خبریں

جولائی کے اواخر تک دہلی میں کورونا کے تقریباً 5.5 لاکھ معاملے ہوں گے، 80000 بیڈس کی ضرورت پڑے گی

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ  منیش سسودیا نے کہا کہ مرکزی حکومت کے افسروں  نے کہا ہے کہ دہلی میں ابھی کمیونٹی انفیکشن نہیں ہو رہا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا ہے کہ 31 جولائی تک قومی راجدھانی میں کورونا انفیکشن کے 5.5 لاکھ معاملے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے 80000 بیڈس کی ضرورت پڑےگی۔کووڈ 19 کو لےکر منگل کو اسٹیٹ ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہوئی بیٹھک کے بعد سسودیا نے یہ بات کہی۔ اس بیٹھک میں دہلی کے ایل جی انل بیجل اور ریاست کے وزیر صحٹ ستیندر جین بھی موجود تھے۔

سسودیا نے کہا، ’15 جون تک میں دہلی میں 44000 معاملے ہو جا ئیں گے اور 6600 بیڈس کی ضرورت پڑےگی۔ 30 جون تک میں کوروناانفیکشن کا معاملہ ایک لاکھ تک پہنچ سکتا ہے اور اس کے لیے 15000 بیڈس کی ضرورت ہوگی۔ 15 جولائی تک یہ تعداد2.25 لاکھ تک پہنچ جائےگی اور 33000 بیڈس کی ضرورت پڑےگی۔’

حالانکہ نائب وزیر اعلیٰ  نے یہ صاف جانکاری نہیں دی کہ دہلی میں کمیونٹی انفیکشن ہو رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا، ‘اس بیٹھک میں مرکزی حکومت کے افسران  بھی موجود تھے اور انہوں نے کہا کہ ابھی تک تو کمیونٹی انفیکشن نہیں ہے، اس لیے اس پر چرچہ  کی ضرورت نہیں ہے۔’

معلوم ہو کہ پچھلے کچھ دنوں میں دہلی میں کوروناانفیکشن کے معاملوں میں کافی تیزی سے اضافہ  ہوا ہے۔ دہلی سرکار کی ہیلتھ بلیٹن کے مطابق دہلی میں کوروناانفیکشن کا معاملہ 30000 کے قریب پہنچ گیا ہے، جس میں سے 874 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

اب تک  کل 11357 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں اور 17712 ایکٹو معاملے ہیں۔ دہلی سرکار 10 لاکھ لوگوں پرتقریباً 12658 لوگوں کا ٹیسٹ کر رہی ہے۔حالانکہ پچھلے کچھ دنوں میں ٹیسٹ کرنے کی رفتار میں کافی گراوٹ آئی ہے، جبکہ انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ اس وقت دہلی سرکار ایک دن میں تقریباً 3700 لوگوں کا ٹیسٹ کر رہی ہے جبکہ 29 مئی کے اعدادوشمار کے مطابق سرکار نے 7649 ٹیسٹ کئے تھے۔