خبریں

یو پی ایس سی جہاد ٹریلر: آئی پی ایس ایسوسی ایشن کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کیا سدرشن نیوز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

سدرشن نیوز کے چیف ایڈیٹرسریش چوہان کے اپنے شو ‘بند اس بول’کے متنازعہ ٹریلر میں‘جامعہ کے جہادی’کہتے نظر آ رہے ہیں۔ جامعہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ صرف یونیورسٹی اور ایک کمیونٹی  کی امیج کو خراب  کرنے کی کوشش کی ہے، بلکہ یو پی ایس سی کی ساکھ  کو بھی داغدار کرنے کی کوشش کی ہے۔

(بہ شکریہ: سدرشن نیوز/ویڈیوگریب)

(بہ شکریہ: سدرشن نیوز/ویڈیوگریب)

نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مرکزی وزارت تعلیم کو خط لکھ کر یونیورسٹی  کی امیج کو خراب  کرنے کے لیے سدرشن نیوز چینل اور اس کے چیف ایڈیٹرسریش چوہان کے کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ  کیا ہے۔چوہان کے نے 26 اگست کو اپنے شو بند اس بول کا ایک ٹریلر ٹوئٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے ہیش ٹیگ یو پی ایس سی جہاد کے ساتھ نوکر شاہی میں مسلمانوں کی گھس پیٹھ کی سازش  کا بڑا انکشاف  کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس ویڈیو میں انہوں نے جامعہ رہائشی کوچنگ اکادمی(آرسی اے)سے پڑھ کر یو پی ایس سی کا  اگزام  پاس کرنے والوں کو جامعہ کا جہادی بتایا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ کے پی آراو احمد عظیم  نے کہا، ‘ہم نے وزارت تعلیم  کو خط لکھ کر انہیں اس پورے معاملے کی جانکاری دی اور انہیں بتایا کہ سدرشن چینل نے نہ صرف جامعہ اور ایک خاص کمیونٹی کی امیج خراب  کرنے کی کوشش کی بلکہ یو پی ایس سی کی امیج بھی خراب کرنے کی  کوشش کی ہے۔’

جامعہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی اس معاملے پر عدالت کا رخ نہیں کرےگی۔

انہوں نے کہا، ‘چوہان کے نے جہادی کی نئی سیکولر تعریف پیش کی  ہے۔ ہم انہیں بہت زیادہ  اہمیت نہیں دینا چاہتے۔ جہاں تک ہمارے طلبا کاتعلق  ہے، آرسی اے کے 30 طالبعلموں  کا اس بار سلیکشن ہوا تھا، جس میں سے 16 مسلم ہیں اور 14 ہندو ہیں۔ چونکہ اب انہوں نے سب کو جہادی کہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ 16 مسلم اور 14 ہندو جہادی ہیں۔ ہندوستان  کو جہادیوں کی ایک نئی سیکولر تعریف دی گئی ہے۔’

وہیں، جامعہ ٹیچرایسوسی ایشن نے سریش چوہان کے کی ہندوستان اور جامعہ مخالف  تبصرے کے خلاف انتظامیہ  کی جانب سے مجرمانہ ہتک عزت  کا مقدمہ دائر کیے جانے کی مانگ کی ہے۔جامعہ ٹیچر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے، ‘سدرشن چینل کے مدیر کے ذریعے توہین آمیز لفظوں  کا استعمال کیا گیا، جو کھلے طور پر اکساتا ہے اور ساتھی شہریوں  کے خلاف زہر اگلتا ہے اور لوگوں کو بانٹنے کی کوشش کرتا ہے۔’

ان الزامات  پر ردعمل  دیتے ہوئے چوہان کے نے کہا کہ وہ وہی کہیں گے، جو ان کے جمعہ  رات کو نشر ہونے والے شو میں انہیں کہنا ہے۔وہ کہتے ہیں، ‘مجھے نہیں پتہ کہ آرسی اے میں ہندو ہیں یا نہیں۔ جہادی لفظ  کی مخالفت کرنے والوں کو پہلے بتانا چاہیے کہ کیا انہیں یہ توہین آمیز لگتا ہے۔ میں اپنے رخ پر قائم ہوں اور پوچھنا چاہتا ہوں کہ نوکر شاہی میں ان کی(مسلم) تعداد کیسے بڑھ رہی ہے؟’

انہوں نے آگے کہا، ‘یہ اس لیے کیونکہ انہیں پچھلے دروازے سے حمایت  دی جا رہی ہے، ان کے پاس اسلامک اسٹڈیز، اردووغیرہ  چننے کااختیار ہے۔ اگر میرا شو غیر آئینی  پایا جاتا ہے اور یہ براڈکاسٹنگ کے معیار پر کھرا اترتا نہیں پایا جاتا تو میرے خلاف کارروائی کی جائے۔’

بتا دیں کہ اس سے پہلے آئی پی ایس ایسوسی ایشن نے بھی اس کی مذمت کرتے ہوئے اس کو فرقہ وارانہ اور غیرذمہ دارانہ  بتایا تھا۔

