خبریں

یوپی: کورونا ٹیسٹ کو لے کر سوال اٹھانے پر سابق آئی اے ایس افسر کے خلاف کیس درج

اتر پردیش کے سابق آئی اے ایس افسرسوریہ پرتاپ سنگھ نے ٹوئٹ کر کے ریاست میں کم کورونا ٹیسٹنگ ہونے کو لےکر سوال کھڑے کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ چیف سکریٹری نے زیادہ ٹیسٹ کرانے والے ضلع مجسٹریٹوں کی سرزنش کی  ہے۔ ایف آئی آر میں اس ٹوئٹ کو گمراہ کن  بتایا گیا ہے۔

سوریہ پرتاپ سنگھ (فوٹوبہ شکریہ : فیس بک)

سوریہ پرتاپ سنگھ (فوٹوبہ شکریہ : فیس بک)

نئی دہلی : اتر پردیش کے ایک ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر کے ایک ٹوئٹ کو لےکر پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، اتر پردیش کے سابق آئی اے ایس افسر سوریہ پرتاپ سنگھ نے گزشتہ10 جون کو ٹوئٹ کرکے کورونا وائرس کے سلسلےمیں سرکار کی ٹیسٹنگ پالیسی کو لےکر سوال کھڑے کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ریاست کے چیف سکریٹری نے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرانے والے کچھ ضلع مجسٹریٹ کی سرزنش کی  ہے۔

سوریہ پرتاپ سنگھ کے خلاف جمعرات کی  شام کو لکھنؤ کے حضرت گنج پولیس تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی، جس میں ان کے 10 جون کو کیے گئے ٹوئٹ کا ذکر تھا۔لکھنؤ کے حضرت گنج تھانے میں ہوئی اس ایف آئی آر میں سابق آئی اے ایس کے ٹوئٹ کو گمراہ کن  بتاکر ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 188، 505، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور وبائی امراض  ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سنگھ نے ٹوئٹ کرکے کہا تھا، ‘وزیر اعلیٰ یوگی کی ٹیم 11 کی میٹنگ کے بعد کیا چیف سکریٹری نے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرانے والے کچھ ضلع مجسٹریٹوں  کی سرزنش کی کہ کیوں اتنی تیزی پکڑئے ہو، کیا انعام پانا ہے، جو ٹیسٹ ٹیسٹ چلا رہے ہو؟ اتر پردیش کے چیف سکریٹری صورتحال کو صاف کریں گے؟ یوپی کی اسٹریٹجی نو ٹیسٹ = نو کورونا۔’

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے، ‘ٹوئٹ میں غلط حقائق اور جانکاری  دی گئی، جس سے بڑے پیمانےپر عوام  میں ڈر کا ماحول بنا۔ سنگھ پر ضابطوں پر عمل  نہیں کرنے، وباکو  قابو کرنے کے لیے قانون کی مختلف  دفعات کی خلاف ورزی  کرنے کے الزام  میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔’

سوریہ پرتاپ سنگھ نے خود کے خلاف معاملہ درج ہونے کے بعد ٹوئٹ کرکے کہا، ‘وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جی، اگر 69000 اسسٹنٹ ٹیچر بھرتی معاملے پر آواز اٹھانے پر آپ مجھ سے ناراض ہیں تو اس کا بدلہ نکالنے کے لیے ایک عدد ٹوئٹ کوبنیاد بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ سیدھے اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹتے ہوئے بھی مجھ پر مقدمہ کر سکتے تھے۔’

مقدمہ درج ہونے کے بعد سابق آئی اے ایس افسر نے ایک کے بعد ایک کئی ٹوئٹ کئے ہیں۔ایک ٹوئٹ میں وہ کہتے ہیں، ‘یوگی آدتیہ ناتھ جی کورونا کیسوں کی تعداد چھپانے سے نہ ریاست کا بھلا ہوگا اور نہ ہی سرکار کا۔ کورونا کی جانچ کرنے کی اجازت سرکار سے لینے کی مجبوری، میرے سوال پوچھنے پر مقدمہ، یہ سبھی میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جو آئین  مجھے دیتا ہے۔ میرے کچھ سوال ہیں جو میں پوچھنا چاہتا ہوں۔’

بتا دیں کہ سوریہ پرتاپ سنگھ 1982 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں جو 2015 میں ریٹائر ہو گئے تھے۔ ان کی آخری پوسٹنگ اتر پردیش میں چیف سکریٹری  کے طور پر تھی۔انہوں نے 2015 میں ریٹائرمنٹ  سے پہلے یہ کہتے ہوئے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لے لی تھی کہ ایک ایماندار افسر کے لیے اتر پردیش میں کام کرناناممکن ہے۔ اس وقت صوبے میں سماجوادی پارٹی کی سرکار تھی اور اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ  تھے۔