خبریں

ہماچل پردیش:  لاحول کے گاؤں میں ایک شخص کو چھوڑ کر سب کورونا کی زد میں

ہماچل پردیش کی لاحول گھاٹی واقع تھورانگ گاؤں میں صرف 42 لوگ رہتے ہیں۔ ان میں سے 41 لوگ متاثر پائے گئے ہیں۔ لاحول سپیتی گھاٹی ریاست میں آبادی  کے تناسب کی بنیاد پر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ضلع بن گیا ہے۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: ہماچل پردیش کی لاحول گھاٹی کےتھورانگ گاؤں میں ایک شخص کو چھوڑکر پورا گاؤں کوروناسے متاثرپایا گیا ہے۔ لاحول سپیتی گھاٹی ہماچل پردیش میں آبادی  کے تناسب کی بنیاد پر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ضلع  بن گیا ہے۔

ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، پورے گاؤں میں صرف 52 سال کے بھوشن ٹھاکر ایسے شخص ہیں، جو کورونا سے متاثر نہیں ہیں۔لاحول میں کورونا کے معاملے بڑھنے پرانتظامیہ کو سیاحوں کو روہتانگ سرنگ کے پاس تیلنگ نالے تک روکنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

سیاحوں کو جمعرات کو لاحول گاؤں نہیں جانے دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سرنگ کے آگے کے کئی گاؤں کو کنٹنمنٹ زون میں بدل دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق، منالی لیہ ہائی وے پر واقع تھورانگ گاؤں میں صرف 42 لوگ رہتے ہیں۔ کئی لوگ ٹھنڈ کی شروعات میں ہی کلو چلے گئے تھے۔اس کے بعد تھورانگ گاؤں کے لوگوں نے اپنی مرضی سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔ ان 42 لوگوں میں سے 41 لوگوں کو رونا مثبت پائے گئے۔

کورونا سے متاثر نہیں پائے گئے بھوشن ٹھاکر نے بتایا،‘میں ایک الگ کمرے میں رہ رہا ہوں اور گزشتہ چار دن سے خود ہی اپنا کھانا پکا رہا ہوں۔ جب تک ٹیسٹ کے نتیجہ نہیں آئے تھے، تب تک میں اپنی فیملی  کے ساتھ تھا۔ میں نے ہمیشہ تمام ضابطوں پر عمل کیا، جس میں ہاتھ سینٹائز کرنے سے لےکر فیس ماسک پہننا اور سماجی دوری پر عمل کرنا شامل ہے۔ لوگوں کو اس وبا کو ہلکے میں نہیں لینا چاہیے۔ سردی آنے پر لوگوں کو اور احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔’

ذرائع کے مطابق، کچھ دن پہلے کسی مذہبی تقریب کے لیے تمام گاؤں والے جمع ہوئے تھے۔ اسے ہی لوگوں کے کورونا متاثر ہونے کی وجہ  مانی جا رہی ہے۔ گاؤں کے آس پاس کے لوگ بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔

وہیں، لاحول سپیتی کے چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر پلجور کا کہنا ہے، ‘ان کی ٹیم لگاتار لوگوں سے آگے آکر خود ٹیسٹ کرانے کی اپیل کر رہی ہے۔ابھی تک ضلع میں 856 لوگ کو رونا پازیٹو مل چکے ہیں۔ سپیتی کے گاؤں میں بڑی تعداد میں کورونا انفیکشن باعث تشویش ہے۔سپیتی میں28 اکتوبر کو رنگرک گاؤں کے 39 لوگ کورونامتاثر پائے گئے۔ سپیتی کے ہرلنگ گاؤں میں 19 لوگ بھی کورونامثبت پائے گئے تھے۔’

بتا دیں کہ ہماچل پردیش میں اب تک 488 لوگوں کی کورونا سے موت ہو چکی ہے جبکہ انفیکشن کی کل تعداد بڑھ کر 32197 ہو گئی ہے۔