خبریں

بہار: سیلاب سے اب تک 21 لوگوں کی موت، 16 اضلاع کے 69 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر

دربھنگہ ضلع کی حالت  بےحد خراب ہے، جہاں 202 پنچایتوں کی 18 لاکھ سے زیادہ آبادی سیلاب سے متاثر ہے۔

(فوٹو: پی ٹی آئی)

(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بہار میں سیلاب سے اب تک 21 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 16اضلاع کی 69 لاکھ سے زیادہ کی آبادی اس سے متاثر ہے۔محکمہ آفات  سے ملی جانکاری کے مطابق، سیلاب سے دربھنگہ ضلع میں سب سے زیادہ سات لوگوں، مظفر پور میں چھ، مغربی چمپارن میں چاراور سارن اور سیوان میں دودولوگوں  کی اب تک موت ہو چکی ہے۔

بہار کے 16اضلاع سیتامڑھی، شیوہر، سپول، کشن گنج، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج، مشرقی چمپارن، مغربی چمپارن، کھگڑیا، سارن، سمستی پور، سیوان، مدھوبنی، مدھے پورہ اورسہرسہ ضلع کے 124بلاک کے 1185 پنچایتوں کی 6903640 آبادی سیلاب سے متاثر ہے۔

سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لوگوں کو کھانا کھلانے کے لیے 1402 کمیونٹی کچن  کا انتظام کیا گیا ہے۔دربھنگہ ضلع میں سب سے زیادہ 15بلاک کے 202 پنچایتوں کی 18 88040 کی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔بہار کے سیلاب متاثرہ ان اضلاع میں بچاؤ اور راحت کے کام چلائے جانے کے لیے این ڈی آرایف اور ایس ڈی آرایف کی کل 33 ٹیموں کی تعیناتی کی گئی ہے۔

بہار کے ان اضلاع میں سیلاب کی وجہ ادھوارا گروپ کی ندی، لکھن دیئی، راتو، مرہا، منوسمارا، باگمتی، ادھوارا گروپ، کملا بلان، گنڈک، بوڑھی گنڈک، کدانے، نون، وایا، سکرہنا، لال بکیہ، تلاوے، دھنوتی، مسان، کوشی، گنگا، کملا بلان، کر یہہ اور دھونس ندی کے آبی سطح کا بڑھنا ہے۔

محکمہ آبی وسائل سے ملی جانکاری کے مطابق، باگمتی ندی سیتامڑھی، مظفر پور اور دربھنگہ میں، بوڑھی گنڈک ندی مظفر پور، سمستی پور اورکھگڑیا میں، کملا بلان ندی مدھوبنی میں، گنگا ندی بھاگلپور میں، ادھوارا ندی سیتامڑھی میں، کھروئی دربھنگہ میں اور گھاگھرا ندی سیوان میں بدھ کو خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔

بدھ کی دیر رات کھگڑیا ضلع میں بوڑھی گنڈک ندی میں تانتی ٹولہ کے پاس باندھ ٹوٹ گیا۔ اس پر بہار کے آبی وسائل کے وزیر سنجے کمار جھا نے کہا کہ بحالی کا کام چل رہا ہے۔جھا نے ایک ٹوئٹ میں کہا، باندھ پر مرمت اور بحالی کا کام چل رہا ہے۔ افسر نگرانی رکھ رہے ہیں۔ لوگوں کو گھبراہٹ اور ڈر سے بچنے کی صلاح دی جا رہی ہے۔’

وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاست کے سیلاب متاثرہ ا ضلاع کھگڑیا، سہرسہ اور دربھنگہ میں کشتی کے حادثے کا شکار ہونے کے تین الگ الگ واقعات میں لوگوں کی جان جانے پر تعزیت کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ کو متاثرہ فیملی کوفوراً معاوضہ  دینے کی ہدایت دی تھی۔

وزیراعلیٰ نے ایک ٹوئٹ میں کہا، ‘کھگڑیا، سہرسہ اور دربھنگہ میں ناؤ ڈوبنے کے حادثے سے غم زدہ  ہوں۔ میں نے ضلع انتظامیہ  کو متاثرہ فیملی  کو معاوضہ دینےکی ہدایت دی ہے۔’پربھات خبر کے مطابق، وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کو دربھنگہ اور گوپال گنج میں سیلاب متاثرین کو مدد کرنے اور راحت کیمپوں میں بہتر انتظام کرنے کی ہدایت دی۔

ساتھ ہی نتیش کمار نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم میں احتیاط سے کام لیں۔محکمہ آفات کی جانب سے جاری کیے گئے مشوروں پر عمل  کریں۔ خراب موسم میں گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں۔محکمہ آفات  کے ایڈیشنل سکریٹری رام چندر  نے بتایا کہ ساڑھے چار لاکھ فیملی کے بینک کھاتے میں ہر فیملی کے حساب سے چھ ہزار روپے کی کل 270.80 کروڑ روپے کی رقم بھیجی جا چکی ہے۔

 (خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)