خبریں

کرناٹک: بڑھتے کووڈ معاملوں کے بیچ بو لے وزیر صحت، کورونا سے صرف بھگوان ہی بچا سکتے ہیں

کورونا پرکرناٹک کے وزیر صحت بی شری راملو کے بیان کے بعد کانگریس نے کہا کہ ان کا بیان دکھاتا ہے کہ  سرکار کووڈ بحران  سے لڑنے میں ناکام رہی ہے۔ بعد میں وزیر صحت نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے ایک طبقے نے ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا۔

کرناٹک کےوزیر صحت بی شری راملو(فوٹوبہ شکریہ: ٹوئٹر/@sriramulubjp)

کرناٹک کےوزیر صحت بی شری راملو(فوٹوبہ شکریہ: ٹوئٹر/@sriramulubjp)

نئی دہلی: کرناٹک میں کووڈ 19کے معاملوں میں لگاتار ہو رہے اضافےکے بیچ ریاست کے وزیر صحت بی شری راملو نے کہا ہے کہ ریاست کو صرف بھگوان ہی بچا سکتے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیےعوام کا تعاون ضروری ہے۔

ریاستی سرکار کےکورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام رہنے کے کانگریس کےالزامات کے بعد چتردرگ میں بدھ کو وزیر نے یہ بیان دیا۔حالانکہ بعد میں اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ میڈیا کے ایک طبقےنے ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا۔

شری راملو نے بدھ کو صحافیوں سے کہا، ‘بتائیے اسے (وباکو قابوکرنے کا)کس کا کام ہے۔ صرف بھگوان ہی ہمیں بچا سکتے ہیں۔ لوگوں کے بیچ بیداری  پیدا کرنا ہی واحد طریقہ ہے۔ ایسی صورت میں کانگریس کے رہنما سیاست کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ یہ کسی کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔’

این ڈی ٹی وی کے مطابق، شری راملو نے کہا، ‘دنیا بھر میں کورونا وائرس کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ہم سب کو محتاط رہنا چاہیے۔ چاہے آپ اقتدارمیں ہوں یا اپوزیشن میں، امیر ہوں یا غریب۔ وائرس کسی میں فرق نہیں کرتا ہے۔’

وزیر صحت نے کہا، ‘مجھے 100 فیصدی یقین ہے کہ اگلے دو مہینوں میں کیس بڑھیں گے ہی۔ لوگ شکایت کر سکتے ہیں کہ یہ سب سرکار کی لاپرواہی کی وجہ سے ہو رہا ہے یا پھر وزرا کے بیچ عدم تعاون اس کی وجہ ہے لیکن یہ سب سچائی سے بہت دور ہے۔ اب بس بھگوان ہی ہمیں کورونا سے بچا سکتے ہیں۔’

وزیر صحت شری راملو نے یہ بھی کہا کہ سرکار ایک مشکل حالت  میں بھی اچھا مظاہرہ کر رہی ہے۔ان کے اس بیان کے بعد اپوزیشن سرکار کو تنقید کا نشانہ بنانے لگی اور کووڈ 19 سے نپٹنے کے سرکار کے اقدام پر سوال اٹھانے لگی۔

کانگریس رہنماڈی کے شیوکمار نے ٹوئٹ کہا، ‘کرناٹک کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ‘اب بس بھگوان ہی کرناٹک کو بچا سکتے ہیں’۔ ان کا یہ بیان دکھاتا ہے کہ سرکار کووڈ بحران  سے لڑنے میں ناکام رہی ہے۔ ہمیں ایسی سرکار کی ضرورت کیا ہے، جو وبا نہیں سنبھال پا رہی ہے؟ اس سرکار کے نکمےپن نے عوام کو بھگوان بھروسے چھوڑ دیا ہے۔’

بیان پر ہنگامہ ہونے کے بعد وزیرنے کہا کہ میڈیا کے ایک طبقے نے ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا۔شری راملو نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مطلب یہ تھا کہ جب تک کووڈ 19 کا ٹیکہ نہیں بن جاتا، تب تک بھگوان ہی ہماری حفاظت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بدھ کی دیر رات کو ایک ویڈیو جاری کرکے کہا، ‘میں نے کہا تھا کہ لوگوں کےتعاون  کے علاوہ بھگوان کو بھی ہماری حفاظت  کرنی چاہیے لیکن میڈیا کے ایک طبقے نے اس کا یہ مطلب نکالا کہ شری راملو کورونا وائرس پھیلنے کو لےکر بے بس  ہو چکے ہیں۔’

انہوں نے کہا، ‘یہ کہنے کے پیچھے میری منشایہ تھی کہ جب تک ٹیکا نہیں آ جاتا، بھگوان ہی ہمیں بچا سکتے ہیں۔ اسے غلط طریقے سے پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔’

(خبررسا ں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)