خبریں

ملک میں 24 گھنٹے میں 4 ہزار نئے معاملے اور 195 اموات

ہندوستان  میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، پچھلے 24 گھنٹوں میں تقریباً چار ہزار نئے معاملے سامنے آئے جب کہ 195افراد لقمہ اجل بن گئے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: وزارت صحت کے مطابق کووڈ انیس سے اب تک 1568 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور مصدقہ مریضوں کی تعداد 46437 ہوگئی ہے، جبکہ پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے 3900 نئے کیسز سامنے آئے اور 195 لوگوں کی موت ہوگئی۔ متاثرین اور اموات دونوں ہی لحاظ سے ایک دن میں یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔  حالانکہ تھوڑی راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک 12727 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ہندوستان  میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ ہے۔ تین مئی کو 40 روزہ لاک ڈاؤن مکمل ہونے کے بعد تیسرے مرحلے کے تحت اس میں 17مئی تک کے لیے توسیع کردی گئی ہے۔

وزیر اعظم مودی کا پاکستان پر نشانہ

کورونا کے حوالے سے ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کی ورچوؤل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان پر بالواسطہ حملے کیے۔

وزیر اعظم مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا،آج جہاں دنیا کووڈ انیس سے مقابلہ کررہی ہے وہیں کچھ لوگ دوسری طرح کے مہلک وائرس پھیلانے میں مصروف ہیں۔ جیسے کہ دہشت گردی، جیسے کہ فرضی خبریں اور برادریوں اور ملکوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے چھیڑ چھاڑ کرکے تیار کیے گئے ویڈیو۔

خیال رہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم کے ایک درجن سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں 22 ہندوستانی  سیکورٹی اہلکا ر ہلا ک ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز تصادم میں ایک کرنل اور ایک میجر سمیت پانچ سیکورٹی اہلکار اور سوموار کو ہندوستانی نیم فوجی دستے کے تین اہلکار مارے گئے۔

مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے مقابلہ کرنے کے دوران ہندوستان  نے یہ دکھا یا ہے کہ جمہوریت، ڈسپلن اور قوت ارادی ایک ساتھ مل کر کس طرح ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ انیس کے بحران کے مدنظر گھریلو ضرورتوں کے باوجود ہندوستان  نے تقریباً 120ملکوں کو دوائیں سپلائی کی ہیں جن میں 59 ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک ہیں۔

نوبل انعام یافتہ ابھیجیت کا مشورہ

نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات ابھیجیت بنرجی نے ہندوستان  کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا وائرس کی مار سے غریب عوام کو فوری راحت دینے کے لیے ان کے ہاتھوں میں پیسے دیے جائیں اور ہندوستان  اس سلسلے میں امریکہ سے سبق لے سکتا ہے۔

ابھیجیت بنرجی نے یہ مشورہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے ساتھ بات چیت کے دوران دیا۔ وہ ماہرین اقتصادیات کے ساتھ راہل گاندھی کی بات چیت کے سلسلے کی دوسر ی کڑی کے مہمان تھے۔ راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتے ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھو رام راجن سے بات چیت کی تھی۔

ابھیجیت بنرجی کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ جن لوگوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے انہیں کم از کم تین ماہ کے لیے فوری طور پر راشن کارڈ جاری کرے جس سے ہر کسی کو مفت راشن مل سکے، کیوں کہ ہر کسی کو چاول، دال، گیہوں اور چینی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ غریبوں تک کیش ٹرانسفر کا براہ راست نظم ہونا چاہیے جیسا کہ انڈونیشیا میں ہورہا ہے۔ماہر اقتصادیات کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں اضافہ کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار پوری طرح ٹھپ ہے۔

شراب پر کورونا ٹیکس

دہلی کی اروند کیجریوال حکومت نے شراب کی دکانوں پر ہجوم کو کم کرنے کے مقصد سے شراب کی قیمتوں پر 70 فیصد کورونا ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔مرکزی حکومت کی طرف سے بعض’لازمی اشیا‘ کی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کے بعد جب سوموار کو شراب کی دکانیں کھلیں تو لوگوں کا ہجوم ان پر ٹوٹ پڑا۔ سوشل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ بعض مقامات پر پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ شراب خریدنے کے لیے دکانوں پر کئی کیلومیٹر لمبی قطاریں بھی دیکھنے کو ملیں۔

خیال رہے کہ ہندوستان  میں ریاستی حکومتوں کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ شراب سے حاصل ہونے والی ٹیکس کی رقم ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے دہلی اور پڈوچیری نے 2019-20 میں شراب سے ایک لاکھ 75 ہزار 501 کروڑ روپے کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا ہے جب کہ 2018-19میں شراب سے ایک لاکھ 50 ہزار 658 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔

ڈیلی گروتھ ریٹ میں ہندوستان  اب اٹلی سے آگے

ہندوستان  اب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ’ڈیلی گروتھ ریٹ‘ والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ اب متاثر ہونے والوں کی تعداد اٹلی کے مقابلے یومیہ چھ گنا اور امریکہ اور برطانیہ کے مقابلے دو گنا ہوگئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تین مئی کے اعدادو شمار کے مطابق ہندوستان  میں ڈیلی گروتھ ریٹ اٹلی(0.1 فیصد) کے مقابلے چھ گنا، امریکہ (2.7) اور برطانیہ (3.0) کے مقابلے دو گناہے۔ اس وقت صرف روس اور برازیل ڈیلی گروتھ ریٹ کے معاملے میں ہندوستان  سے اوپر ہیں۔