خبریں

کسانوں کی حمایت  میں پدم شری اور ارجن ایوارڈ سے سرفراز کھلاڑیوں نے اعزاز لوٹانے کی بات کہی

جن کھلاڑیوں نے یہ اعلان  کیا ہے، ان میں پدم شری اور ارجن ایوارڈ یافتہ  پہلوان کرتار سنگھ، ارجن ایوارڈ سے سرفراز کھلاڑی سجن سنگھ چیمہ اور ارجن ایوارڈ سے ہی سرفراز ہاکی کھلاڑی راج بیر کور شامل ہیں۔

کسانوں کامظاہرہ(فوٹو: پی ٹی آئی)

کسانوں کامظاہرہ(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پدم شری اور ارجن ایوارڈ سے سرفراز سمیت کئی سابق  کھلاڑیوں نے زرعی  قوانین کے خلاف مظاہرہ  کر رہے کسانوں کی حمایت  کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کوچ کے دوران مظاہرین  کے خلاف ‘طاقت’کے استعمال کے خلاف  وہ  اپناایوارڈلوٹائیں  گے۔

ان کھلاڑیوں میں پدم شری اور ارجن ایوارڈ یافتہ  پہلوان کرتار سنگھ، ارجن ایوارڈ سے سرفراز کھلاڑی سجن سنگھ چیمہ اور ارجن ایوارڈ سے ہی سرفراز ہاکی کھلاڑی راج بیر کور شامل ہیں۔ان کھلاڑیوں نے کہا کہ پانچ دسمبر کو وہ دہلی جا ئیں  گے اور راشٹرپتی بھون کے باہر اپنے ایوارڈ رکھیں گے۔

انہوں نے دہلی کوچ کر رہے کسانوں کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت  اور ہریانہ سرکار کے ذریعے پانی کی بوچھار اور آنسو گیس کے گولے چھوڑنے کی مذمت کی۔

جالندھر پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اولمپک ہاکی کھلاڑی چیمہ نے منگل کو کہا، ‘ہم کسانوں کے بچہ ہیں اور وہ پچھلے کئی مہینوں سے پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں۔ تشددکا ایک بھی وقعہ  اس دوران رونما نہیں ہوا۔’

انہوں نے کہا، ‘لیکن جب وہ  دہلی جا رہے تھے تو ان کے خلاف آنسو گیس کے گولوں کا استعمال ہوا اور پانی کی بوچھاریں چھوڑی گئیں۔ اگر ہمارے بڑوں اور بھائیوں کی پگڑی اچھالی گئی تو ہم اپنے ایوارڈ اور اعزاز کا کیا کریں گے؟ ہم اپنے کسانوں کی حمایت  کرتے ہیں۔ ہمیں ایسے ایوارڈ نہیں چاہیے، اس لیے انہیں لوٹا رہے ہیں۔’

سنگھ نے کہا کہ کئی سابق  کھلاڑی پانچ دسمبر کو دلی جا ئیں  گے اور اپنے ایوارڈ لوٹائیں گے۔پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل کے عہدے سے سبکدوش ہوئے سنگھ نے کہا، ‘اگر کسان ایسے قانون نہیں چاہتے ہیں تو مرکزی حکومت  ان پر یہ کیوں لاد رہی ہے۔’

انہوں نے کہا کہ پانچ دسمبر کو سابق  کھلاڑی دہلی کی سرحد پر ہو رہے کسانوں کے مظاہرے میں بھی شامل ہوں گے۔چیمہ نے کہا کہ کور اور ارجن ایوارڈ (شاٹ فٹ)فاتح بلویندر سنگھ سمیت کئی کھلاڑی ان کی حمایت کر رہے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ارجن ایوارڈ اور اولمپک میں گولڈ میڈل سے سرفراز ہاکی کھلاڑی گل میل سنگھ اور ہندوستانی ہاکی ٹیم کی سابق کپتان راج بیر کور، جنہیں گولڈن گرل بھی کہا جاتا ہے، بھی چیمہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تقریباً 150 کھلاڑی اپنے تمام  پدم شری اور ارجن ایوارڈ لوٹائیں گے۔

معلوم ہو کہ مرکزی حکومت کی جانب  سے زراعت سے متعلق تین بل– کسان پیداوارٹرید اور کامرس(فروغ اور سہولت)بل، 2020، کسان (امپاورمنٹ  اورتحفظ) پرائس انشورنس کنٹریکٹ اور زرعی خدمات بل، 2020 اور ضروری اشیا(ترمیم)بل، 2020 کو گزشتہ27 ستمبر کو صدر نے منظوری دے دی تھی، جس کے خلاف  کسان مظاہرہ  کر رہے ہیں۔

کسانوں کو اس بات کا خوف ہے کہ سرکار ان قوانین کے ذریعےایم ایس پی دلانے کے نظام کو ختم کر رہی ہے اور اگراس کو لاگو کیا جاتا ہے تو کسانوں کو تاجروں  کے رحم پر جینا پڑےگا۔

دوسری جانب مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی مودی سرکار نے باربار اس سے انکار کیا ہے۔ سرکار ان قوانین کو ‘تاریخی زرعی اصلاح’ کا نام دے رہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ زرعی پیداوار کی فروخت کے لیے ایک متبادل  نظام  بنا رہے ہیں۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)