خبریں

اتر پردیش: یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کے الزام  میں سیڈیشن کا معاملہ درج

اس بارےمیں الہ آباد پولیس نے معاملہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم نوجوان نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے ملک  میں امن وامان کو متاثر کرنے اور وزیر اعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ کی توہین  کرنے کی کوشش کی ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ(فوٹو بہ شکری: فیس بک/MYogiAdityanath)

یوگی آدتیہ ناتھ(فوٹو بہ شکری: فیس بک/MYogiAdityanath)

نئی دہلی:  اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض  تبصرہ کرنے کے الزام میں ایک نوجوان  کے خلاف سیڈیشن کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔الہ آباد کے شیوکٹی پولیس تھانے میں یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔الزام  ہے کہ نوجوان  نے مہاجر مزدوروں کے معاملے کو لےکر وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف فیس بک پر قابل اعتراض تبصرہ  کیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، سب انسپکٹر امرتا سنگھ کی شکایت کی بنیاد پرسنیچر کو ایف آئی آر درج کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نوجوان انوپ سنگھ کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 124اے، 500، 188 اور آئی ٹی  ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا، ‘الہ آباد کے راجیش کمار شکلا نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ پرینکا گاندھی واڈرا نے مہاجر مزدوروں کے لیے اتر پردیش ٹرانسپورٹ کی بسوں کو کیوں ہائر نہیں کیا؟ اسی پوسٹ پر الہ آباد کے انوپ سنگھ نے یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ وہ اپنے فیس بک کے ذریعے ملک  کے امن وامان کو متاثر کرنے اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی توہین کی کوشش کر رہے ہیں۔’

الہ آباد کے ایس ایس پی ستیارتھ انرودھ پنکج نے کہا کہ ابھی ملزم کے بارے میں تفصیلی جانکاری نہیں ہے۔

انہوں نے کہا، ‘ہم معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ ہماری سائبر سیل کی ٹیم ملزم کے بارے میں جانکاری اکٹھا کر رہی ہیں۔ ہم ان کی پرانی فیس بک پوسٹ بھی کھنگال رہے ہیں اور جلد ہی ان کا پتہ لگا لیں گے۔’