خبریں

ضمانت عرضی میں ریا نے کہا، این سی بی نے اقبال جرم کے لیے مجبور کیا

سیشن  عدالت میں دائر ضمانت عرضی میں ریا نے کہا ہے کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور انہیں اس معاملے میں پھنسایا جا رہا ہے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ ریا سے این سی بی پوچھ تاچھ کے دوران وہاں کوئی خاتون افسرموجود نہیں تھی۔

ریا چکرورتی۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

ریا چکرورتی۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جڑے ڈرگس معاملے میں گرفتار ریا چکرورتی نے ممبئی کی عدالت میں دائر اپنی ضمانت عرضی میں الزام لگایا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی)کے ذریعے پوچھ تاچھ کے دوران انہیں‘اقبال جرم’کے لیے مجبور کیا گیا۔

بدھ کو سیشن عدالت میں دائر عرضی میں ریا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے کوئی جرم  نہیں کیا ہے اور انہیں اس معاملے میں پھنسایا جا رہا ہے۔ریا کی ضمانت عرضی پر جمعرات کوشنوائی ہوئی تھی، عدالت جمعہ  کو فیصلہ دے سکتی ہے۔این سی بی نے تین دن تک پوچھ تاچھ کرنے کے بعد ریا کو منگل کو گرفتار کیا تھا۔ مجسٹریٹ عدالت ان کی ضمانت عرضی پہلے ہی خارج کر چکی ہے۔

ریا کی جانب  سے وکیل ستیش مانشندے نے جو ضمانت عرضی دی ہے، اس میں کہا گیا ہے، ‘حراست (این سی بی کی)کے دوران عرضی گزار(ریا)کواقبال جرم  والے بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔ اداکارہ  ایسے تمام اقبال جرم کو رسمی طور پر واپس لیتی ہیں۔’عرضی میں ریا نے یہ بھی کہا کہ ان کی گرفتاری‘غیرضروری ہے اور بناوجہ کی گئی ہے۔ اداکارہ   کی آزادی پر من مانے ڈھنگ سے روک لگائی گئی۔’

عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ ریا سے پوچھ تاچھ کے دوران وہاں کوئی خاتون افسرموجود نہیں تھی۔ریا کو این سی بی کے ذریعے تین دنوں تک پوچھ تاچھ کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ فی الحال عدالتی  حراست میں ہیں اور انہیں جیل میں رکھا گیا ہے۔این سی بی اداکارسشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ میں سامنے آئے ڈرگس خریداری معاملے میں ریا کے چھوٹے بھائی شووک چکرورتی، سشانت کے ہاؤس منیجر سیموئل مرانڈا اور پرسنل اسٹاف ممبر دیپیش ساونت کو بھی گرفتار کر چکا ہے۔

این سی بی نے اس سے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ریا نے اپنے بیانات میں ڈرگس لانے اور مالی لین دین میں اپنی شمولیت کو قبول کیاہے، ساتھ ہی دیگرملزمین شووک، سیموئل اور دیپیش کو ہدایت  دینے کی بات بھی کہی ہے۔ایجنسی نے کہا، ‘اس لیے ان کے بیانات سے یہ صاف ہے کہ وہ ڈرگ سپی سے جڑے سنڈکیٹ کی فعال ممبر ہیں۔’

ایجنسی نے یہ بھی کہا تھا کہ اداکارہ نے بتایا کہ وہ سشانت کے لیے ڈرگس لاتی تھیں، ساتھ ہی سشانت کے ساتھ ڈرگس لانے کے لیے مالی انتظام کرتی تھیں۔این سی بی ای ڈی کے ذریعےریا کے دو موبائل فون سے ملی جانکاری کی رپورٹ کی بنیاد پر اداکار کی موت کے معاملے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ڈرگس خریداری  کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ14جون کو باندرہ واقع اپنی رہائش پر مردہ پائے گئے تھے۔ اس معاملے میں تین سینٹرل ایجنسیاں این سی بی، ای ڈی اور سی بی آئی مختلف نظریے سے جانچ کر رہی ہیں۔

ریا، شووک کی ضمانت عرضیوں پر جمعہ  کو فیصلہ سنا سکتی ہے عدالت

ریا کے علاوہ ان کے بھائی شووک اور معاملے میں دیگر ملزم جنہیں این سی بی نے پچھلے ہفتے گرفتار کیا تھا، ان کی ضمانت عرضی پر بھی جمعہ  کوشنوائی ہوگی۔یہاں کی ایک خصوصی عدالت سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے سلسلے میں ڈرگس کے ایک معاملے میں گرفتار ریا چکرورتی اور ان کے بھائی شووک چکرورتی کی ضمانت عرضیوں پرجمعہ  کو فیصلہ سنا سکتی ہے۔

خصوصی جج جی بی گراو نے جمعرات کو چکرورتی بھائی بہن کے وکیل اور معاملے میں خصوصی سرکاری وکیل کی دلیلوں کو سنا۔معاملے میں چار دیگرملزمین کی ضمانت عرضیوں کی بھی جج نے شنوائی کی۔ اس کے بعد عدالت نے معاملے کی شنوائی کو جمعہ تک کے لیے ملتو ی کر دیا۔

تمام ضمانت عرضیوں پر جمعہ کوفیصلہ آنے کی امید ہے۔

 (خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)