خبریں

اتر پردیش: مبینہ طور پر سرکاری ہینڈ پمپ چھو نے پر دلت شخص سے مارپیٹ، معاملہ درج

اتر پردیش کے باندہ  ضلع کا واقعہ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ معاملہ پچھلے دو مہینوں سے چل رہا ہے۔ پولیس کئی بار معاملے کو سلجھا چکی ہے اور فی الحال معاملے کی جانچ جاری ہے۔

(فوٹوبہ شکریہ: نیول جاویری/فلکر)

(فوٹوبہ شکریہ: نیول جاویری/فلکر)

نئی دہلی:  اتر پردیش کے باندہ  ضلع میں سرکاری ہینڈ پمپ کو مبینہ طور پر چھونے کو لےکر ہوئے تنازعہ میں 45 سالہ  دلت شخص کی پٹائی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔یہ واقعہ بسنڈا تھانہ حلقہ کے تیندرا گاؤں کے شنکرپروا مجرے میں گزشتہ جمعہ کو ہوا۔

متاثررام چندر ریداس رام چندر کے مطابق،جمعہ کو صبح قریب آٹھ بجے جب وہ پینے کا پانی بھرنے گئے تو رام دیال یادو نام کے شخص کی فیملی  کے لوگ ہینڈ پمپ چھو لینے کا الزام  لگاکر جھگڑا کرنے لگے اور بعد میں لاٹھی سے مارکر زخمی کر دیا۔

بسنڈا تھانہ کے ایس ایچ او نریندر پرتاپ سنگھ نے بتایا،‘اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ متاثرہ شخص  کا الزام  ہے کہ جب وہ تیندرا گاؤں میں سرکاری ہینڈ پمپ سے پانی لانے گئے تھے تو ان پر لاٹھی سے حملہ کیا گیا۔’

اس کے بعد دونوں فریق کے بیچ مارپیٹ شروع ہو گئی۔سنگھ نے کہا کہ اس حملے میں ریداس زخمی ہو گئے اور انہیں پرائمری ہیلتھ سینٹر میں بھرتی کیا گیا۔ یہ تنازعہ پچھلے دو ماہ سے چل رہا ہے۔ پولیس کئی بار موقع پر پہنچ کر معاملے کو سلجھا چکی ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے، ‘ریداس کا الزام ہے کہ دو مہینے پہلے ملزمین نے انہیں یادووں کے علاقے میں لگائے گئے ہینڈ پمپ سے پانی لانے پر روک لگا دی تھی،لیکن اترا کے سب ڈویژنل آفیسر کی مداخلت کے بعد حل ہوگیا تھا۔’

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جاری ہے۔