خبریں

کووڈ 19: سکیورٹی گارڈس میں انفیکشن  کے معاملوں میں اضافہ، سی آر پی ایف کا دہلی ہیڈ کوارٹر سیل

اتوار کو دہلی میں آئی ٹی بی پی کے ایک ریٹائردہیڈ کانسٹبل کی کو رونا وائرس کی وجہ سے موت ہو گئی۔ اب تک آئی ٹی بی پی کے 21، بی ایس ایف کے 54، سی آر پی ایف کے تقریباً 200 جوان کو رونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔

دہلی میں لاک ڈاؤن کے دوران آئی ٹی بی پی کے جوان۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

دہلی میں لاک ڈاؤن کے دوران آئی ٹی بی پی کے جوان۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:قومی راجدھانی دلی میں پولیس اور فوج کے جوانوں  میں کو رونا وائرس انفیکشن  تیزی سے پھیل رہا ہے۔ہند-تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)کے 60 سالہ ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹبل کی اتوار کو کو رونا وائرس انفیکشن سے موت ہو گئی، وہیں فورس کے 20 اسٹاف  انفیکشن کی چپیٹ میں ہیں۔

اس کے علاوہ بی ایس ایف کے 37 جوان اور سی آر پی ایف 45 جوان اتوار کو کووڈ 19 سے متاثرپائے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ آئی ٹی بی پی کے اسٹاف نے صفدرجنگ ہاسپٹل میں آخری  سانس لی۔ وہ پہلے سے کچھ بیماریوں سے متاثر تھے اور دہلی کے تگری (خان پور) علاقے میں فورس کے کیمپ میں رہ رہے تھے۔

حکام  نے بتایا کہ آئی ٹی بی پی کےکل 21 اسٹاف کو رونا وائرس کی چپیٹ میں آئے۔ ان میں سے ایک کی موت ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان میں کچھ اہلکار وہ ہیں جونظم ونسق  بنائے رکھنے میں دہلی پولیس کی مدد کر رہے ہیں جبکہ دوسرے تگری کیمپ کے ہیں۔ہریانہ کے ایمس-جھجر میں 50 ویں بٹالین کے ایک انسپکٹر اور ایک ہیڈ کانسٹبل کوآئسولیشن  میں رکھا گیا ہے۔

بی ایس ایف کے کل 54 جوان کو روناسے متاثر

اتوار کو بی ایس ایف کے 37 اور جوان کووڈ 19 سے متاثر پائے گئے ہیں، جس کے بعد انفیکشن  کی چپیٹ میں آئے جوانوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی ہے۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان  نے بتایا کہ نئے معاملے دہلی پولیس کی کمان کے تحت نظم ونسق  کے لیے جامع مسجد اور چاندنی محل علاقوں میں تعینات 126ویں بٹالین اور تریپورہ سے سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا، ‘دہلی میں تعینات اس دستےکے کل 25 جوان اتوار کو کو رونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے اسی دستہ کے چھ جوانوں کی سنیچر کو کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔’انہوں نے بتایا کہ دستہ میں کل 94 جوان ہیں۔ترجمان  نے کہا کہ تریپورہ میں بی ایس ایف کی اکائیوں سے 12 اور معاملے سامنے آئے ہیں جہاں کل دو جوانوں میں انفیکشن  کا پتہ چلا تھا۔

ترجمان کے مطابق اب تک بی ایس ایف کے 54 جوان کو رونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔

انفیکشن کے معاملے بڑھنے کے بعد سی آر پی ایف کا دہلی ہیڈ کوارٹرسیل

اتوار کوسی آر پی ایف کے 45 جوان کووڈ 19 سے متاثر پائے گئے جس کے بعدمتاثرین کی کل تعداد بڑھ کر لگ بھگ 200 ہو گئی۔ساتھ ہی یہاں واقع سی آر پی ایف ہیڈکوارٹڑ کو دواہلکاروں  کے متاثر پائے جانے کے بعد سیل کر دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ انفیکشن کے تازہ معاملوں میں سی آر پی ایف کےایس ڈی جی رینک کے ایک افسر کے ایک نجی سکریٹری  اور ایک بس ڈرائیور کا معاملہ شامل ہے جو فورس کےہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے اہلکاروں کو لانے لے جانے کا کام کرتے تھے۔

سی آر پی ایف کی سیل کی گئی پانچ منزلہ عمارت لودھی روڈ پر سی جی او کمپلیکس میں واقع ہے۔سی آر پی ایف کے ایک ترجمان  نے کہا، ‘سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر سے متعلق  ایک ڈرائیور کووڈ 19 سے متاثر پایا گیا ہے۔ہیڈکوارٹڑ کو انفیکشن سے الگ  کرنے کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔’

فورس کے ذریعے جاری ایک حکم میں کہا گیا ہے، ‘چونکہ ہیڈکوارٹر میں ایک کو رونا وائرس انفیکشن کا معاملہ سامنے آیا ہے، اس ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے سبھی حکام  اور اہلکاروں  سے اپیل  ہے کہ وہ دفتر نہ آئیں اور تب تک گھر سے کام کریں۔’کہا گیا کہ ہیڈکوارٹر منگل تک بند رہےگا۔ ایک سینئر افسرنے کہا کہ سی آر پی ایف حکام نے ضلع  نگرانی افسر کو میڈیکل احکامات کے مطابق عمارت کو مناسب طریقے سے سیل کرنے کے لیے‘ضروری  پروٹوکال شروع کرنے’ کے لیے مطلع کیا ہے۔

انہوں نے کہا، ‘سبھی ضابطوں پر عمل  کیا جائےگا۔ سی آر پی ایف کے اےپی ماہیشوری نےہدایت  جاری کئے ہیں کہ سبھی کووڈ 19 احکامات  پر سختی  سے عمل  کیا جائے۔’انہوں نے کہا کہ دونوں متاثرہ افراد کے رابطہ  میں آئے افراد کا پتہ لگانے کے لیے ایک مہم  چلائی  گئی جس کے بعد ان کے براہ راست یا بالواسطہ رابطہ میں آئے 50 سے زیادہ اہلکاروں  کو الگ کر دیا گیا۔

فورس  میں کووڈ 19 کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں۔ سی آر پی ایف کی دہلی میں واقع 31ویں بٹالین کے کم سے کم 135 اہلکارمتاثر ہیں اور پچھلے ہفتے کووڈ 19 سے متاثر فورس کے 55 سالہ سب انسپکٹر کی موت ہو گئی تھی۔تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں سی آر پی ایف کے کم سے کم 144 اہلکار کو رونا وائرس سے متاثر ہیں۔

پانچ سی اے پی ایف  میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی ب یپی، سی آئی ایس ایف  اور ایس ایس بی ہیں۔ ان میں اہلکاروں  کی کل تعداد لگ بھگ 10 لاکھ ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)