خبریں

کورونا وائرس: بہار میں تمباکو کھاکر عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابندی

گزشتہ  دنوں کو رونا وائرس کے پھیلاؤ کے مد نظرمرکزی وزارت صحت نے سبھی ریاستوں  سے عوامی مقامات  پر چبانے والے تمباکو کے استعمال اور تھوکنے پر روک لگانے کو کہا تھا۔

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بہار سرکار نے تمباکو، کھینی اور گٹکا کھاکر عوامی مقامات  پر تھوکنے پرپابندی  لگا دی ہے۔ اب ایسا کرنے پر چھ مہینے کی جیل یا جرمانہ دینا پڑ سکتا ہے۔بہار سرکار نے تمباکو، کھینی اور گٹکا کھاکر تھوکنے سے کو رونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے مد نظر یہ فیصلہ لیا ہے۔

ریاست  کے محکمہ صحت  کے چیف سکریٹری سنجے کمار نے جاری حکم میں کہا، ‘ریاست  میں عوامی مقامات  جیسے سڑکوں، گلیوں، سرکاری یا غیر سرکاری عمارتوں، پولیس اسٹیشن احاطوں اور سبھی صحت اورتعلیمی اداروں وغیرہ میں تمباکو، گٹکا، پان مسالہ، بیڑی اور سگریٹ کے استعمال پر مکمل پابندی ہے۔’

انہوں نے کہا، ‘یہ حکم  اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ ان اشیا کو کھاکر کہیں بھی تھوک دینے سے عوامی صحت کو خطرہ  ہے اور یہ بیماری پھیلنے کی  اہم وجہ ہے۔ کو رونا وائرس، انسفلائٹس اور ٹیوبرکلوسس جیسی کئی سنگین  بیماریوں سے پہلے ہی خطرہ  بنا ہوا ہے۔’آئی پی سی کے اہتماموں کے تحت سرکار کے حکم  کی خلاف ورزی  کرنے پر 200 روپے کے جرما نے یا چھ مہینے کی جیل ہوگی۔ وبائی امراض  ایکٹ 1897 کے اہتماموں کے تحت یہ پابندی  لگائی  گئی ہے۔

ریاست کے سبھی سرکاری، غیر سرکاری دفتروں اوراحاطوں ، سبھی ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ، سبھی تعلیمی اداروں ، تھانہ کیمپس وغیرہ  میں کسی بھی طرح کے تمباکومصنوعات  سگریٹ، کھینی، گٹکا، پان مسالہ  اورزردہ  وغیرہ کے استعمال  پرمکمل پابندی  کاحکم  ہے۔حکم  کے مطابق، اگرکوئی بھی افسر، ملازم یا کوئی آنے والا اس کی خلاف ورزی  کرتا ہے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

سبھی ضلع کے مجسٹریٹ اورایس پی  کو اس حکم کی تعمیل کو یقینی بنانے اور خلاف ورزی  کرنے پر کارروائی کی  ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی سبھی سرکاری غیر سرکاری کیمپس  میں اس کے بورڈ لگوانے کےہدایت  دیے ہیں۔گزشتہ  دنوں کو رونا وائرس کے پھیلاؤ کے مد نظرمرکزی وزارت صحت نے سبھی ریاستوں  سے عوامی مقامات  پر چبانے والے تمباکو کے استعمال اور تھوکنے پر روک لگانے کو کہا تھا۔

سبھی ریاستوں  اوریونین ٹریٹر ی کےچیف سکریٹری  کو بھیجےخط میں وزارت صحت نے کہا، ‘ چبانے والے تمباکو، پان مسالہ اور سپاری سے بدن  میں تھوک زیادہ بننے لگتا ہے اور اس سے تھوکنے کی بہت زیادہ خواہش ہوتی ہے۔ عوامی مقامات پر تھوکنے سے کو رونا وائرس کے پھیلاؤمیں تیزی آ سکتی ہے۔’

اس سے پہلے کو رونا وائرس وبا کے بڑھتے خطرے کے مد نظرانڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ(آئی سی ایم آر) نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمباکو کا استعمال  نہ کریں۔آئی سی ایم آر نے کہا تھاکہ تمباکو مصنوعات(پان مسالہ تمباکو کے ساتھ، پان اوردوسری  چبانے والی تمباکومصنوعات)اور سپاری تھوک  میں اضافہ کرتے ہیں جس کے بعد تھوکنے کی بہت شدید خواہش ہوتی ہے۔

آئی سی ایم آر  نے کہاتھا کہ ، ‘عوامی مقامات پر تھوکنا کو رونا وائرس کو اور پھیلا سکتا ہے۔ وباکے بڑھتے خطرے کے مد نظر عوام  سے اپیل ہے کہ تمباکو مصنوعات  کے استعمال اور عوامی مقامات پر تھوکنے سے پرہیز کریں۔’کو رونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے بخار،زکام، سانس لینے میں تکلیف، ناک بہنا اور گلے میں خراش جیسی پریشانی  ہوتی ہے۔ چھینکنے، کھانسنے کے علاوہ تھوکنے سے اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)