خبریں

معروف ایکٹر سشانت سنگھ راجپوت نے کی خودکشی

سشانت سنگھ راجپوت نے فلم کائے پو چے سے فلموں میں قدم رکھا تھا اور شدھ دیسی رومانس، ڈٹیکٹو بیوم کیش بخشی، ایم ایس دھونی:دی  انٹولڈ اسٹوری، کیدارناتھ اور چھچھورے جیسی فلموں میں نظر آ چکے تھے۔

سشانت سنگھ راجپوت(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

سشانت سنگھ راجپوت(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: معروف ایکٹر سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کر لی ہے۔ اتوار کو ان کی لاش ممبئی کے باندرہ واقع ان کے گھر میں ملی ۔ وہ 34 برس کے تھے۔سشانت آخری بار جیکلن فرنانڈیزکے ساتھ نیٹ فلکس پر ریلیز فلم ڈرائیو میں نظر آئے تھے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ڈی جی پی زون 9 ابھیشیک تر مکھے نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ فی الحال ممبئی پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

انڈیا ٹو ڈے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے سنیچر کی  رات کواپنے خاص دوستوں کو گھر پر بلایا تھا۔ حالانکہ ابھی ان کے کسی دوست نے اس بات کی تصدیق  نہیں کی ہے۔ وہ دیر رات سونے گئے تھے، اس لیے صبح جب دیر تک نہیں اٹھے تو گھر میں کام کرنے والوں کو حیرانی نہیں ہوئی۔

دوپہر بعد جب ان کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا۔ دوپہر میں سشانت کے دوستوں کو فون کیا اور دروازہ توڑا گیا تو ان کی لاش کمرے میں لٹکتی ہوئی ملی۔اس سے پہلے گزشتہ  نو جون کو  سشانت کی سابق مینجر دشا سالیان کی موت ہو گئی تھی۔ ممبئی کے ملاڈ میں واقع ان کے دوست کے 14ویں فلور پرواقع اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے گرنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق، دشا نے خودکشی نہیں کی تھی، بلکہ نو جون کی رات ایک بجے کھڑکی سے گر گئی تھیں۔ ایسا بتایا گیا کہ انہوں نے رات کے کھانے کے بعد شراب پی رکھی تھی اور اسی دوران پھسل کر کھڑکی سے نیچے گر گئیں۔بہرحال سشانت سنگھ راجپوت نے سال 2013 میں آئی فلم ‘کائے پو چے’سے راج کمار راؤ اور امت سدھ کے ساتھ فلموں میں قدم رکھا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ 2013 میں ہی وہ پرنیتی چوپڑا اور وانی کپور کے ساتھ شدھ دیسی رومانس میں نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ ڈٹیکٹو بیوم کیش بخشی(2015)،ایم ایس دھونی:دی  انٹولڈ سٹوری(2016)، کیدارناتھ(2018)اور چھچھورے (2019) جیسی فلموں میں نظر آ چکے تھے۔عامر خان کے ساتھ وہ فلم پی کے(2014) میں نظر آئے تھے۔

وہ 21 جنوری 1986 کو پٹنہ میں پیدا ہوئے تھے۔

ایکٹنگ کے اپنے کریئر کی شروعات انہوں نے اسٹار پلس کے سیریل کس دیش میں ہے میرا دل (2008) سے کیا تھا۔ اس کے بعد زی ٹی وی کے سیریل  پوتر رشتہ (2009-11)سے انہیں شہرت  ملی تھی۔