خبریں

کورونا وائرس: ملک میں 149 لوگوں کی موت، متاثرین کی تعداد پانچ ہزار کے پار

دنیا بھر میں کو رونا وائرس کے متاثرین  کی تعداد  بڑھ کر 1431900 ہو گئی ہے اور 82172 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ وائرس کامرکز رہے چین کے ووہاان شہر میں 73 دن بعد لاک ڈاؤن ہٹا۔ ایران میں پارلیامنٹ کھولی گئی۔ برٹن کے وزیر اعظم  دوسرے دن بھی آئی سی یو میں۔

(فوٹو: پی ٹی آئی)

(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ملک میں بدھ کو کو رونا وائرس یعنی کووڈ 19 سے متاثرین  کی تعداد 5194 ہو گئی اور اس انفیکشن  سے مرنے والوں کی  تعداد 149 ہوگئی ہے۔مرکزی وزارت داخلہ  نے بتایا کہ کووڈ 19 کے ایسے معاملے جن میں علاج چل رہا ہے ان کی تعداد 4643 ہے، 401 لوگ علاج کے بعد ٹھیک ہو چکے ہیں اور انہیں چھٹی دے دی گئی ہے۔ ایک معاملے میں مریض دوسرے ملک چلا گیا۔ ان میں 70 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

صبح نو بجے تک آئے وزارت کے اعدادوشمارکے مطابق منگل سے 25 لوگوں کی موت ہوئی۔ ان میں سے 16 لوگوں کی موت مہاراشٹر میں اور دہلی، مغربی بنگال، ہریانہ اور تمل ناڈو میں دودولوگوں  کی موت اور آندھر پردیش میں ایک شخص کی موت ہوئی۔کو رونا وائرس سے سب سے زیادہ 64 لوگوں کی موت مہاراشٹر میں ہوئی۔ گجرات اور مدھیہ پردیش میں 13-13 لوگوں کی موت اور دہلی میں نو لوگوں کی موت ہوئی۔تلنگانہ، پنجاب اور تمل ناڈو میں سات سات لوگوں کی موت ہوئی۔

مغربی  بنگال میں پانچ لوگوں کی، کرناٹک اور آندھر اپردیش میں چار چار لوگوں کی موت، اتر پردیش، ہریانہ اور راجستھان میں تین تین لوگوں کی موت ہوئی ہے۔جموں وکشمیر اور کیرل میں دودو لوگوں کی موت ہوئی۔ بہار، ہماچل پردیش اور اڑیسہ  میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔ کووڈ 19 کے سب سے زیادہ 1018 معاملے مہاراشٹر سے، تمل ناڈو میں 690 معاملے اور دہلی میں 576 معاملے ہیں۔

امریکہ کی جانس ہاپکنس یونیورسٹی کے اعدادوشمارکے مطابق دنیا بھر میں اس وبا سےمتاثرین کی تعداد بڑھ کر 1431900 ہو گئی ہے اور 82172 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 301543 لوگ اس بیماری سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔اسپین میں کو رونا وائرس سے گزشتہ منگل کو 743 موت ہوئی اور اس انفیکشن  سے مرنے والوں کی کل تعداد بدھ تک 14045 ہو گئی، جبکہ انفیکشن  کے معاملے 141942 پرپہنچ گئے ہیں۔ یہاں 43208 لوگ اس سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔

کو رونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اٹلی میں اب تک 17127 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، 135586 لوگ متاثر پائے گئے ہیں۔ ان میں سے 24392 لوگ ٹھیک ہو چکے ہیں۔

دریں اثناچین کے ووہان جہاں سے کو رونا وائرس کی وبا شروع ہوئی اور پوری دنیا میں پھیل گئی، وہاں 73 دن کے بعد، بدھ کو لاک ڈاؤن ختم ہو گیا ہے۔حالانکہ ملک میں کووڈ 19 کے نئے معاملوں کی تعداد 1000 کے پار پہنچ گئی ہے اور دو لوگوں کی موت بھی ہو چکی ہے جس کے ساتھ ہی یہاں انفیکشن  کے پھر سے پھیلنے کا امکان  بڑھ گیا ہے۔

چین کے حکام  نے بدھ کو کہا کہ منگل کویہاں کووڈ 19 کے 62 نئے معاملوں کی تصدیق  ہوئی ہے اس میں سے 59 معاملے ایسے ہیں جن میں لوگ دوسرے ملکوں  سے لوٹے ہیں۔ کل معاملے 1042 ہو گئے۔

وہیں امریکہ میں کو رونا وائرس کی وجہ سے ایک ہی دن میں 1900 لوگوں کی موت کے ساتھ ہی اب تک اس انفیکشن سے جان گنوانے والے لوگوں کی تعداد منگل کو 12700 سے زیادہ ہوچکی ہے۔امریکہ میں کل متاثرین  کی تعداد399929 ہو گئی ہے۔

فرانس میں منگل کو کو رونا وائرس سے جان گنوانے والے لوگوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ  ہو گئی۔ملک میں اس کی وجہ سے ہاسپٹل میں 7091 لوگوں کی، جبکہ مختلف مقامات پر 3237 لوگوں  کی جان گئی ہے۔

ادھر، برٹن کے وزیر اعظم  بورس جانسن آئی سی یو میں بھرتی ہیں، جو ممکنہ طور پردنیا کے پہلےاہم رہنما ہیں، جو اس وائرس سے بری طرح متاثرہوئے ہیں۔برٹن کے وزیر اعظم  بورس جانسن لندن کے ایک ہاسپٹل میں بھرتی ہیں۔ حکا م نے بتایا کہ 55 سالہ  جانسن کی حالت اسٹیبل ہے اور ہوش میں ہیں، انہیں آکسیجن لگائی گئی، لیکن انہیں وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا گیا ہے۔ اس دوران ان کے کام کی ذمہ داری وزیر خارجہ  ڈامنک راب کودی گئی ہے۔برٹن میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 6159 ہو گئی ہے۔ یہاں 55949 لوگ متاثرہیں اور 325 لوگ ٹھیک ہو چکے ہیں۔

وہیں تہران میں کو رونا کے معاملے تیزی سے بڑھنے کے بعد بند کئے گئے پارلیامنٹ کے دروازے منگل کو کھول دیے گئے۔ سات دن میں انفیکشن  کے معاملے گھٹنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔ایران کی 290 رکنی پارلیامنٹ کے دو تہائی سے زیادہ ممبر پارلیامنٹ پہنچے حالانکہ سینئر رہنماؤں اور اسپیکر علی لارجانی نہیں پہنچے۔ انہیں پچھلے ہفتے کورونا وائرس سے متاثرپایا گیا تھا۔ پارلیامنٹ یا مجلس کے کم سے کم 31 ممبر متاثر پائے گئے ہیں۔

سویڈن میں منگل کو کو رونا وائرس سے 114 اور لوگوں کی موت کے ساتھ ہی ملک  میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 591 ہوگئی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)