ادبستان

معروف موسیقار اور گلوکار واجد خان کا انتقال

ہندوستانی سنیما میں بھائی ساجد خان کے ساتھ ان کی جوڑی‘ساجد واجد’کے نام سے مشہور ہے۔ ‘وانٹیڈ’، ‘دبنگ’ اور ‘ایک تھا ٹائیگر’ جیسی سلمان خان کی کئی ہٹ فلموں میں انہوں نے موسیقی  ترتیب دی۔

واجدخان۔ (فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر)

واجدخان۔ (فوٹو بہ شکریہ : ٹوئٹر)

نئی دہلی: ہندوستانی سنیماکےمشہور موسیقار اورگلوکار واجد خان کاکو رونا وائرس سے انفیکشن کے بعد ممبئی کے ایک نجی ہاسپٹل  میں انتقال ہو گیا۔ وہ 42 سال کے تھے۔موسیقار واجد نے تمام کام اپنے بھائی ساجد خان کے ساتھ مل کر کیے۔ ان کی جوڑی‘ساجد واجد’ کے نام سے مشہور ہے۔

ساجد نے کہا، ‘ان کاانتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔’ انہوں نے کچھ دن پہلے واجد کے کووڈ 19سے متاثر ہونے کی جانکاری بھی دی تھی۔موسیقار سلیم مرچنٹ نے واجد کےانتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی دنوں سے چیمبورواقع سرانا اسپتال میں بھرتی تھے۔

سلیم نے کہا، ‘انہیں صحت سے متعلق پریشانیاں تھیں۔ کچھ وقت پہلے ان کا کڈنی ٹرانسپلانٹ ہوا تھا، لیکن حال ہی میں ان کی کڈنی میں انفیکشن ہو گیا۔ وہ پچھلے چار دن سے وینٹی لیٹر پر تھے، جس کے بعد ان کی حالت بگڑنے لگی۔ کڈنی انفیکشن  شروعات تھی، جس کے بعد حالت  بگڑتی چلی گئی۔’

انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا ہے، ‘ساجد واجد کی مشہور جوڑی سے میرے بھائی واجد کےانتقال کی خبر سے مایوس ہوں۔ اللہ ان کے گھروالوں کوحوصلہ دے۔ آپ جلدی چلے گئے۔ یہ ہماری برادری کے لیے بڑا نقصان ہے۔ میں حیران ہوں اور ٹوٹ گیا ہوں۔’

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر نے کہا بتایا کہ ان کی کو رونا وائرس جانچ بھی ہوئی تھی، جس میں وہ پازیٹو پائے گئے تھے۔اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر پرنس سرانا نے اس بات کی تصدیق  کی ہے کہ واجد خان کی موت گردے کی بیماری اور کو رونا وائرس کے انفیکشن سے ہوئی ہے۔

ساجد واجد کی جوڑی نے ‘وانٹیڈ’، ‘دبنگ’ اور ‘ایک تھا ٹائیگر’ جیسی سلمان خان کی کئی ہٹ فلموں میں موسیقی ترتیب  دی ہے۔دونوں کی جوڑی نے سلمان خان کی 1998 میں آئی فلم ‘پیار کیا تو ڈرنا کیا’ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔اس فلم میں ان کی موسیقی  ان دنوں کافی ہٹ ہوئی تھی۔ بالخصوص گٹار اور بنا شرٹ کے سلمان خان پر فلمایا گیا نغمہ او جان جاناں، ڈھونڈے تجھے دیوانہ… کافی مشہورہوا تھا۔

فلم کی کامیابی  کے بعد انہوں نے سلمان خان کی ‘گرو’، ‘تیرے نام’، ‘تم کو نہ بھول پائیں گے’، ‘پارٹنر’، ‘مجھ سے شادی کروگی’، ‘ہیلو بردر’، اور ‘دبنگ’ وغیرہ کئی ہٹ فلموں میں موسیقی  دی۔اس کے علاوہ انہوں نے سلمان کے کئی ہٹ گانوں جیسے ‘ہڑ ہڑ دبنگ دبنگ’، ‘میرا ہی جلوہ’، ‘فیوی کال سے’ اور اکشے کمار کے گانے ‘چن تا… تا… چتا چتا’ کی موسیقی ترتیب  دی۔

کو رونا وائرس کی روک تھام کے لیے جاری لاک ڈاؤن کے دوران سلمان کے ذریعےیوٹیوب پر ریلیز ‘پیار کرو نا’ اور ‘بھائی بھائی’نغمے  کی موسیقی بھی اس مشہور جوڑی نے ہی دی تھی۔اس کے علاوہ واجد خان نے ‘سا رے گا ما پا’ میں جج کا بھی رول  نبھایا۔

گلوکارہ سونا مہاپاترا نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا، ‘دل توڑ دینے والی خبر۔ واجد نہیں رہے۔ سا رے گا ما پا شو میں میں ان کے ساتھ جج تھی۔ وہ بےحد خاکسار اور فیاض تھے۔ مجھے پتہ ہے کہ وہ پچھلے کچھ وقت سے بیمار تھے، اس لاک ڈاؤن میں ان کوفون نہ کر پانے کا افسوس ہے۔ حیران  اور دکھی۔’

امیتابھ بچن، سلمان خان، اکشے کمار، پرینکا چوپڑا، پرنیتی چوپڑا، ورن دھون، موسیقار شنکر مہادیون،گلوکار جاوید علی نے ان کی رحلت  پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سلمان خان نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘واجد کو ہمیشہ پیار کریں گے، عزت دیں گے اور یاد کریں گے، آپ کی کمی کھلےگی۔ آپ کی خوبصورت روح  کو سکون ملے۔’

امیتابھ بچن نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘واجد خان کےانتقال سے حیران ہوں۔ ایک روشن  مسکراتی  ہوئی صلاحیت کاانتقال۔صدمے میں ہوں۔ دعا… عبادت…’

پرینکا چوپڑا نے ٹوئٹ کیا، ‘بھیانک خبر۔ ایک بات جو مجھے ہمیشہ یاد رہےگی، وہ ہے واجد بھائی کی ہنسی۔ ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے۔ بہت جلد چلے گئے۔ ان کے اہل خانہ اور دوسرےلوگوں کے لیےمیری تعزیت۔ آپ کی روح  کوسکون  ملے میرے دوست۔ آپ میری سوچ ااور دعاؤں میں ہو۔’

اکشے کمار نے کہا، ‘واجد خان کے انتقال کے بارے میں سن کر حیران اور دکھی ہوں۔ باصلاحیت اور ہمیشہ مسکراتا ہوا شخص جلدی چلا گیا۔ اس مشکل وقت میں ایشور ان کے گھر والوں  کوحوصلہ دے۔’

قابل ذکر ہے کہ واجد خان معروف طبلہ نواز استاد شرافت علی خان کے بیٹے تھے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)