خبریں

پندرہ دنوں کے اندر گھر بھیجے جائیں مزدور، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی  کے معاملے واپس ہوں: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ ریاست اوریونین ٹریٹری  مہاجر مزدوروں کی مہارت  کا اندازہ  کرنے کے بعد انہیں روزگار دستیاب کرانے کے لیے ان کے اعدادوشمار  مرتب  کریں۔

سپریم کورٹ (فوٹو : پی ٹی آئی)

سپریم کورٹ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو مرکزی حکومت کوہدایت  دی کہ وہ 15 دنوں کے اندر مہاجر مزدوروں کو ان کی ریاست  واپس بھیجے۔جسٹس اشوک بھوشن، سنجے کشن کول اور ایم آر شاہ کی بنچ نے حکام  کو ان مہاجر مزدوروں  کی پہچان کرنے اوررجسٹریشن  کرنے کی ہدایت دی، جو اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں اور اس پوری کارروائی  کو منگل سے 15 دنوں کے اندرمکمل کرنے کے لیے کہا۔

بنچ نے یہ بھی کہا کہ لاک ڈاؤن ضابطوں  کی مبینہ  خلاف ورزی  کرنے والے مزدوروں کے خلاف شکایتیں واپس لینے پر اتھارٹی غورکریں۔اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ ریاست اوریونین ٹریٹری ان مزدوروں کی مہارت کا اندازہ  کرنے کے بعد انہیں روزگار دستیاب  کرانے کے لئے ان کے اعدادوشمارمرتب کریں۔

عدالت نے مرکزکو ہدایت  دی کہ وہ ان مزدوروں  کے لیے اضافی  گاڑیوں کی مانگ کرنے والی  ریاستوں  کو 24 گھنٹے کے اندریہ سہولت دستیاب  کرائے۔معاملے کی اگلی شنوائی جولائی میں طے کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ مہاجر مزدوروں کی فلاح  اور روزگار کے لیے منصوبوں  کو ڈھنگ سے مشتہرکیا جانا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے کو رونا وائرس کی وجہ سےملک میں نافذلاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں کی طرف  جا رہے مزدوروں  کی بدتر حالت کو اپنی جانکاری میں لیتے ہوئے پانچ جون کو مرکز اور ریاستی حکومتوں  کی دلیل  سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ  رکھ لیا تھا۔اس سے پہلے 28 مئی کو معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ٹرین یا بس سے سفر کرنے والے کسی بھی مزدور سے کرایہ نہیں لیا جائےگا۔

کورٹ نے یہ بھی کہا کہ جب تک لوگ ٹرین یا بس کے لیے انتظار کر رہے ہوں گے اس دوران متعلقہ ریاست یایونین ٹریٹری انہیں کھانامہیا کرائیں۔اس کے علاوہ کورٹ  نے کہا تھا کہ جہاں سے ٹرین شروع ہوگی وہ ریاست مسافروں  کو کھانا اور پانی دیں گی۔ اس کے بعد سفر کے دوران ٹرین میں ریلوے کھانا پانی دےگا۔ بس میں بھی مسافروں  کو اشیائے خوردونوش  دیے جائیں گے۔

سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ سڑکوں پر چل رہے مزدروں  کوفوراً شیلٹر ہوم لے جایا جائے اور انہیں کھانا پانی سے لےکرتمام سہولیات مہیا کرائی جائے۔اس کے علاوہ کورٹ نے کہا تھا کہ ریاستی حکومتیں مہاجروں  کے رجسٹریشن کا معاملہ دیکھیں اور یہ یقینی بنائیں کہ جیسے ہی ان کا رجسٹریشن پورا ہو جاتا ہے، انہیں جلد سے جلد ان کے گھر پہنچایا جائے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)