خبریں

بہار: آٹھ سال میں بن کر تیار ہو ئے پل کا ایک حصہ افتتاح کے مہینے بھر بعد ہی گر گیا

گوپال گنج کومشرقی چمپارن ضلع سے جوڑ نے والے ستارگھاٹ پل کا افتتاح گزشتہ16 جون کو ہوا ہے۔ بہار سرکار نے اس خبر کو فیک نیوز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پل محفوظ ہے۔مین  پل سے دو کیلومیٹر دور ایک سڑک کو نقصان پہنچاہے۔

(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@yadavtejashwi)

(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@yadavtejashwi)

نئی دہلی: بہار میں گوپال گنج اورمشرقی چمپارن ضلع کو جوڑ نے والےنوتعمیر شدہ  پل کا ایک حصہ مبینہ طور پر افتتاح کے تقریباً ایک مہینے بعد ہی بدھ کوشدید بارش کی وجہ سےگر گیا۔اس پل کا افتتاح خود وزیراعلیٰ  نتیش کمار نے کیا تھا۔ اس حادثے میں کسی کےزخمی  ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

گنڈک ندی پر بنے 1.4 کیلومیٹر لمبے ستارگھاٹ پل کا کام پچھلے آٹھ سال سے چل رہا تھا اور گزشتہ16 جون کو اس کو عام استعمال کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

تقریباً 264 کروڑ روپے کی لاگت سے بہاراسٹیٹ برج کسنٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ نے اس پل کو بنایا تھا۔حکام  کا کہنا ہے کہ پل کے اپروچ روڈ کو جوڑ نے والی پلیا ندی کے بڑھتےآبی سطح کی وجہ سے دباؤ جھیل نہیں پائی اور جب والمیکی نگر کی طرف پانی چھوڑا گیا تو یہ بہہ گئی۔

پل کو نقصان پہنچنے پراپوزیشن نے وزیر اعلیٰ  نتیش کمار کی تنقید کی ہے۔

آرجے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘263 کروڑ سے 8 سال میں بنا، لیکن محض 29 دن میں گرگیا پل۔ منظم بدعنوانی کے بھیشم پتاما نتیش جی اس پر ایک لفظ  بھی نہیں بولیں گے اور نہ ہی سائیکل سے رینج روور کی سواری کرانے والے کرپٹ ہم جماعت وزیر کو برخاست کریں گے۔ بہار میں چاروں طرف لوٹ ہی لوٹ مچی ہے۔’

بہار کانگریس چیف مدن موہن جھا نے کہا، ‘16 جون کو 263.47 کروڑ روپے کی لاگت سے بنے پل کا افتتاح اور 15 جولائی کو اس کا ستیاناش۔ اب اس کا الزام بیچارے چوہوں پر مت لگا دینا۔’

جھا نے یہ تنقید2017 میں نتیش کمار کابینہ کے ایک وزیر کے بیان کو لےکر کیا ہے، جس میں انہوں نےباندھوں  میں چوہوں کے ذریعے سوراخ کیے جانے سے باندھ کے کمزور ہونے اور بہار میں سیلاب آنے کے لیے انہیں(چوہوں)قصوروار ٹھہرایا تھا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق،اس  کو فیک نیوز بتاتے ہوئے بہار سرکار نےوضاحت دی ہے۔

ریاستی  حکومت کے حکام  کے مطابق،مین پل سے دو کیلومیٹر دور ایک سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ لنک روڈ باندھ  سے لگا ہوا ہے اور ستارگھاٹ پل اس اس کا کوئی سیدھا جڑاؤ نہیں تھا۔حکام  کا کہنا ہے کہ پل محفوظ ہے۔این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں ریاستی وزیر نند کشور یادو نے کہا، ‘لنک روڈ کو نقصان پہنچنےکی وجہ  کا پتہ لگانے کے لیے جانچ کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔’