ کم سے کم وقت میں اقتصادی اور سماجی سطح پراصلاح کی جا سکے۔ورلڈ بینک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے،اس وبا سے سب سے غریب اور زیادہ حساس ملک سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ورلڈ بینک نے کہا کہ ارجنٹائنا، کمبوڈیا، ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو،ہیتی، کینیا اور یمن کو دیگر ممالک کے مقابلے میں کم رقم دی جائے‌گی۔ورلڈ بینک نے کہا کہ اس نے عالمی کورونا وائرس کے اثر سے نپٹنے میں ممالک کی مدد کرنے کے لئے 15 مہینے کے لحاظ سے 160 ارب ڈالر کی ہنگامی مدد جاری کرنے کی اسکیم کو منظوری دی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)