خبریں

راجستھان: مبینہ طور پر جئے شری رام نہیں بولنے پر آٹو رکشہ ڈرائیور سے مارپیٹ، دو گرفتار

یہ معاملہ سیکر کا ہے۔ ڈرائیورکا کہنا ہے کہ ان کی داڑھی نوچی گئی، لات اور گھسے مارے گئے، جس سے ان کے دو سے تین دانت ٹوٹ گئے۔ ان کی بائیں آنکھ، گال اور سر پر چوٹیں آئی ہیں۔الزام  ہے کہ ڈرائیورکو پاکستان بھیجنے کی دھمکی بھی دی گئی۔

علامتی تصویر،فوٹو(فوٹو: پی ٹی آئی)

علامتی تصویر،فوٹو(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی : راجستھان کے سیکر ضلع میں مبینہ  طور پر مودی زندہ باد اور جئے شری رام کا نعرہ نہیں لگانے پر ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کی بےرحمی سے پٹائی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیورغفار احمد کچھوا (52)کی شکایت پر ایف آئی آر درج کر دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

غفار کو اتنی بےرحمی سے پیٹا گیا ہے کہ ان کے دانت ٹوٹ گئے ہیں، آنکھوں میں سوجن آ گئی ہے اور چہرے پر مارپیٹ کے نشان ہیں۔

ان کے بھتیجے شاہد کا کہنا ہے، ‘جمعہ کو علی الصبح لگ بھگ چار بجے میرے چچا آٹو رکشہ سے سواری کو پاس کے گاؤں میں چھوڑکر لوٹ رہے تھے کہ تبھی دو لوگوں نے انہیں روک لیا اور ان سے تمباکو مانگا۔ چچا نے تمباکو دینی چاہی تو انہوں نے لینے سے انکار کر دیا اور ان سے مودی زندہ باد بولنے کو کہا۔’

پولیس کی جانب  سے درج ایف آئی آر میں غفار نے کہا کہ جب میں نے نعرہ لگانے سے منع کر دیا تو انہوں نے مجھے تھپڑ مارا۔

غفارنے اپنی شکایت میں کہا، ‘ملزمین میں سے ایک نے مجھ سے مودی زندہ باد کا نعرہ لگانے کو کہا۔ میں نے انکار کیا تو اس نے مجھے زور سے تھپڑ مارا۔ میں نے اپنی ٹیکسی لی اور سیکر کی طرف بھاگنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے اپنی کار سے میرا پیچھا کیا اور جگ مال پورہ کے پاس میرا آٹو روک دیا۔ انہوں نے مجھے آٹو سے باہر نکالا اور بری طرح سے میری پٹائی کی۔ انہوں نے مجھے نازیبا کلمات بھی کہے اور مودی زندہ باد اور جئے شری رام کا نعرہ لگانے کو کہا۔’

غفارنے ملزمین پر 700 روپے اور کلائی گھڑی چرانے کا بھی الزام  لگایا ہے۔

ایف آئی آر میں غفار کی جانب  سے کہا گیا ہے، ‘ملزمین نے میری داڑھی کھینچی، مجھے لات اور گھسے مارے، جس سے میرے دو تین دانت ٹوٹ گئے۔ میری بائیں آنکھ، گال اور سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے مجھ پر ڈنڈے سے حملہ کیا تھا۔ انہوں نے پیٹنے کے بعد کہا کہ وہ مجھے پاکستان بھیجنے کے بعد ہی آرام کریں گے۔’

غفار کی شکایت کی بنیادپر جمعہ  کوملزمین کے خلاف آئی پی سی کی دفع323،341،504،506،327،382 اور 34 کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔

وہیں، سیکر میں صدر پولیس تھانے کے ایس ایچ او پشپیندر سنگھ نے کہا، ‘ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ہم نے جمعہ کو شمبھودیال جاٹ (35) اور راجیندر جاٹ (30) کو گرفتار کیا۔ شروعاتی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ ان دونوں لوگوں نے اپنی گاڑی پارک کی تھی اور شراب پی رہے تھے کہ تبھی انہوں نے کچھوا کو روک لیا، اس سے بدتمیزی کی اور بےرحمی سے پٹائی کی۔’