خبریں

کورونا وائرس: کنٹنمنٹ زون میں 30 جون تک لاک ڈاؤن، غیر کنٹنمنٹ زون میں آٹھ جون سے نرمی

غیر کنٹنمنٹ زون میں آٹھ جون سے ریستوراں، شاپنگ مال اور مذہبی مقامات کھلیں گے۔ وزارت صحت  اس کے لیے ایڈوائزری جاری کرےگی۔ حکومت نے لاک ڈاؤن 5.0 کو ‘ان لاک 1’ کا نام دیا ہے۔

کو رونا وائرس کے مدنظر لاک ڈاؤن کے دوران نئی دہلی(فوٹو: پی ٹی آئی)

کو رونا وائرس کے مدنظر لاک ڈاؤن کے دوران نئی دہلی(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کو رونا وائرس کے مد نظر لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ ختم ہونے کے ایک دن پہلے مرکزی وزارت داخلہ  نے سنیچر کو اس کے پانچویں مرحلہ کو لےکر نئے احکامات جاری کیے ہیں۔مرکز نے تین مرحلوں میں لاک ڈاؤن کو لےکراحکامات جاری کیے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں ہوٹل، شاپنگ مال اور مذہبی مقامات  کو کھولا جائےگا۔ رات کا کرفیو جاری رہےگا، لیکن اس کے وقت کو تھوڑا کم دیا گیا ہے۔

حکومت نے لاک ڈاؤن 5.0 کو ‘ان لاک 1’ کا نام دیا ہے۔نئے احکامات کے تحت کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن ایک جون سے 30 جون تک جاری رہےگا۔ کنٹنمنٹ زون میں صرف ضروری خدمات کی اجازت ہوگی۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ کنٹنمنٹ زون میں 30 جون تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا جبکہ دوسرے مقامات پر مرحلہ وار طریقے سے پابندی ہٹائی جائے گی۔

پہلے مرحلہ میں شاپنگ مال اور مذہبی مقامات وغیرہ  کھولے جا ئیں گے

پہلے مرحلہ میں آٹھ جون سے مذہبی مقامات، ہوٹلوں، ریستوراں اور شاپنگ مال کو کھولا جائے گا۔ اس کے لیےوزارت صحت ایڈوائزری جاری کرےگی۔آٹھ جون سے ایک ریاست سے دوسری  ریاست میں جانے کے لیے الگ سے کسی اجازت یا پاس کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

مرکز کے مطابق، اگر کوئی ریاست یا یونین ٹریٹری اب بھی اس پر کوئی پابندی لگانا چاہتی ہے تو اسے پہلے اس فیصلے کی جانکاری عوامی کرنی ہوگی۔

دوسرے مرحلہ میں اسکول اور کالج کھولنے کا فیصلہ لیا جائے گا

وہیں، دوسرے مرحلہ کے تحت ریاستی حکومتوں سے مشورہ کے بعد اسکول، کالج اور دوسرے تعلیمی ادارےکھولے جائیں گے۔ وزارت داخلہ کی جانب  سے کہا گیا ہے کہ ریاست اور یونین ٹریٹری  کی حکومتیں بچوں کے والدین اور ان کے سرپرست سے اس بارے میں اپنی  سطح پر صلاح لے سکتی ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہیں کھولنے کے بارے میں فیصلہ جولائی میں لیا جائے گا۔

تیسرے مرحلہ میں سنیماہال، زم، بار وغیرہ کھولنے کا فیصلہ ہوگا

تیسرے مرحلہ میں ممنوعہ سرگرمیوں کو پھر سے شروع کرنے کے لیے تاریخیں اگست مہینے میں طے کی جائیں گی۔ تب تک کے لیے انٹرنیشنل ہوائی سفر، میٹرو، سنیما ہال، زم، سوئمنگ پول، تفریحی پارک، تھیٹر، بار اور آڈیٹوریم، اسمبلی ہال وغیرہ بند رہیں گے۔اس دوران سماجی ، سیاسی، کھیل کود،تفریح، اکادمک، ثقافتی اورمذہبی تقاریب پر پابندی جاری رہے گی۔

رات نو سے صبح پانچ بجے تک کرفیو

احکامات کے تحت وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رات نو بجے سےصبح پانچ بجے تک نائٹ کرفیو نافذرہے گا۔بیان میں کہا گیا کہ رات نو سے صبح پانچ بجے تک سختی سے کرفیونافذکیا جائے گا، سوائے ضروری سرگرمیوں یا خدمات کے لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

معلوم ہو کہ لاک ڈاؤن 4 میں پہلے کرفیو کی مدت رات سات بجے سے صبح سات بجے تک تھی۔ وزارت داخلہ کے مطابق، مقامی حکام دفعہ144پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں گے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عبادت گاہ، ہوٹل، ریستوراں، دوسری خدمات اور مال 8 جون سے پھر سے کھل سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت داخلہ نے کہا کہ مرکز ان کے لیے ایس اوپی جاری کرےگا، تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

بتا دیں کہ کو رونا وائرس انفیکشن روکنے کے لیے ملک میں جاری  لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ 31 مئی کو ختم ہو رہا ہے۔چوتھا لاک ڈاؤن 18 مئی سے 31 مئی تک کے لیے لگایا گیا تھا۔ اس سے پہلے 25 مارچ سے 14 اپریل، 15 اپریل سے تین مئی اور چار مئی سے 17 مئی تک کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔

ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کو رونا کے 8000 سے زیادہ  معاملے سامنے آئے ہیں،اورکو رونا کے معاملے بڑھ کر 1.73 لاکھ سے زیادہ ہو گئے ہیں جبکہ اب تک 4971 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