خبریں

میڈیکل پیشہ وروں اور پولیس پر حملہ کر نے والوں کی ملکیت ضبط کی جائے: یوگی آدتیہ ناتھ

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کو رونا وائرس کے مشتبہ  مریضوں کی اسکریننگ کے دوران اگر کسی پبلک پراپرٹی  کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تو اس کے لیے ذمہ دار لوگوں سے اس کی بھرپائی کرائی جائے اور اگر وہ  ایسا نہیں کر پاتے ہیں تو ان کی ملکیت ضبط کی جانی چاہیے۔

یوگی آدتیہ ناتھ(فوٹو بہ شکری: فیس بک/MYogiAdityanath)

یوگی آدتیہ ناتھ(فوٹو بہ شکری: فیس بک/MYogiAdityanath)

نئی دہلی: اتر پردیش کے مرادآباد میں کو رونا وائرس مریضوں کے رابطہ میں آئے لوگوں کو کورنٹائن کرنے کی کوشش کررہے  میڈیکل پیشہ وروں  پر حملے کے ایک دن بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات  کو ہدایت دی کہ اگر ایسا کرنے والے پبلک پراپرٹی  کے نقصان کی بھرپائی نہیں کر پاتے ہیں تو ان کی ملکیت ضبط کی جائے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، ریاست کے ضلع مجسٹریٹوں کو میڈیکل پیشہ وروں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ملزمین  پر سخت کارروائی کی  ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ لاک ڈاؤن کو نافذ کرنے اور کو رونا وائرس کے مشتبہ  مریضوں کی اسکریننگ کے دوران اگر کسی پبلک پراپرٹی  کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تو اس کے لیے  ذمہ دار لوگوں سے اس کی بھرپائی کرائی جائے اور اگر وہ  ایسا نہیں کر پاتے ہیں تو ان کی ملکیت ضبط کی جانی چاہیے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش کمار اوستھی نے کہا، ‘میڈیکل اور پولیس ٹیم کی ہر طرح سے حفاظت  کی جانی چاہیے۔وزیر اعلیٰ  نے ہدایت دی ہے کہ ایسے شرپسند عناصروں  کے خلاف متعلقہ دفعات  اور این ایس اے کے تحت بھی معاملہ درج کیا جائے۔’

معلوم ہو کہ اگرحکام  مطمئن  ہیں کہ شخص قومی سلامتی یا نظم ونسق  کے لیے خطرہ ہے، تو این ایس اے کے تحت بنا کسی چارج کے 12 مہینے تک کے لیے اس کو حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔مرادآباد میں بدھ کو ہوئے حملے میں تقریباً 17 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس کو غیرانسانی جرم  کہا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے سبھی متعلقہ حکام  کو ہدایت  دی ہے کہ تین مئی تک کے لیے بڑھائے گئے لاک ڈاؤن پرسختی سے عمل  کیا جانا چاہیے۔