خبریں

دہلی: کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں دو خاتون ڈاکٹروں سے مارپیٹ

دونوں ڈاکٹروں نے حوض خاص تھانے میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ویسٹ دہلی میں میڈیکل ٹیم پر تھوکنے والے شخص  کے خلاف کیس درج۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: قومی  راجدھانی کے صفدرجنگ ہاسپٹل کی دو خاتون  ریزیڈنٹ ڈاکٹروں پر کو رونا وائرس انفیکشن  پھیلانے کا الزام  لگاتے ہوئے گوتم نگر علاقے میں ایک شخص  نے ان پرمبینہ طور پر حملہ کیا۔ڈاکٹروں نے حوض خاص پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا۔ اے ڈی سی پی (ساؤتھ) اتل کمار ٹھاکر نے بتایا کہ معاملہ درج کرکے  ملزم  کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

صفدرجنگ ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (آرڈی اے) کے صدر منیش کے مطابق، یہ معاملہ رات تقریباً 9:30 بجے رونماہوا جب دونوں ڈاکٹر علاقے میں پھل خریدنے کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکلی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹل کی یہ دونوں ڈاکٹر کووڈ 19 ڈیوٹی پر نہیں ہیں۔

مارکیٹ میں دونوں خاتون  ڈاکٹروں کو دیکھنے کے بعد 42 سالہ ملزم شخص دوری بنانے کو کہنے لگا اور دونوں ڈاکٹروں پر الزام  لگایا کہ ان کے جیسے لوگ ہی رہایشی علاقوں میں انفیکشن  پھیلا رہے ہیں۔الزام ہے کہ جب دونوں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ سماجی  دوری کی اہمیت کو سمجھتی ہیں توملزم شخص ناراض ہو گیا اور گالیاں دیتے ہوئے کہنے لگا کہ وہ ان کے خلاف کیس درج کرائےگا۔

پولیس نے بتایا کہ اس تنازعہ  کے بعد دونوں خاتون  ڈاکٹر وہاں سے جانے لگیں تو اس شخص نے ان کے ساتھ مارپیٹ کی اور ان میں سے ایک ڈاکٹر کو غلط طریقے سےچھوا۔

ویسٹ دہلی میں میڈیکل ٹیم پر تھوکنے والے شخص کے خلاف  معاملہ درج

ویسٹ دہلی کے منڈکا میں بکروالا آئسولیشن سینٹر میں رکھے گئے ایک شخص کے خلاف میڈیکل ٹیم پرمبینہ طور پر تھوکنے اور اس کے ساتھ بدسلوکی  کرنے کو لے کر معاملہ درج کیا گیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا، ‘پنجابی باغ  کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی شکایت پر اس شخص کے خلاف اتوار کو منڈکا تھانے میں معاملہ درج کیا گیا۔’

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)