خبریں

بنگال: نابالغ آدی واسی بہنوں سے گینگ ریپ، ایک نے خودکشی کی، دوسری کی حالت نازک

واقعہ مغربی  بنگال کے جلپائی گڑی ضلع کا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمین پرریپ  اور خودکشی کے لیے اکسانے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

(فوٹوبہ شکریہ: Indiarailinfo.com)

(فوٹوبہ شکریہ: Indiarailinfo.com)

نئی دہلی:مغربی بنگال کے جلپائی گڑی ضلع میں دو نابالغ آدی واسی بہنوں کے ساتھ مبینہ طور پرگینگ ریپ کیا گیا، جس کے بعد ایک بہن نے خودکشی کر لی، جبکہ دوسری لڑکی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ جانکاری دی۔اہل خانہ  نے بتایا کہ 16 اور 14 سال کی دو بہنیں چار ستمبر کو کچھ مقامی جونوانوں کے ساتھ باہر نکلی تھیں۔

ان کے بھائی نے بتایا، ‘ہم نے سوچا کہ وہ ہمیشہ کی طرح باہر گئی ہوں گی، لیکن پھر وہ دو دنوں تک لاپتہ رہیں اور چھہ ستمبر کو واپس آ گئیں۔’ان کی طبیعت خراب ہونے پر گھروالے انہیں ایک مقامی اسپتال لے گئے، جہاں سے انہیں نارتھ بنگال میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل بھیج دیا گیا۔

بھائی نے کہا، ‘اسپتال میں میری بہنوں نے ہمیں بتایا کہ ان کے ساتھ پانچ لوگوں نے  ریپ کیا تھا اور وہ وہاں سے بھاگ کر گھر پہنچیں۔ تب ہمیں پتہ چلا کہ گھر واپس آنے کے بعد انہوں نے زہر کھا لیا تھا، جس سے ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔’حکام نے کہا کہ بڑی بہن کی سوموار (سات ستمبر) کی رات کو موت ہو گئی، جبکہ چھوٹی کی حالت نازک ہے۔

پولیس نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے کہا کہ ملزمین پر ریپ اور خودکشی کے لیے اکسانے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق تینوں ملزمین کو منگل کو جلپائی گڑی عدالت میں پیش کیا گیا اور سات دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔

منگل صبح جیسے ہی 16سالہ متاثرہ کی لاش گاؤں پہنچی مقامی لوگوں نے پولیس پر سوال اٹھاتے ہوئے مظاہرہ  شروع کر دیا۔حکام کے مطابق، پچھلے مہینے 16 سالہ ایک اور لڑکی کا اسی علاقے میں گینگ ریپ کیا گیا تھا اور اس کی لاش  بعد میں گھر کے سیپٹک ٹینک میں ملی  تھی۔

مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ پولیس اب تک اس معاملے کے کلیدی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ضلع پولیس حکام  نے ان ملزمین پرتبصرہ  کرنے سے انکار کر دیا۔مقامی ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے کھگیشور رے نے چائے کے باغان میں کام کرنے والی لڑکیوں کے والد سے ملاقات کی اور کہا کہ انہوں نے انتظامیہ  سے سخت کارروائی کرنے کو کہا ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)