خبریں

لاک ڈاؤن: ممبئی میں مزدوروں کی بھیڑ کے جمع ہو نے کے معاملے میں ٹی وی جرنلسٹ حراست میں

ٹرین خدمات  بحال کئے جانے کی مبینہ خبر کو لے کرگزشتہ  منگل کو ممبئی کے باندرہ بس ڈپو پر گھر جانے کے لیے مہاجر مزدورجمع ہو گئے تھے۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے دواور ایف آئی آر درج کی ہے اور ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔

ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن کے باہر منگل کوجمع  بھیڑ کو پولیس کے ذریعے منتشر کئے جانے کے بعد وہاں  لوگوں کی چپلیں۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن کے باہر منگل کوجمع  بھیڑ کو پولیس کے ذریعے منتشر کئے جانے کے بعد وہاں  لوگوں کی چپلیں۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: مہاراشٹر میں نیوز چینل اےبی پی کے جرنلسٹ  کے خلاف اس خبر کو لےکرایف آئی آر  درج کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ٹرین خدمات  بحال ہوں گی، جس کی وجہ سے باندرہ میں منگل کو مہاجر مزدوروں کی بھیڑ  جمع ہوگئی ۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ مہاراشٹر کے عثمان آباد ضلع کے ملزم  صحافی  راہل کلکرنی کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور پولیس انہیں ممبئی لا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک خبر میں کلکرنی نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے جن سادھارن اسپیشل  ٹرینیں بحال ہوں گی۔افسر نے بتایا کہ اس پر آئی پی سی کی دفعہ 188، 269، 270 اور 117 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔وہیں، منگل کو باندرہ میں مہاجرمزدوروں   کی بھیڑجمع ہونے کے معاملے میں ممبئی پولیس نے دواور ایف آئی آر درج کی ہے۔

دوسری ایف آئی آر باندرہ اسٹیشن کے پاس جمع ہوئی  بھیڑ کے خلاف درج کی گئی  ہے۔ وہیں ایک اور ایف آئی آر ونے دوبے نام کے ایک شخص کے خلاف درج کی گئی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ڈال کر مہاجر مزدوروں  کو سڑک پر اترنے کے لیے کہا تھا۔ دوبے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

غورطلب ہے کہ منگل کودوپہرمیں  باندرہ ریلوے اسٹیشن کےقریب  1000 سے زیادہ مہاجر مزدوروں کی بھیڑ جمع ہوگئی تھی جن میں سے اکثر بہار، اتر پردیش اورمغربی بنگال کے تھے۔وہ  مانگ کر رہے تھے کہ ریاستی حکومت ان کے لیے ٹرانسپورٹ  کاانتظام  کرے تاکہ وہ  اپنے اپنے شہر اور گاؤں لوٹ سکیں۔

اس معاملے پر مہاراشٹر کےوزیر داخلہ  انل دیشمکھ کا کہنا تھا کہ منگل کو شہر کے باندرہ اسٹیشن کے باہر جمع  ہوئے سینکڑوں مہاجرمزدوروں کو امیدرہی ہوگی کہ وزیر اعظم  نریندر مودی ریاست  کی سرحدوں  کو کھولنے کا حکم  دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں(مزدوروں کو)بتا دیا ہے کہ سرحدیں نہیں کھلیں گی اور حالات  اب قابو میں ہے۔

وزیر نے کہا تھاکہ مزدوروں  کو یہ اطمینان  دلانے کے بعد کہ ان کے رہنے کھانے کا انتظام  ریاست  کرے گی ، بھیڑ اپنے آپ ہٹ گئی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)