خبریں

ارنب گوسوامی گرفتاری سے ملے تحفظ  کا بے جا فائدہ اٹھا رہے ہیں: مہاراشٹر حکومت

پال گھر لنچنگ معاملے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کے خلاف مبینہ طورپرقابل اعتراض تبصرہ کو لےکر دائر معاملے میں سپریم کورٹ نے ارنب گوسوامی کی گرفتاری پر روک لگائی ہے۔ اب مہاراشٹر حکومت نے سپریم کورٹ میں ڈالی گئی ایک عرضی میں کہا ہے کہ ارنب اپنے چینل کے ذریعے ممبئی پولیس پر دباؤ بنا رہے ہیں۔

ارنب گوسوامی (فوٹو: پی ٹی آئی)

ارنب گوسوامی (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:مہاراشٹر حکومت نے ری پبلک ٹی وی کے مدیر ارنب گوسوامی کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ادھو ٹھاکرے حکومت نے سپریم کورٹ میں عرضی  دائر کرکے کہا ہے کہ گوسوامی عدالت سے گرفتاری سے ملے تحفظ کا غلط استعمال  کر رہے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر حکومت نے کہا کہ ارنب اپنے چینل کے پروگرام  کے ذریعے ممبئی پولیس پر دباؤ بنا رہے ہیں۔

دو مئی کو دائر اس عرضی میں کسی بھی طرح کے دباؤ اور دھمکی سے جانچ کرنے والوں  کوتحفظ فراہم کرنے اور انہیں مناسب اورغیر جانبدارانہ  طریقے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے دینے کو کہا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی گوسوامی کو عدالت سے ملے  عبوری تحفظ  کا غلط استعمال  کرنے سے انہیں روکنے کی مانگ کی گئی ہے۔

عرضی  میں ری پبلک ٹی وی کے ہندی سماچار چینل کے ایک پروگرام  کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس شو میں ارنب کے بیان جانچ افسروں کو ڈرانے، انہیں خوفزدہ  کرنے والے ہیں۔ارنب گوسوامی پر صحافی کے طور پر اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کا الزام  لگاتے ہوئے عرضی  میں کہا گیا،‘انہوں نے (گوسوامی)پولیس کمشنر سمیت پولیس کے خلاف غیر مناسب، بیہودہ، جھوٹے اور توہین آمیز بیان دینے کے لیے باربار اپنے عہدے اور اپنے چینل کا استعمال کیا ہے۔’

مہاراشٹر حکومت کے وکیل  سچن پاٹل کے توسط سے دائر اس درخواست میں ارنب گوسوامی کو اپنے عبوری  تحفظ  کا غلط استعمال  نہیں کرنے کی ہدایت دینے کی بھی گزارش  کی گئی ہے۔عرضی میں گوسوامی کے ٹی وی شو کے بارے میں کچھ ٹوئٹ اور ان کی تفصیل کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ عرضی گزار نے اپنا حزب اور تھانے کے اندر تک اپنے رپورٹر اور کیمرا مین کے ساتھ پہنچنے کو اس پروگرام میں نشر کیا ہے۔بتا دیں کہ سپریم کورٹ نے 24 اپریل کو اپنے آرڈرمیں ارنب گوسوامی کے خلاف مختلف ریاستوں  میں درج ایف آئی آر اور شکایتوں کے بارے میں تین ہفتے کے لیے ان کی گرفتاری پر روک لگا دی تھی۔

گوسوامی کے خلاف یہ ایف آئی آر پال گھر ماب لنچنگ معاملے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کے خلاف مبینہ  طور پر قابل اعتراض بیانات کو لےکر دائر ہوئی تھیں۔بنچ نے گوسوامی کے خلاف ناگپور میں درج معاملے کو ممبئی ٹرانسفر کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ارنب کو جانچ میں تعاون کرنے کی  ہدایت  دی تھی۔

گوسوامی پر کانگریس صدر سونیا گاندھی کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے اورفرقہ واریت  کوبھڑ کانے کے الزام میں ملک  کی کئی ریاستوں  میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔اس کے بعد ارنب گوسوامی نے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا، جس کے بعد سپریم کورٹ نے گوسوامی کو عبوری  راحت دیتے ہوئے ان کی گرفتاری پر تین ہفتے کے لیے روک لگا دی تھی۔

ان کے خلاف کسی بھی طرح کی ٹھوس کارروائی نہیں کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔ ان سے تین ہفتے میں پیشگی  ضمانت کی عرضی داخل کرنے کو بھی کہا گیا تھا۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)