خبریں

ممبئی میں 171 میں سے 53 میڈیا اہلکار کورونا پازیٹو

ممبئی کے معاملوں کے سامنے آنے کے بعد ہی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ اخبار اور میڈیااداروں  کو ایک صلاح جاری کی جا رہی ہے۔ملک میں کو رونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹرمیں  اب تک انفیکشن  کے 4666 معاملے سامنے آ چکے ہیں اور 232 لوگ جان گنوا چکے ہیں۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں کم سے کم 53 میڈیااہلکار ایسے ہیں جن کے کو رونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق  ہوئی ہے۔ یہ جانکاری میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی)کے ایک افسرنے دی۔انہوں نے بتایا کہ کووڈ 19 کی جانچ کے لیے 16 اور 17 اپریل کو آزاد میدان میں خصوصی کیمپ  لگایا گیا تھا اور اس دوران 171 میڈیااہلکاروں  کے نمونے لیے گئے تھے جن میں الکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافی ، فوٹوگرافر اور کیمرا مین شامل تھے۔

بی ایم سی کے ترجمان  وجئےکھابلے نے بتایا،‘کل 171 نمونوں میں سے 53 کو رونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ ترمیں ابھی تک کوئی علامت نہیں ہے۔’کھابلے نے بتایا،‘سبھی متاثرین  کوآئسولیشن وارڈ میں رکھا جائےگا اور اس کے لیے مناسب جگہ  کی تلاش کرنے کی کارروائی چل رہی ہے۔’

انہوں نے بتایا کہ ان کے رابطہ میں آئے لوگوں کا پتہ لگانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔سب سے پہلے 20 اپریل کو ایک نوجوان صحافی کو ان کے کو رونا پازٹیو ہونے کی جانکاری دی گئی تھی جن کے دو بچے ہیں اور ماں باپ بھی بیمار ہیں۔

دی  وائر سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بی ایم سی سے جانکاری ملنے کے بعد انہوں نے سب سے پہلے اس کے بارے میں اپنے بیورو چیف کو بتایا۔انہوں نے کہا، ‘مجھ سے صرف یہ کہا گیا کہ اپنا خیال رکھو اور کچھ دنوں کے لیے باہر مت نکلو۔ رپورٹر نے کہا کہ اس کویہ جواب تب ملا جب اس نے ایک بھی دن چھٹی لیے بنا ایک مہینے سے زیادہ وقت تک کام کیا اور بیورو چیف سے ہر روز کہتا رہا کہ رپورٹروں پر فیلڈ پر بھیجنے کے لیے دباؤ نہ ڈالیں۔’

وہیں، اس پیشہ میں ایک دہائی سے زیادہ وقت دے چکے ایک دوسرےصحافی  نے کہا کہ اپنی زندگی خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کے لیےمدیران اورنیوز چینل مالکوں کا سلوک مایوس کن ہے۔29 سالہ صحافی نے کہا، ‘مناسب حفاظتی آلات  کے بنا میدان پر ہر روز جانے میں کچھ بھی ہمت کی بات نہیں ہے۔ میں اپنے باس سے کہتا رہا ہوں کہ میں ابھی جو کچھ بھی رپورٹ کر رہا ہوں، اس میں سے زیادہ تر کام گھر سے کر سکتا ہوں اور اس سے رپورٹنگ کا معیار کسی بھی طرح سے متاثر نہیں ہوگا، لیکن مدیر سننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔’

کچھ معاملوں میں ٹیلی ویزن چینلوں نے اپنے اہلکاروں  کے لیے صلاح جاری کی ہے، لیکن صحافیوں  کا کہنا ہے کہ ایسی تدابیر بے مطلب  ہیں۔ایک ٹرینی رپورٹر نے کہا، ‘یہ صلاح صرف ہمیں دھیان رکھنے کے لیے کہتے ہیں۔ یہ ہمیں نہیں بتاتا کہ کیسے۔ ساتھ ہی، ہمیں اپنے ادارے سے کوئی بھی نجی حفاظتی آلات فراہم  نہیں کیا جاتا ہے۔’

ممبئی کے علاوہ، چنئی میں دو صحافی اس مہینے کی شروعات میں کو رونا وائرس پازٹیو پائے گئے تھے۔ مارچ میں مدھیہ پردیش کے بھوپال کا ایک صحافی  بھی متاثرپایا گیا تھا۔حالانکہ، ممبئی کے معاملوں کے سامنے آنے کے بعد ہی وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ اخبار اور میڈیا اداروں  کو ایک صلاح جاری کی جا رہی ہے۔

جاویڈکر نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘یہ چونکانے والا ہے کہ الکٹرانک میڈیا کے 50 سے زیادہ صحافیوں ، بالخصوص کیمرا مین کو ممبئی میں کو رونا وائرس پازٹیو پایا گیا ہے۔ ہر صحافی  کومناسب دیکھ بھال کرنی چاہیے۔’

ممبئی میں 138 کی موت،کل متاثرین  کی تعداد3000 پہنچی

ممبئی میں کو رونا وائرس انفیکشن  کے 155 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ یہاں کووڈ 19 کےکل معاملے بڑھ کر 3000 کے پار پہنچ گئے۔ وہیں،بی ایم سی کےمطابق، سات اور لوگوں کی موت ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 138 ہو گئی ہے۔اس بیچ، مہاراشٹر میں سوموار کو کو رونا وائرس سے انفیکشن  کے 466 نئے معاملے سامنے آئے۔ حکام  نے بتایا کہ ریاست  میں ابھی تک 4666 لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ کووڈ 19 سے آج ریاست میں نو لوگوں کی موت ہوئی۔ ریاست  میں ابھی تک 232 لوگ کو رونا وائرس انفیکشن  سے جان گنوا چکے ہیں۔اس بیچ، بی ایم سی کے کے 24/7 ڈیزاسٹر مینجمنٹ روم کے دو اہلکارمتاثر پائے گئے ہیں۔ ایک افسر نے یہ بتایا۔بی ایم سی کی ریلیزکے مطابق، ممبئی میں کووڈ 19 کے کل 3090 معاملے اب تک سامنے آئے ہیں۔

صرف چار دنوں کے اندرانفیکشن  کے 1000 نئے معاملے سامنے آنے سے حکام  کی تشویش  بڑھ گئی ہے۔بی ایم سی نے کہا کہ 84 مریضوں کو صحت یاب  ہونے کے بعد ہاسپٹل  سے چھٹی دی گئی۔کل 394 مریض صحت یا ب  ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا، ‘مرنے والے سات لوگوں میں سے چھ پہلے ہی دوسری بیماریوں سے متاثرتھے۔’

معاملے بڑھنے کی وجہ پرروشنی ڈالتے ہوئے بی ایم سی نے کہا کہ مختلف لیب میں 14-17 اپریل کے بیچ 137 لوگوں کے نمونوں میں انفیکشن  کی تصدیق ہوئی اور سوموار کو ان کی جانکاری ملنے کے بعد انہیں تعلقہ  میں جوڑا گیا۔وہیں، بی ایم سی نے کہا کہ کستوربا اسپتال کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج پلازما تھیراپی سے کرنے کے لیے آئی سی ایم آر سے اجازت لینے کے عمل میں ہے۔

اس بیچ، پونے میں کووڈ 19 کے نئے 65 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ شہر میں اس کی کل تعداد بڑھ کر 734 ہو گئی۔ ایک افسر نے یہ جانکاری دی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)