خبریں

سینئر کانگریسی رہنما احمد پٹیل کا انتقال

تقریباً ایک مہینے پہلے کانگریس رہنما اور راجیہ سبھا ایم پی  احمد پٹیل کورونا وائرس کی زد میں آئے تھے۔ علاج کے دوران ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا۔ کانگریس صدرسونیا گاندھی کے قابل اعتمادساتھیوں میں سے ایک پٹیل ان کے سیاسی  صلاح کار بھی تھے۔

احمد پٹیل۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

احمد پٹیل۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کانگریس کے سینئررہنما اور راجیہ سبھا ایم پی احمد پٹیل کا بدھ کو علی الصبح انتقال ہو گیا۔ وہ 71 سال کے تھے اور کچھ ہفتے پہلے کورونا وائرس کی زد میں آئے تھے۔پٹیل کے بیٹے فیصل پٹیل اور بیٹی ممتاز صدیقی نے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ ان کےوالد نے بدھ کو علی الصبح تقریباً3:30 بجے آخری سانس لی۔

انہوں نے کہا، ‘دکھ کے ساتھ اپنے والداحمد پٹیل کی افسوس ناک  اور بے وقت موت  کے بارے میں بتا رہا ہوں۔ 25 تاریخ کو صبح قریب 3.30 بجے ان کاانتقال ہو گیا۔’

فیصل اور ممتاز نے بتایا کہ لگ بھگ ایک مہینے پہلے ان کے والد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ علاج کے دوران ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا۔پٹیل کو گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔

کانگریس صدرسونیا گاندھی کے قابل اعتماد ساتھیوں  میں سے ایک پٹیل ان کے سیاسی  صلاح کار تھے۔ پٹیل پارٹی کو مشکلات سے نکالنے والے کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔

احمد پٹیل تین بار 1977 سے 1989 تک لوک سبھا ایم پی  رہے تھے اور 1993 سے گجرات کی نمائندگی کرتے ہوئے راجیہ سبھا ایم پی  تھے۔ یو پی اے سرکار کے وقت وہ کانگریس پارٹی کےاہم مذاکراہ کاروں  میں سے ایک تھے۔

پٹیل ایک ایسے بھروسےمندساتھی تھے جن کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا: سونیا

کانگریس صدرسونیا گاندھی نے پارٹی کے سینئررہنما احمد پٹیل کے انتقال  پرافسوس کا اظہار  کرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ پٹیل ایک ایسے کامریڈ، بے لوث ساتھی  اور دوست تھے جن کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔سونیا نے یہ بھی کہا کہ پٹیل کی پوری زندگی  کانگریس کو وقف تھی۔

انہوں نے ایک تعزیتی پیغام  میں کہا، ‘مسٹر احمد پٹیل کے جانے سے میں نے ایک ایسا ساتھی کھو دیا ہے، جن کی  پوری  زندگی  کانگریس پارٹی کو وقف تھی۔ ان کابے لوث رویہ، اپنے فرض  کے لیے  ان کی وابستگی، مدد کے لیے ہمیشہ موجود رہنا اور ان کی شائستگی کچھ ایسی خوبیاں تھیں، جو انہیں دوسروں سے الگ بناتی تھیں۔’

کانگریس صدرنے کہا، ‘میں نے ایسا کامریڈ،بے لوث ساتھی اور دوست کھو دیا جن کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ میں ان کے انتقال پر سوگوار ہوں اور پسماندگان  کے لیے  دلی تعزیت  کا اظہارکرتی ہوں۔’وزیر اعظم  نریندر مودی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، جنرل سکریٹری  پرینکا گاندھی ، ترجمان رندیپ سرجےوالا اور کئی دیگردہنماؤں نے پٹیل کے انتقال  پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم  نریندر مودی نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘احمد پٹیل جی کے انتقال  سے دکھی ہوں۔ انہوں نے عوامی زندگی  میں کئی سال بتائے اور سماج کی خدمت  کی۔ وہ اپنے تیز دماغ کے لیے جانے جاتے تھے۔ کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے میں ان کا رول  ہمیشہ یاد کیا جائےگا۔ ان کے بیٹے فیصل سے بات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ احمد بھائی کی روح  کو سکون  ملے۔’

کانگریس رہنما راہل گاندھی انہیں پارٹی کا ستون  بتایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘یہ ایک افسوس ناک  دن ہے۔ مسٹراحمد پٹیل کانگریس پارٹی کے ستون  تھے۔ وہ کانگریس کے لیے جیے اور سب سے خراب وقتوں  میں بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ ایک بیش قیمتی اثاثہ تھے۔’

انہوں نے کہا، ‘ہم انہیں یاد کریں گے۔ فیصل، ممتاز اور ان کی فیملی  کے لیے میرا پیار اورتعزیت۔’

 (خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)