خبریں

اتر پردیش: سرکاری ہاسپٹل کے باہر معمر خاتون سے مارپیٹ، ملزم گارڈ گرفتار

واقعہ الہ آباد کے سوروپ رانی ہاسپٹل کے باہر کا ہے، جہاں ہاسپٹل کے باہر بیٹھی ایک معمرخاتون کے ساتھ وہاں تعینات سکیورٹی گارڈ نے بےرحمی سے مارپیٹ کی۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون  ذہنی طور پرمعذور ہیں۔

(فوٹوبہ شکریہ :سوشل میڈیا/ویڈیوگریب)

(فوٹوبہ شکریہ :سوشل میڈیا/ویڈیوگریب)

اتر پردیش کے الہ آباد میں ایک سرکاری ہاسپٹل کے باہر بیٹھی معمر خاتون  کی بےرحمی سے پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ملزم  سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں سکیورٹی گارڈ کو خاتون  پر پیروں سے حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، معاملہ الہ آباد کے سوروپ رانی نہرو (ایس آراین)ہاسپٹل کا ہے۔ملزم سکیورٹی گارڈ کی پہچان سنجے مشرا کے طور پر ہوئی ہے۔دراصل خاتون جمعرات کی  رات کو علاج کے لیے ایس آراین ہاسپٹل آئی تھیں اور ہاسپٹل کے ٹراما سینٹر کے باہر بیٹھ گئی تھیں۔

تبھی وہاں ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی گارڈ نے پہنچ کر خاتون  کو وہاں سے بھگانے کے لیے ان کی بےرحمی سے پٹائی کی۔واقعہ  کا ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں خاتون  درد میں کراہتی اور مدد مانگتی دکھتی ہیں۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر ہاسپٹل انتظامیہ نے فوراً سکیورٹی گارڈ کو نوکری سے ہٹا دیا۔

پولیس نے گارڈ کے خلاف معاملہ درج کرکے  اس کو گرفتار کر لیا۔ وہیں،خاتون کو علاج کے لیے ایس آراین ہاسپٹل میں ہی بھرتی کیا گیا ہے۔ہاسپٹل نے اس نجی ایجنسی کو بھی بلیک لسٹ کر دیا ہے، جس کے ذریعے سکیورٹی گارڈ کو ہاسپٹل میں ڈیوٹی پر رکھا گیا تھا۔

یہ بتایا جا رہا ہے خاتون ذہنی طور پر معذور ہیں اور کئی دنوں سے ہاسپٹل کے ایمرجنسی وارڈ کے پاس آتی تھیں لیکن گارڈ اسے باربار ہٹا دیتا تھا۔