خبریں

آئندہ 15 اپریل سے ٹرینوں کی خدمات بحال کر نے کا کوئی منصوبہ نہیں: وزارت ریل

آئندہ  15 اپریل سے ٹرین کی آمد ورفت  شروع کرنے کی خبروں کو غلط بتاتے ہوئے وزارت ریل نے کہا ہے کہ میڈیا ایسے وقت  میں غیر مصدقہ خبروں کو شائع کرنے سے بچے، کیونکہ اس سے عوام  کے ذہن میں غیر ضروری بھرم پیدا ہوتا ہے۔

(فوٹو: پی ٹی آئی)

(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: وزارت  ریل نے 15 اپریل سے مسافروں کے لیے  ٹرینوں کی خدمات  بحال کرنے سے متعلق  سبھی رپورٹس  کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔وزارت  نے اس بارے میں ایک وضاحت  جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹرین خدمات  شروع کرنے کو لےکر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

وزارت  کی جانب  سے کہا گیا ہے، ‘گزشتہ دو دنوں سے میڈیا میں کچھ خبریں دیکھنے کو ملیں، جس میں بتایا گیا کہ ریل خدمات  کو لےکر کئی پروٹوکال جاری کئے گئے ہیں۔ ان خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ایک طے شدہ تاریخ سے مسافروں کے لیے  ٹرینوں کی خدمات  بحال ہو رہی ہیں۔’

وزارت ریل نے کہا، ‘یہ میڈیا کے دھیان میں لایا جا رہا ہے کہ اس بارے  میں ابھی حتمی  فیصلہ نہیں لیا گیا ہے اور اس طرح کے معاملوں میں غیر مصدقہ پورٹنگ اس طرح کے وقت  میں عوام کے ذہن میں غیر ضروری  بھرم پیدا کرتی ہے، جس سے بچنا چاہیے۔ میڈیا سے اپیل  ہے اور صلاح دی جاتی ہے کہ وہ اس طرح کی غیر مصدقہ  خبروں کو شائع نہ کریں، جس سے شکوک  شبہات  پیدا ہو۔’

وزارت ریل نے کہا، ‘لاک ڈاؤن کے بعد ریل خدمات  کو لےکر ریلوے سبھی اسٹیک ہولڈرس  کو دھیان میں رکھتے ہوئے فیصلہ لےگا اور جب بھی اس پر کوئی فیصلہ لیا جائےگا، سبھی متعلقہ فریق کو اس کی جانکاری دی جائےگی۔’وزارت ریلوے نے کسی بھی طرح کی فرضی اور گمراہ کن  خبروں سے دور رہنے اور اس پر یقین  نہیں کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

واضح  ہو کہ میڈیا میں آئی کچھ خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ریلوے نے ایک پروٹوکال تیار کیا ہے، جس کے تحت مسافروں  کو سفر سے کئی گھنٹے پہلے اسٹیشن پہنچنا ہوگا تاکہ تھرمل اسکریننگ جیسی کارروائی کو پورا کیا جا سکے۔بتا دیں کہ وزیر اعظم  نریندر مودی کے ذریعے24 مارچ کو ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے بعد ریلوے نے بھی مسافروں  کے تحفظ  کو دھیان میں رکھتے ہوئے 21 دنوں کے لیے ٹرین خدمات  رد کر دی تھیں۔

اس دوران صرف مال  ٹرینوں کے چلتے رہنے دینے کی منظوری دی گئی ہے۔