خبریں

اشتہار کے ذریعے پانچ سالوں میں سوشل میڈیا پر صرف ایک بیداری مہم چلائی گئی: سرکار

وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکرنے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ بیورو آف آؤٹ ریچ اینڈ کمیونی کیشن(بی اوسی)سوشل میڈیاپلیٹ فارمزسمیت مختلف  میڈیا پلیٹ فارمزکے ذریعےبیداری مہم چلاتی ہے۔ پانچ سال میں صرف ایک مہم چلائی ، جس پر 21.66 لاکھ روپے خرچ ہوا۔

(علامتی تصویر، فوٹو: ٹیوٹر/@BOC_MIB)

(علامتی تصویر، فوٹو: ٹیوٹر/@BOC_MIB)

نئی دہلی:مرکزی حکومت  نے پچھلے پانچ سالوں میں سوشل میڈیا پر اشتہار کے ذریعے صرف ایک ہی بیداری مہم چلائی  ہے اور اس پر کل 21.66 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاویڈکر نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ بیورو آف آؤٹ ریچ اینڈ کمیونی کیشن(بی اوسی)سوشل میڈیا پلیٹ فارمزسمیت مختلف  میڈیا پلیٹ فارمزکے ذریعے سرکار کے منصوبوں اور پروگرام  کے بارے میں اشتہار  کے لیے بیداری مہم چلاتی ہے۔

انہوں نے بتایا،‘بی اوسی نے سال2015-16 سے 2019-20 تک گزشتہ پانچ سالوں کے دوران جون، 2015 میں سوشل میڈیا پر صرف ایک مہم  چلائی ، جس میں 21.66 لاکھ روپے خرچ  کیا گیا۔’بی اوسی کے ذریعے چلائے جانے والی بیداری مہم کو متعلقہ وزارت کے ذریعےضروریات اور بجٹ کو دھیان میں رکھ کر آخری شکل دی جاتی ہے۔

راجیہ سبھا میں اس سلسلے میں کانگریس رہنما ملیکاارجن کھڑگے کی جانب سے سوال پوچھا گیا تھا۔انہوں نے جانکاری مانگی تھی کہ کیا سرکار سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے مختلف منصوبوں اور پروگرام کے لیے اشتہار دے رہی ہے؟ پچھلے پانچ سال میں سوشل میڈیا پر سرکار نے اشتہاروں پر کل کتناخرچ کیا ہے؟

سرکار کی جانب  سے پچھلے تین سالوں میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں بی اوسی کی جانب سےمہم کے اخراجات کی تفصیلات بھی دی گئی ہے۔اس کے مطابق، پرنٹ میڈیا کی مہم پر سال 2017-18 میں 422.22 کروڑ روپے، سال 2018-19 میں 301.03 کروڑ روپے اور سال 2019-20 میں 129.18 کروڑ روپے خرچ کیےگئے۔

اسی طرح سے الکٹرانک میڈیا کی مہم  پر سال 2017-18 میں 109.87 کروڑ روپے، سال 2018-19 میں123.11 کروڑ روپے اور سال 2019-20 میں 25.68 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

 (خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)