تنظیم  نے ٹوئٹ کر کہا تھا کہ سدرشن ٹی وی پر ایک نیوز اسٹوری میں مذہب کی بنیاد پر سول سروس کے لوگوں  کو ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے۔ ہم اس طرح کے فرقہ وارانہ اور غیرذمہ دارانہ صحافت کی مذمت کرتے ہیں۔چوہان کے نے آئی پی ایس ایسوسی ایشن کے بیان کو افسوس ناک بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مدعے کو جانے بغیر اس طرح کا تبصرہ  کر رہے ہیں۔اگر ایسوسی ایشن  چاہتا ہے تو ان کے شو میں آکر اپنی بات رکھ سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ  نیوش چینل سدرشن نیوز نے جمعہ28 اگست کو نشر ہونے والے اپنے ایک شو کا ٹریلر جاری کیا ہے۔اس میں چینل کے ایڈیٹران چیف سریش چوہان کے ‘نوکر شاہی میں مسلمانوں کی گھس پیٹھ کی سازش  کا بڑاانکشاف ’ کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔

ٹریلر سامنے آنے کے بعد سے ہی اس کو  لے کر اعتراضات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اورشو کا لہجہ فرقہ وارنہ  ہونے کی وجہ سے اس پرفوراً کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔دریں اثنا  ایک آزادانہ تھنک ٹینک انڈین پولیس فاؤنڈیشن نے بھی ٹریلر کے ٹون کے خلاف ٹوئٹ کیا ہے اور اسے ‘نفرت پھیلانے’اور ‘شدت پسندی کی مثال’بتایا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘آئی اے ایس/آئی پی ایس میں شامل ہونے والے اقلیتی افراد کے خلاف نوئیڈا کے ٹی وی چینل پر چلائی جا رہی ہیٹ اسٹوری خطرناک ہے۔ ہم اسے ری ٹوئٹ نہیں کر رہے ہیں کیونکہ یہ مکمل طور پر زہرہے۔ ہمیں امید ہے کہ نیوز براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈ اتھارٹی، یوپی پولیس اور متعلقہ سرکاری اتھارٹی سخت کارروائی کرےگی۔’

اس کے علاوہ  کئی آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسروں  نے سدرشن نیوز کے اس ٹریلر پر سخت اعتراض کیا ہے اور اسے فرقہ وارانہ  بتایا ہے۔تحسین پوناوالا نے دہلی پولیس اور نیشنل براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن کے صدررجت شرما کے پاس شکایت دائر کرکے اس پر کارروائی کی مانگ کی ہے۔ پوناوالا نے ٹوئٹ کر کےاس کی جانکاری دی ہے۔

اس کے جواب میں چوہان کے نے کہا کہ اس طرح کی سازش کے پیچھے ‘دہشت گرد گروپ  کے مکھیا ذاکر نایک’ شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سدرشن ٹی وی اور سریش چوہان کے اس طرح کے پروگرام کی وجہ سے تنقید کے گھیرے میں ہیں۔جون 2018 میں دہلی اقلیتی کمیشن (ڈی ایم سی)نے سدرشن نیوز کو ایک نوٹس جاری کر کےاس رپورٹ پر معافی مانگنے کو کہا تھا جس میں انہوں نے دہلی کے بوانا علاقے کے کچھ مقامی  لوگوں کو مبینہ طور پر ‘روہنگیا’ اور ‘بنگلہ دیشی ‘ بتایا  تھا۔

کمیشن  نے چینل سے کہا تھا کہ اس کا ثبوت پیش کریں، ورنہ بنا شرط تحریری معافی مانگیں۔اس کے علاوہ سال 2018 میں چوہان کے نے ایک ٹوئٹ کرکے اس سال دسمبر میں بلندشہر میں ہوئے  تشدد کو تبلیغی جماعت کےاجتماع سے جڑا ہوا بتایا تھا۔ بلندشہر میں تین دسمبر 2018 کو مبینہ  گئوکشی کو لےکرہوئےتشدد میں انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔

بعد میں بلندشہر پولس نے ٹوئٹ کرکے وضاحت دی تھی کہ یہ تشدد جماعت کے لوگوں کی اجتماع  کی وجہ سے نہیں ہوا تھا۔بتا دیں کہ ہندوستان  میں مختلف  سول سروسز کے امتحانات کی ذمہ داری یوی پی ایس سی کی ہے، جو قومی  سطح پر ایک لمبے  پروسس میں انہیں کرواتا ہے۔

آئی اے ایس،آئی پی ایس اورآئی ایف ایس میں جانے کے خواہش مند امیدوار ان میں حصہ لیتے ہیں۔حالانکہ ان امتحانات میں عمر،تعلیمی اہلیت امتحان دینے کی کوششوں  کے بارے میں کئی ضابطےہیں، لیکن کسی بھی مذہب  کے ہندوستانی  اس میں حصہ  لے سکتے ہیں۔